Updated: December 26, 2025, 11:42 AM IST
|
Agency
| Melbourne
ناتھن لیون کی جگہ میزبان ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف میچ کیلئے کسی اسپن گیندباز کو شامل نہیں کیا۔الیکس کیری کی نگاہ گلکرسٹ کے ریکارڈ پرمرکوز۔
آسٹریلیاکے الیکس کیری شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ تصویر: آئی این این
آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف جمعہ سے شروع ہونے والے چوتھے ایشیز ٹیسٹ کیلئے تیز گیند بازوں پر بھروسہ ظاہر کیا ہے اور زخمی ناتھن لیون کی جگہ کسی اسپن گیندباز کو ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایڈیلیڈ میں تیسرے ٹیسٹ کے دوران لیون زخمی ہو گئے تھے جن کی جگہ آف اسپنر ٹاڈ مرفی کو طلب کیا گیا تھا۔ تاہم، ایم سی جی کی پچ پر گھاس کو دیکھتے ہوئے آسٹریلیا نے مرفی کو ٹیم سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انگلینڈ پہلے تینوں ٹیسٹ ہار چکا ہےجس کی بدولت آسٹریلیا نے محض ۱۱؍دنوں کے اندر ایشیز سیریز اپنے نام کر لی ہے۔ایم سی جی پر شین ورن اور ناتھن لیون کافی کامیاب رہے ہیں اور ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ اس میدان پر آسٹریلوی ٹیم میں کوئی اسپنر شامل نہ ہو۔ اس تعلق سےکپتان اسٹیو اسمتھ نے کہا’’آپ کو پچ کے حساب سے ٹیم منتخب کرنی ہوتی ہے اور اس پچ کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہاں تیز گیند بازوں کو کافی مدد ملے گی۔‘‘
ناتھن لیون اور مستقل کپتان پیٹ کمنز کی عدم موجودگی میں جوش انگلس، جھائی رچرڈسن، برینڈن ڈوگیٹ اور مائیکل نیسر تیز گیند بازی کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
الیکس کیری گلکرسٹ کا ریکارڈ توڑنے کے قریب
دریں اثناء آسٹریلیائی وکٹ کیپر بلے باز الیکس کیری ممکنہ طور پر ایڈم گلکرسٹ کا ۲۴؍ سال پرانا ٹیسٹ رنوں کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ایشز ٹیسٹ کرکٹ میں الیکس کیری کو ایک کیلنڈرسال میں سب سے زیادہ رن والے وکٹ کیپر بلے باز کا اعزاز اپنے نام کرنے کیلئے مزید ۱۲۸؍رن درکار ہیں۔ کیری نے اس سال ٹیسٹ کرکٹ میں بہت شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا ہے اور ۱۵؍ اننگز میں ۷۴۳؍رن اسکور کئے ہیں جن میں ۲؍ سنچریاں اور ۴؍ نصف سنچریاں شامل ہیں۔ جاری ایشز سیریز میں بھی کیری نے اپنی کارگردگی برقرار رکھی ہوئی ہے جہاں انہوں نے ۴؍ اننگز میں ۲۶۷؍ رن بنائے ہیں اور ان میں ایک سنچری اور ۲؍ نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس شاندار کارکردگی کی وجہ سے ان کو بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ گلکرسٹ نے ۲۰۰۱ء میں یہ ریکارڈ ۸۷۰؍ رن بنا کر قائم کیا تھا جس میں ۳؍ سنچریاں اور ۴؍ نصف سنچریاں شامل تھیں۔ اب ایشز ٹیسٹ سیریز کے چوتھے مقابلے سے پہلے کیری صرف ۱۲۸؍ رنوں کے فرق سے پیچھے ہیں اور اگر وہ یہ کارنامہ انجام دیتے ہیں تو وہ آسٹریلیا کے ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ رن بنانے والے وکٹ کیپر بلے باز بن جائیں گے۔ آسٹریلیا نے اس سیریز میں تین صفرکی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر رکھی ہے اور آخری دونوں ٹیسٹ میچ میلبورن اور سڈنی میں کھیلے جائیں گے۔