: ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں پارلیمنٹ کے قریب ’دہشت گردانہ حملے‘ میں ۲؍ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
EPAPER
Updated: October 02, 2023, 12:55 PM IST | Agency | Ankara
: ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں پارلیمنٹ کے قریب ’دہشت گردانہ حملے‘ میں ۲؍ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں پارلیمنٹ کے قریب ’دہشت گردانہ حملے‘ میں ۲؍ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ رپورٹس کے مطابق ترک وزارت داخلہ نے دہشت گرد حملے کی تصدیق کی اور کہا کہ یہ ایک ’دہشت گردانہ حملہ‘ تھا جس میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
یہ دھماکہ پارلیمنٹ کے نئے سیشن سے قبل ہوا۔ وزارت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ دو دہشت گرد فوجی گاڑی میں صبح ۹؍ بج کر۳۰؍ منٹ کے قریب ہماری وزارت داخلہ کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سیکوریٹی کے داخلی دروازے کے سامنے پہنچے اور بم حملہ کیا۔ ترکی کے وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک حملہ آور نے وزارت کی عمارت کے سامنے خود کو دھماکے سے اڑا لیا اور دوسرے حملہ آور کو ’غیر مؤثر‘ کردیا گیا۔ وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اس حملے میں دو پولیس اہلکار بھی معمولی زخمی ہوئے۔
دہشت گردکبھی کامیاب نہیں ہوں گے: اردگان
ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے ترکی کی قومی اسمبلی کی۲۸؍ ویں ٹرم اور دوسرے آئینی سال کے افتتاحی اجلاس میں جنرل کمیٹی سے خطاب کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ۱۵؍ جولائی۲۰۱۶ء کو فیتو دہشت گرد تنظیم کے سامنے سینہ سپر ہونے والی قوم کی جدوجہد ِ جمہوریت سول آئین کیساتھ سرفراز ہونے کا حق رکھتی ہے۔ آئیے اس حسرت کو ختم کرنے میں عجلت کریں ۔ اردگان نے انقرہ میں دہشت گردانہ حملے کے بارے میں کہا ہے کہ’’ہماری سیکوریٹی یونٹوں کی بروقت مداخلت نے دونوں حملہ آوروں کو غیر فعال کر دیا ہے۔ دہشت گردوں کا مقصد ہمارے شہری امن و امان اور سلامتی کو نشانہ بنانا تھا لیکن وہ نہ تو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب ہوئے ہیں اور نہ ہی کبھی ہو سکیں گے۔‘‘