• Fri, 26 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیم انڈیا کی نگاہیں فتوحات کی ہیٹ ٹرک پر مرکوز

Updated: December 26, 2025, 11:38 AM IST | Agency | Thiruvananthapuram

ہندوستانی ٹیم میچ جیت کر سیریز پر قبضہ کرنے کی کوشش کرےگی جبکہ سری لنکا کو سیریز میں برقرار رہنے کیلئے میچ جیتنا ہی ہوگا۔

The Indian team will try to clinch the series by securing another win against Sri Lanka. Picture: PTI
ہندوستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف ایک اور کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کرےگی۔ تصویر: پی ٹی آئی
اعتماد سے پُر  ہندوستان کی خواتین ٹیم اپنے فارم کو برقرار رکھتے ہوئے، خراب کارکردگی سے پریشان سری لنکن ٹیم کے خلاف جمعہ کو تیسرا ٹی ۔۲۰؍ میچ  جیت کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ ۵؍ میچوں کی سیریز جیتنے کے ارادے سے  میدان میںاترے گی۔ واصح رہے کہ ہندوستانی ٹیم نے نے وشاکھاپٹنم میں کھیلے گئے سیریز کے ابتدائی۲؍ ٹی۔۲۰؍ میچوں میں بالترتیب۸؍ اور۷؍ وکٹوں سے جیت درج کی تھی۔ یہ گزشتہ ۱۱؍ ٹی ۔۲۰؍ میچوں میں ٹیم انڈیا کی نویں جیت تھی۔ یاد رہے کہ سری لنکا نے آخری بار ہندوستانی   خواتین کرکٹ ٹیم کو جولائی ۲۰۲۴ءمیں دامبولا میں شکست دی تھی۔
میزبان ٹیم کے پاس شاندار بلے بازی لائن اپ ہے اور گزشتہ دونوں میچوں میں الگ الگ کھلاڑیوں نے ٹیم کو فتح دلائی ہے۔ پہلے میچ میں جہاں جمائمہ روڈریگز فارم میں نظر آئیں، وہیں دوسرے میچ میں شیفالی ورما جیت کی معمار رہیں۔  ہندوستان کا گیندبازی اٹیک بھی اتنا ہی جاندار ہے۔  اسپن گیندبازوں نے پہلے میچ میں سری لنکا کو ۶؍ وکٹ پر ۱۲۱؍ اور دوسرے میں۹؍ وکٹوں پر ۱۲۸؍ رنوں پر روک دیا تھا۔ نوجوان این سری چرنی، ویشنوی شرما اور کرانتی گوڑ نے نظم و ضبط کے ساتھ مؤثر گیندبازی کی ہے۔
آل راؤنڈر دیپتی شرما بخار کی وجہ سے دوسرا ٹی ۔۲۰؍ نہیں کھیل سکی تھیں لیکن ان کی جگہ شامل کی گئیں اسنیہ رانا نے ۴؍ اوور میں صرف ۱۱؍ رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا تھا۔ تاہم ہندوستانی ٹیم کو اپنی فیلڈنگ پر کام کرنا ہوگا کیونکہ پہلے میچ میں ۵؍ کیچ چھوٹے تھے حالانکہ دوسرے میچ میں ٹیم نے ۳؍ رن آؤٹ کئے۔ہرمن پریت کور کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم یہاں اگلے ۳؍ میچوں میں اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانا چاہے گی۔
دوسری طرف سری لنکا کو امید ہے کہ مقام کی تبدیلی سے ان کی قسمت بھی بدلے گی اگرچہ دونوں ٹیموں کی کارکردگی میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ سری لنکا کو دونوں میچوں میں اس کے بلے بازوں نے مایوس کیا۔ پہلے میچ میں وشمی گنارتنے نے ۴۳؍گیندوں پر ۳۹؍ رن بنائے جبکہ حسینی پریرا اور ہرشیتھا سماراویکرما جارحانہ اننگز نہیں کھیل سکیں۔ دوسرے میچ میں چامری اٹاپٹو کے آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکا نے محض ۲۶؍ رنوں کے اندر ۶؍ وکٹیں گنوا دیں۔
سری لنکا کو سیریز میں برقرار رہنا ہے تو اسے ہندوستانی ٹیم کے خلاف متحد ہوکر آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ بلے بازوں کو اسکور بورڈ پر بڑا اسکور بنانا ہوگا تاکہ گیندباز اس کا دفاع کر سکیں۔حالانکہ گھریلو حالات اور ہندوستانی ٹیم کی بلے بازی لائن اپ کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ سری لنکا کا کوئی بھی ہدف ٹیم انڈیا کےلئے چھوٹا ثابت ہوسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK