Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ کی ایران کے پُل یا پاوراسٹیشن پر حملہ کی دھمکی

Updated: July 24, 2026, 11:23 AM IST | Washington/Tehran

امریکی صدر نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پرمیزائل، ڈرون یا کسی بھی دوسرے ذریعے سے کیے گئے کسی بھی حملے کا جواب ایران کے اندر ایک اہم تنصیب پر امریکی بمباری سے دیا جائے گا،ایرانی فوج کابھی امریکی حملہ کا جواب دینے کااعلان ۔

Iranian Parliament Speaker Qalibaf and US President Donald Trump. Photo: INN
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر قالیباف اور امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ ۔ تصویر: آئی این این

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے  ایک بار پھردھمکی دی ہےکہ امریکہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر کسی بھی ایرانی حملے کا فوجی جواب دے گا اور خبردار کیا کہ میزائل، ڈرون یا کسی بھی دوسرے ذریعے سے کیے گئے کسی بھی حملے کا جواب ایران کے اندر ایک اہم تنصیب پر امریکی بمباری سے دیا جائے گا۔ٹرمپ نے ’ٹروتھ سوشل‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں مزید کہا کہ واشنگٹن ایک پل یا ایک پاورا سٹیشن پر بمباری کر کے اسے تباہ کر دے گا۔ اگر ایران نے آبنائے میں کسی بھی جہاز پر فائرنگ کی تو ہمارے اہداف میں دارالحکومت تہران کے قریب یا اس کے اندر موجود تنصیبات شامل ہو سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: جاپان کو فلسطین کی حمایت میں اضافے کی امید: وزیر خارجہ

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اب سے جب بھی ایران آبنائے ہرمز میں کسی جہاز پر فائرنگ کرے گا ، خواہ وہ میزائل سے ہو، ڈرون سے ہو، یا کسی اور آلے یا ہتھیار سے ہو، امریکہ ایک پل یا ایک پاور سٹیشن کو بمباری کر کے تباہ کر دے گا۔امریکی صدر نے یہ دھمکی ایک ایئر بیس کی طرف روانگی سے کچھ دیر پہلے دی جہاں ان کا ان تین امریکی فوجیوں کی باقیات کی واپسی کی تقریب میں شرکت کا پروگرام تھا۔ یہ فوجی اردن اور عراق میں تنصیبات کو نشانہ بنانے والے ایرانی حملوں میں مارے گئے تھے۔

انہوں نے روانگی سے قبل صحافیوں سے کہا کہ ان تمام لوگوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ہم ایران کو ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔ اس لیے ہم اس عزم کو پورا کریں گے۔ میرے لیے یہ ان مشکل ترین چیزوں میں سے ایک ہے جو مجھے بطور صدر کرنی پڑتی ہیں لیکن اسے پورا کرنا ضروری ہے۔ٹرمپ نے نومبر میں مڈٹرم انتخابات سے قبل ایران کے ساتھ جنگ کے اختیار کی ووٹرز کی جانب سے حمایت نہ کیے جانے کو ظاہر کرنے والے پولز کو بھی کم اہم قرار دیا۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب تیل کی قیمتوں میں اضافہ معیشت کی لاگت میں شدید اضافے کا باعث بن رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب نے ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرایا

ایرانی ردعمل

دوسری جانب نیوز ایجنسی ’’ تسنیم ‘‘ ایک فوجی ذریعے نے کہا ہے کہ اگر واشنگٹن ایرانی پلوں یا پاورا سٹیشنوں پر حملے کرتا ہے تو ایران خطے میں امریکہ سے منسلک بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا کر جواب دے گا۔ ایرانی فوجی ذرائع نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے بحری جہازوں کی آمدورفت اس وقت محفوظ ہو گی جب یہ ایران کے ساتھ ہم آہنگی اور اس کے طے کردہ انتظامات کے مطابق ہو ورنہ ایران آبنائے پر کنٹرول کے اپنے حتمی ارادے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔یہ بات اس وقت سامنے آئی جب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایران شدید مشقت میں ہے۔ اگر تہران تعاون نہیں کرتا ہے تو صدر ٹرمپ کے پاس بہت سے اختیارات موجود ہیں۔

مارکو روبیو نے مزید کہا کہ ایران نے مفاہمت کی یادداشت کے تحت اپنے التزامات کی پاسداری نہیں کی اور وضاحت کی کہ آبنائے ہرمز کو کھولنا یادداشت کا ایک بنیادی نقطہ تھا لیکن ایران نے اس کی خلاف ورزی کی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران ایک بین الاقوامی آبی گزرگاہ کے ذریعے بین الاقوامی جہاز رانی کو نشانہ بنا رہا ہے اور نشاندہی کی کہ تہران نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے تھے جو جہازوں کو نشانہ نہ بنانے پر زور دیتی ہے۔ ایران پر امریکی فضائی حملوں کی گیارہویں رات آ پہنچی جبکہ سفارتی کوششو ں سے پیش رفت کی کوئی واضح علامات نہیںنظر آرہی ہیں۔

فریقین کے حکام نے آبنائے ہرمز سے متعلق تنازع پر اپنے موقف کو برقرار رکھا، عالمی توانائی کے لیے ایک اہم آبی گزرگاہ ہے اور ایرانی حملوں کی وجہ سے بڑی حد تک بند ہے۔ آبنائے کی بندش جس سے عام دنوں میں دنیا کی تیل اور گیس کی تجارت کا پانچواں حصہ گزرتا تھا، عالمی معیشت کو مفلوج کرنے کا باعث بنی جس کے اثرات مشرق وسطی کے خطے سے کہیں آگے تک پہنچ گئے۔

یہ بھی پڑھئے: جوہری معاہدہ میں پیش رفت کیلئے سعودی کو اسرائیل سے تعلقات بحال کرنے ہونگے: ٹرمپ

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر قالیباف نے خبردار کیا 

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور امریکہ کے ساتھ حالیہ دنوں میں ہونے والے مذاکرات کی ٹیم کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ ایران محفوظ رہا تو ہی کوئی دوسرا ملک بھی محفوظ رہ سکے گا۔ ان کے الفاظ تھے اگر ایرانی تحفظ کی کوئی ضمانت نہ ہوئی تو پھر کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا۔بدھ کو انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا  ’’اگر ایرانی تیل فروخت نہیں ہو سکتا تو پھر کسی کا بھی تیل فروخت نہیں ہو سکے گا ۔ اس جنگ کی مساوات بڑی واضح ہے۔ یا تو سب رہیں گےیا کوئی نہیں رہے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK