ٹرمپ نے تجویز دی کہ اے بی سی اور این بی سی نیوز چینلوں کے لائسنس منسوخ ہونے چاہئیں کیونکہ وہ امریکی جمہوریت کیلئے ایک حقیقی خطرہ ہیں۔
EPAPER
Updated: August 25, 2025, 8:01 PM IST | Washington
ٹرمپ نے تجویز دی کہ اے بی سی اور این بی سی نیوز چینلوں کے لائسنس منسوخ ہونے چاہئیں کیونکہ وہ امریکی جمہوریت کیلئے ایک حقیقی خطرہ ہیں۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اتوار کو ملک کے بڑے ٹیلی ویژن نیٹ ورکس پر جانبدارانہ رپورٹنگ کرنے کا الزام لگایا اور اشارہ دیا کہ ان کے نشریاتی لائسنس منسوخ کئے جانے چاہئیں۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اے بی سی اور این بی سی، ان کی صدارت اور فیصلوں کے بارے میں بہت زیادہ منفی کوریج پیش کرتے ہیں۔
ٹرمپ نے لکھا: ”اگرچہ میری بہت زیادہ مقبولیت، اور کئی لوگوں کے مطابق، صدارتی تاریخ کے سب سے عظیم ۸ ماہ کے باوجود، اے بی سی اور این بی سی فیک نیوز، جو تاریخ کے دو بدترین اور سب سے زیادہ جانبدار نیٹ ورکس ہیں، میرے بارے میں ۹۷ فیصد منفی خبریں نشر کرتے ہیں۔“ انہوں نے زور دیا کہ یہ نیٹ ورکس ”ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک بازو“ کے طور پر کام کرتے ہیں۔ ٹرمپ نے تجویز دی کہ فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن (ایف سی سی) کو ان کے لائسنس منسوخ کر دینے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ”میں اس فیصلے کے مکمل حق میں رہوں گا کیونکہ وہ بہت زیادہ جانبدار اور جھوٹے ہیں اور ہماری جمہوریت کیلئے ایک حقیقی خطرہ ہیں!!!“
ایک دوسری پوسٹ میں، ٹرمپ نے ان نیٹ ورکس پر مبینہ طور پر اپنی ”لائسنس فیس“ کی ادائیگی نہ کرنے پر تنقید کی جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس کی کل رقم ”لاکھوں ڈالر“ ہونی چاہئے۔ انہوں نے زور دیا کہ اے بی سی اور این بی سی کو یا تو ریپبلکن اور قدامت پسندوں کی غیر منصفانہ کوریج کیلئے اپنے لائسنس کھو دینے چاہئیں یا کم از کم، ملک کی سب سے قیمتی نشریاتی لہروں کا استعمال کرنے کیلئے بہت بڑی ادائیگی کرنی چاہئے۔
یہ پہلی دفعہ نہیں ہے کہ ٹرمپ نے ملک کے مرکزی دھارے کے میڈیا اداروں کو نشانہ بنایا ہے اور ان کی انتظامیہ کے بارے میں تنقیدی رپورٹنگ کو ”فیک نیوز“ کا نام دیا ہے۔ اس سے قبل بھی ٹرمپ نے بارہا کہا ہے کہ یہ میڈیا ادارے، سیاسی طور پر ان کے اور ان کی پالیسیوں کے خلاف ہیں۔