شرح سود میں کمی کی وجہ سے دیہی علاقوں میں ٹووہیلر کی فروخت بڑھی۔ریاستی حکومتوں نے بسوں کی خریداری تیز کی۔
EPAPER
Updated: May 10, 2025, 11:23 AM IST | Agency | Mumbai
شرح سود میں کمی کی وجہ سے دیہی علاقوں میں ٹووہیلر کی فروخت بڑھی۔ریاستی حکومتوں نے بسوں کی خریداری تیز کی۔
شری رام موبیلیٹی بلیٹن کے تازہ شمارے میں کہا گیا ہے کہ بہت سے اہم راستوں پر ٹول کی شرحوں میں ۵؍ سے ۱۰؍فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس کے باوجود اپریل۲۰۲۵ء کے پورے ماہ میں ٹرکوں کے کرائے مستحکم رہے۔ مال بردار ٹریفک میں اضافے کے ساتھ موسم گرما کے پھلوں کی آمد کا ملک کے مال بردار شعبے پر مثبت اثر پڑا۔
ملک کے بڑے ٹرک روٹس پر ٹرکوں کی مال برداری مستحکم رہی۔ دہلی-چنئی-دہلی کوریڈور کے کرایوں میں ماہانہ کی بنیاد پر۲ء۵؍ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ دوسری طرف دہلی-بنگلور-دہلی روٹ پر ٹرکوں کے فریٹ چارجیز میں ۱ء۶؍ فیصد کی کمی دیکھی گئی۔ اگر ہم سال کی بنیاد پر دیکھیں تو ٹرکوں کے کرایوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ کولکاتا-گوہاٹی-کولکاتا روٹ پر۱۴فیصدکا اضافہ دیکھا گیا اور ممبئی-چنئی-ممبئی کوریڈور میں۸؍فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دو پہیہ گاڑیوں کی فروخت میں ماہانہ کی بنیاد پر۱۲؍ فیصد اضافہ ہوا، جو دیہی علاقوں کی مانگ اور کنیکٹیویٹی میں اضافہ کے باعث ہوا۔ مسافر بسوں کی بات کریں تو مارچ میں دیکھنے میں آنے والی تاریخی ترقی کا رجحان اپریل میں بھی جاری رہا۔ اس ماہ بسوں کی فروخت میں۴؍ فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ ای رکشا کی فروخت میں سالانہ ۷۷؍فیصد اضافہ ہواتاہم کمرشیل گاڑیوں کی فروخت میں کمی آئی کیونکہ حکومتی اخراجات توقع سے کم تھے۔ ٹریکٹر کی فروخت میں۱۳؍ فیصد کمی، تعمیراتی آلات کی فروخت میں ۹؍ فیصد کمی واقع ہوئی۔