نوبل امن انعام نہ ملنے پر امریکی صدر ٹرمپ تلملاگئے، اوبامہ کے ساتھ ساتھ نوبل امن انعام کمیٹی پر بھی تنقیدیں کیں۔
EPAPER
Updated: October 11, 2025, 3:53 PM IST | Agency | Washington
نوبل امن انعام نہ ملنے پر امریکی صدر ٹرمپ تلملاگئے، اوبامہ کے ساتھ ساتھ نوبل امن انعام کمیٹی پر بھی تنقیدیں کیں۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نوبل امن انعام نہ ملنے پر بری طرح کھسیاگئے ہیں بلکہ تلملابھی گئے ہیں۔ انہو ں انعام نہ دینے کے لئے نوبل امن انعام کمیٹی کے ساتھ ساتھ امریکہ کے سابق صدر باراک اوبامہ پر بھی شدید تنقیدیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ اوبامہ کو کچھ نہ کرنے کے باوجود نوبل امن انعام دیا گیا تھا لیکن میں نے تو ایک نہیں دو نہیں ۸؍ جنگیں رکوائیں لیکن مجھے اس کے قابل کیوں نہیں سمجھا گیا؟ صحافیوں سے گفتگو میں ڈونالڈ ٹرمپ نےاوبامہ پر مزید تنقید کی کہ وہ امریکہ کے اچھے صدر نہیں رہے۔ٹرمپ نے اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا کہ بارک اوبامہ کو ان کی صدارت کے صرف چند ماہ بعد ہی نوبل امن انعام دیا گیا تھا جبکہ انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا تھا۔ ٹرمپ کے مطابق اوبامہ کو جب انعام ملا وہ خود نہیں جانتے تھےکہ انہیں یہ کیوں دیا گیا لیکن وہ منتخب ہوگئے۔ اوبامہ کو بالکل کچھ نہ کرنے کے باوجود ملک کو تباہ کرنے کے لئے یہ انعام دیا گیا۔ واضح رہے کہ سابق امریکی صدر بارک اوبامہ کو۲۰۰۹ء میں اقتدار سنبھالنے کے ۸؍ ماہ بعد نوبل امن انعام دیا گیا تھا۔نوبل کمیٹی نے اس فیصلے کی وجہ بین الاقوامی سفارت کاری اور لوگوں کے درمیان تعاون کو مضبوط کرنے کی غیر معمولی کوششوں کو قرار دیا تھا۔ واضح رہے کہ ٹرمپ اس انعام کیلئے کافی عرصےسے لابنگ کررہے تھے لیکن انہیں نظر انداز کردیا گیا۔