• Tue, 27 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نوبیل انعام نہ ملنے پرٹرمپ کا ناروے کے تعلق سے انتہائی نازیبا تبصرہ

Updated: October 27, 2026, 1:44 PM IST | Agency | Washington

امریکی صدر نے ناروے کو’ شٹ ہاؤس کنٹری ‘ قراردیا اورکہا کہ اس ملک کے تارکین وطن کا امریکہ میں خیر مقدم نہیں کیا جائےگا، ناروے کا کوئی رد عمل نہیں۔

US President Donald Trump during a rally in Michigan. Photo: INN
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ مشی گن میں ریلی کے دوران۔ تصویر: آئی این این

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز ناروے کے خلاف  انتہائی بے ہودہ زبان کا استعمال کرتے ہوئے اسے’ شٹ ہاؤس کنٹری‘(بیت الخلا ملک)قرار دیا اور کہا کہ ناروے سے آنے والے تارکین وطن کا امریکہ میں خیرمقدم نہیں کیا جائے گا کیونکہ دارالحکومت اوسلو میں قائم نوبیل کمیٹی نے انہیں امن کا نوبیل انعام نہیں دیا ہے۔اگلے ہفتے ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل مشی گن کے شہر پورٹ ہیورون میں ایک سیاسی جلسہ ہوا جس کے دوران ٹرمپ نے یہ تبصرے کئے ۔ فرانس میں حالیہ بدامنی کو امیگریشن سے منسوب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا’’ میں باقی ممالک سے آنے والے تارکین وطن کا خیرمقدم کروں گا لیکن ناروے سے آنے والوں کا نہیںکیونکہ مجھے نوبیل انعام نہیں ملا اس لئے مجھے ناروے سے کوئی شخص نہیں چاہئے۔‘‘تاہم ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ناروے سے آنے والے تارکین  وطن کے حوالے سے کوئی نئی سرکاری پالیسی اپنا رہی ہے۔ٹرمپ نے کہا’’درحقیقت ناروے ایک گندا ملک بن گیا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: غزہ جنگ کے بعد اسرائیل میں آج پہلے تاریخی انتخابات، نیتن یاہو کی آزمائش

قبل ازیں یہی اصطلاح انہوں نے ہیٹی، لیبیا، صومالیہ اور یمن کے لیے بھی استعمال کی تھی۔ آئی ایم ایف کے اعداد و شمار کے مطابق فی کس جی ڈی پی کے لحاظ سے ناروے دنیا کے بلند ترین آمدنی والے ممالک میں شامل ہے۔ ناروے کے ساورن ویلتھ فنڈ نے۲۰۲۶ء کی پہلی ششماہی میں ۱ء۷۵؍ ٹریلین نارویجن کرونز (۱۸۴ء۳؍ ارب امریکی ڈالر) کا ریکارڈ منافع کمایا۔ناروے کی وزارتِ خارجہ اور نارویجن نوبیل کمیٹی کے نمائندے نے اس معاملے پر تبصرے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔نوبیل امن انعام نہ ملنے پر اس ماہ کے اوائل میں ٹرمپ نے اس بات کو ناروے کے دامن پر ایک ’اَن مٹ داغ ‘قرار دیا تھا۔ ناروے نے ’ شٹ ہاؤس  کنٹری ‘ تبصرہ پر کوئی جواب نہیںدیا ہےالبتہ کی نوبیل کمیٹی کی جانب سے انعام نہ دئیے جانے کے بعد ٹرمپ نے ’انمٹ داغ‘ والاجو تبصرہ کیاتھا اس پرناروے کے وزیراعظم جوناس گہر اسٹورے نے کہا تھا کہ نوبیل کمیٹی مکمل طورپر آزاد ہےاوراس میںحکومت نہ کوئی مداخلت ہےاورنہ دباؤ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK