Inquilab Logo Happiest Places to Work

ترنمول یا کنول کا پھول؟ آج فیصلہ، سخت سیکوریٹی

Updated: May 04, 2026, 9:29 AM IST | Kolkata

۵؍ ریاستوں کے نتائج ظاہر ہونگے مگر ہر خاص و عام کی نظر مغربی بنگال پر، ایک طرف بھرپور وسائل کی آزمائش تو دوسری طرف عوامی مقبولیت کا امتحان۔

A vote counting centre was set up at Kolkata`s Sakshabad School, where tight security can be seen. (Photo: PTI)
کولکاتا کے سخاوت اسکول میں ووٹوں کی گنتی کا مرکز قائم کیا گیا جہاں پر سخت سیکوریٹی دیکھی جاسکتی ہے۔(تصویر: پی ٹی آئی )

کولکاتا (آئی این این اور ایجنسی): آج مغربی بنگال، تمل ناڈو، آسام، کیرالہ اور پڈوچیری میں ووٹوں کی گنتی ہوگی اور نتائج کا اعلان کیا جائے گا  لیکن اس وقت پورے ملک کی نگاہیں صرف اور صرف مغربی بنگال پر ٹکی ہوئی ہیں جہاں  بی جے پی اور ترنمول دونوں کا وقار دائو پر ہے ۔ حالانکہ بنگال میں اگزٹ پولس میں بی جے پی کو سبقت دکھائی گئی ہے لیکن ان کا نتیجہ بھی گزشتہ تمام پولس کی طرح ہو سکتا ہے جس میں بی جے پی کو فتح دکھائی گئی لیکن اصل نتیجہ ترنمول کے حق میں آیا۔

اعصابی جنگ 

  پولنگ ختم ہونے کےباوجودمغربی بنگال میں اقتدار کی جنگ برسراقتدار ٹی ایم سی اور بی جے پی کے درمیان اعصاب کی جنگ میں  تبدیل ہو گئی ہے۔ دونوں پارٹیوں کے کارکنان اور لیڈران  ریاست بھر میں اسٹرانگ رومس کی سیکوریٹی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، جہاں امیدواروں کی انتخابی قسمت پر مہر لگائی جائے گی۔ ریاست میں  اب بھی شہ مات کا کھیل جاری ہے۔پورے ملک کی نگاہیں گرچہ تمام ریاستوں کے انتخابی نتائج پر ہوںگی لیکن سب سے زیادہ انتظار مغربی بنگال کےالیکشن نتائج کا ہے ،جہاں بی جے پی نے حکمراں ترنمول کانگریس کو اقتدار سے ہٹانے کیلئے پوری طاقت جھونک دی ہے ۔ مرکزی فوسیز سے لے کر مرکزی مبصرین اور مرکزی وزراء کی پوری فوج کو یہاں اتار دیا گیا تھا تاکہ ایک اکیلی ممتا بنرجی کو شکست دی جاسکے۔

 ماحول دن بھر گرم رہا  

اتوار کی صبح، گنتی کے مرکز سے۱۰۰؍ میٹر دور ٹی ایم سی کے کارکنوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے جھنڈے والی دو کاریں احاطے میں داخل ہوئیں اور اسٹرانگ روم کے قریب گئیں۔ٹی ایم سی کے ایک کارکن نے کہاکہ موقع پر موجودسی اے پی ایف اہلکار کسی بھی گاڑی یا شخص کو بغیر شناختی ثبوت کے گنتی مرکز کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ پھر یہ کارکیسے داخل ہوئی؟ ایک بار جب ہم نے احتجاج کیا تو مرکزی فورسیز نے ہمیں ۱۰۰؍میٹر دور جانے کی ہدایت دی ہے لیکن بی جے پی والوں کو کچھ نہیں کہا جارہا ہے ۔

الیکشن کمیشن کے انتظامات 

الیکشن کمیشن کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق تمام ریاستوں میں ابتدائی آدھے گھنٹے میں پوسٹل بیلٹ کی گنتی کی جائے گی۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) سے ہونے والی گنتی مکمل ہونے سے پہلے پوسٹل بیلٹ کی گنتی ہر صورت مکمل کر لی جائے گی۔ امید ہے کہ پیر کی  رات تک تمام ریاستوں کے انتخابی نتائج آ جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق پانچوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور تمام مراکز پر سخت سیکوریٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔  ایس آئی آر کو لے کر ملک گیر بحث کے درمیان ان ریاستوں میں ووٹرس نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مغربی بنگال اور تمل ناڈو میں آزادی کے بعد ووٹنگ کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں ۔ ایسے میں یہ دیکھنا ضروری ہو گا کہ تاریخ ساز ووٹنگ کے بعد کیا تاریخ ساز نتائج آتے ہیں۔  

دیگر ریاستوں میںبھی تیاریاں مکمل 

مغربی بنگال کے ساتھ جو دوسری اہم ریاست ہے وہ تمل ناڈو ہے جہاں کی ۲۳۴؍ سیٹوں پر ووٹوں کی گنتی کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔  ووٹوں کی گنتی کی تیاریوں کے درمیان گنتی مراکز پر تقریباً ۱۸؍ ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ یہاں گنتی کے مراکز ۶۲؍ ہیں جہاں سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی ہے۔ تمل ناڈو میں مقابلہ سہ رخی تھا لیکن ڈی ایم کے کو اکثریت ملتی ہوئی نظر آرہی ہے۔ اس کے علاوہ آسام میں بھی ووٹوں کی گنتی ساتھ ساتھ ہو گی۔ یہاں ہیمنت بسوا شرما کی سرکار کے خلاف حکومت مخالف لہر ہے لیکن اس کا کتنا اثر پڑتا ہے یہ نتائج سے ہی معلوم ہو گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK