Inquilab Logo

ترکی کیبل کار حادثہ: ہوا میں معلق کار سے ایک دن بعد ۱۷۴؍ افراد بحفاظت نکالے گئے

Updated: April 13, 2024, 9:30 PM IST | Istanbul

ترکی کیبل کار حادثہ میں ایک فرد ہلاک اور ۷؍زخمی ہو گئے۔ اس حادثہ کےشکار لوگوں کو تقریباً ایک دن بعد ترکی کی ایمرجنسی رسپانس ایجنسی، اے ایف اے ڈی، کوسٹ گارڈ، فائر فائٹنگ ٹیموں کے ذریعے بچایا گیا۔

Rescue workers are rescuing people trapped in the cable car. Photo: PTI
بچاؤ عملہ کیبل کار میں پھنسے افراد کو بچا رہا ہے۔تصویر: پی ٹی آئی

جنوبی ترکی میں ایک پہاڑ کے اوپر کیبل کار میں پھنسے ہوئے ۱۷۴؍افراد میں سے آخری فرد کوتقریباً ۲۳؍ گھنٹے بعد سنیچر کو محفوظ مقام پر لایا گیا۔ اس حادثے میں ایک پوڈ کھمبے سے ٹکرانے کے بعد پھٹ گیا تھا جس سے ایک شخص ہلاک اور دیگر ۷؍ افراد زخمی ہو گئے تھے۔ 
وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے سنیچر کی سہ پہر میں بچائومہم کی کامیاب تکمیل کا اعلان کیا۔ اس بچائو مہم میں مجموعی طور پر ۶۰۷؍تلاشی عملہ کے اہلکار اور ۱۰؍ہیلی کاپٹر شامل تھے، جن میں ترکی کی ایمرجنسی رسپانس ایجنسی، اے ایف اے ڈی، کوسٹ گارڈ، فائر فائٹنگ ٹیمیں اور پہاڑوں کے مختلف حصوں سے ریسکیو ٹیمیں شامل تھیں۔ 
ترکی حکام نے کہاکہ اندھیرے میں دیکھنے کی صلاحیت کے حامل ہیلی کاپٹر رات بھر لوگوں کو بچاتے رہے۔ 
جمعہ کو، شام ۵؍ بج کر ۳۰؍ منٹ پرجب حادثہ پیش آیاتب سے لوگ بحیرہ روم کے شہر انطالیہ کے بالکل باہرٹونیکٹیپ کیبل کار پر پھنسے ہوئے تھے۔ 
استنبول کی رہائشی ہیٹیس پولات اور اس کے اہل خانہ کو سات گھنٹے کی جد و جہد کے بعد بچایا گیا۔ انادولو ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چلی گئی اور پوڈچار یا پانچ بار پلٹ گئی۔ 

یہ بھی پڑھئے: ہریانہ: یوٹیوبرجوڑے کی رہائشی عمارت کے ساتویں منزلے سے چھلانگ لگا کر خودکشی

انہوں نے کہا، ’’رات بہت خوفناک تھی، ہم بہت خوفزدہ تھے۔ ہمارے ساتھ بچے بھی تھے، وہ بیہوش ہو گئے۔ وہ ۷؍گھنٹےکافی اذیت ناک رہے۔ وہ ہر لمحہ ڈول رہاتھا، وہ بہت تکلیف دہ تھا، مجھے نہیں معلوم تھاکہ ہم اس صدمے سے کیسے نکلیں گے۔ ‘‘
سرکاری انادولو ایجنسی نے متوفی کی شناخت ۵۴؍سالہ ترک شخص کے طور پر کی۔ زخمی ہونے والوں میں دو بچے اور۶؍ ترک شہری اور ایک کرغیز شہری شامل ہے۔ ان سب کو کوسٹ گارڈ کے ہیلی کاپٹروں نے حادثے کے فوراً بعد بچا لیا اور علاج کے لیے بھیج دیا۔ ترک میڈیا کی تصاویر میں پتھریلے پہاڑ کے کنارے ٹوٹی پھوٹی کار تاروں سے ڈولتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے جبکہ طبی عملہ زخمیوں کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔ 
یرلیکایا نے یہ بھی اعلان کیا کہ دیگر کاروں سے بچائے گئے ۱۳؍افراد کو بھی معائنہ کیلئےاسپتال لے جایا گیا ہے۔ 
جمعہ کو ترکی میں مسلمانوں کے مقدس مہینہ رمضان کے اختتام پر تین روزہ عام تعطیل کا آخری دن تھا جس میں لوگ بڑی تعداد میں ساحلی تفریحی مقامات کا رخ کرتےہیں۔ 
کیبل کار سیاحوں کو کونیالٹی ساحل سے لے کر ایک ریستوراں اور ۶۱۸؍میٹر ٹونیکٹیپ چوٹی پر بنے پلیٹ فارم تک لے جاتی ہے۔ 
یہ انطالیہ میٹروپولیٹن بلدیہ چلاتا ہے۔ کیبل کار لائن ۲۰۱۷ءمیں مکمل ہوئی تھی اور سال کے آغاز میں ایک اہم معائنہ کے ساتھ سال بھر میں معمول کے معائنےکئےجاتے ہیں۔ 
انطالیہ کے چیف پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ایک ماہر کمیشن جس میں مکینیکل اور الیکٹریکل انجینئرز اور ہیلتھ اینڈ سیفٹی ماہرین شامل تھے، اس واقعے کی وجہ کا تعین کرنے کے لیےتشکیل دیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK