بیجنگ کےساتھ رواں ماہ تجارتی معاہدے پر دستخط متوقع۔
ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگلے سال کے اوائل میں چین کا دورہ کروں گا جبکہ توقع ہے کہ رواں ماہ کے آخر میں جنوبی کوریا میں چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے وہائٹ ہاؤس میں آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز کی میزبانی کرتے ہوئے صحافیوں سے کہا کہ مجھے چین آنے کی دعوت دی گئی ہے اور میں اگلے سال کے اوائل میں کسی وقت یہ دورہ کروں گا، ہم نے اس کے لئے ایک ابتدائی منصوبہ بنا لیا ہے۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہیں توقع ہے کہ وہ چینی صدر شی جن پنگ سے ایک منصفانہ تجارتی معاہدہ طے کر لیں گے اور آسٹریلیا کو ایٹمی توانائی سے چلنے والی آبدوزوں کی فراہمی کے عمل کو تیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ اقدام بیجنگ کے ساتھ کشیدگی کم کرنے اور انڈو پیسفک خطے میں ایک اہم اتحادی کے ساتھ دفاعی تعلقات مضبوط کرنے کی کوشش کی علامت ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے کہا کہ میرے خیال میں ہمارا چین کے ساتھ معاملہ ٹھیک رہے گا، کیونکہ چین بھی یہی چاہتا ہے۔ ٹرمپ نے امریکی فوج کی طاقت اور صلاحیت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ہر چیز کا بہترین ورژن ہے اور کوئی اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کرے گا۔