امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ملک کی ۲۵۰؍ ویں یوم آزادی کے موقع پر وہائٹ ہاؤس میں یو ایف سی مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔
EPAPER
Updated: July 05, 2025, 2:03 PM IST | Washington
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ملک کی ۲۵۰؍ ویں یوم آزادی کے موقع پر وہائٹ ہاؤس میں یو ایف سی مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔
۴؍ جولائی کو امریکی یوم آزادی سے ٹھیک پہلے، صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ اگلے سال قوم کے ۲۵۰؍ ویں یوم آزادی کی مناسبت سے وائٹ ہاؤس میں ایک مکمل یو ایف سی چیمپئن شپ مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے آئیووا اسٹیٹ فیئرگراؤنڈز میں ایک حیرت انگیز انکشاف کرتے ہوئے کہاکہ ’’کیا کوئی یو ایف سی دیکھتا ہے؟ عظیم ڈانا وائٹ؟ ہم ایک یو ایف سی مقابلہ کروائیں گے۔ سوچیں – وائٹ ہاؤس کے باغیچے میں یو ایف سی مقابلہ۔ ‘‘ امریکہ میں یوم آزادی کی دھوم دھام سے وابستہ تقریبات کے سرکاری آغاز سے ایک دن پہلے، وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ نے امریکہ کی ۲۵۰؍ویں سالگرہ کے لیےالٹی گنتی شروع کر دی ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق۴؍ جولائی۲۰۲۶ء کو امریکہ اپنی تاریخ کے اہم ترین سنگ میل – امریکی آزادی کی۲۵۰؍ ویں سالگرہ منائے گا۔ ’امریکہ ۲۵۰؍‘ کیلئے وقف صفحے پر موجود سرکاری بیان میں وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ’سیلیوٹ ٹو امریکہ۲۵۰؍ ٹاسک فورس نے جولائی ۲۰۲۶ءتک جاری رہنے والی تقریبات کی مکمل منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ وائٹ ہاؤس میں یو ایف سی ایونٹ درحقیقت ’امریکہ ۲۵۰؍ مہم سے وابستہ یادگاری تقریبات کے وسیع تر سلسلے کا حصہ ہے، جو اعلانِ آزادی پر دستخط کے ۲۵۰؍سال مکمل ہونے کی علامت ہے۔ اگرچہ صدر کا یہ اعلان حیرت انگیز ہے، لیکن ابھی واضح نہیں کہ ’’چیمپئن شپ فائٹ‘‘ کو وائٹ ہاؤس، سیکرٹ سروس یا شہری حکام کی سرکاری منظوری حاصل ہو گئی ہے یا نہیں۔
اس وقت تک یو ایف سی کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تھا، لیکن ڈانا وائٹ نے ایکس (سوشل میڈیا پلیٹ فارم) پر متعلقہ پوسٹ شیئر کر کے اس حیران کن بیان کی تائید کی۔واضح رہے کہ گذشتہ ماہ ہی ڈونالڈ ٹرمپ لاس اینجلس میں فسادات کے درمیان نیوآرک میں منعقدہ یو ایف سی ۳۱۶؍تقریب میں مکا لہرا کر پہنچے تھے۔ اسٹیڈیم میں ان کے داخل ہوتے ہی شرکاء کی اکثریت نے خوشی سے ڈانا وائٹ کے ہمراہ یو ایس اے کے نعرے لگائے، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔