اسپتال کے دورے پر وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی، مریضوں سے بھی ملاقات کی۔
EPAPER
Updated: December 05, 2023, 9:22 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
اسپتال کے دورے پر وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی، مریضوں سے بھی ملاقات کی۔
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے گزشتہ روزممبئی کے مصروف ترین میونسپل اسپتالوں میں شامل سائن (لوکمانیہ تلک) اسپتال کا دورہ کیا اور مختلف وارڈمیںجاکر وہاں کا جائزہ لیا اور مریضوں کودرپیش مسائل کے تعلق سے بھی بات چیت کی۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے سائن اسپتال کی حدود میں اس نئی عمارت کا بھی دورہ کیا جہاں پر ۱۲۰۰؍ نئے بیڈ میسر ہو سکیں گے جن میں ۱۰۰؍ بیڈ کا انتہائی نگہداشت والا کمرہ( آئی سی یو) بھی شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایاکہ جلد ہی یہ ۱۲۰۰؍بیڈ بھی مریضوں کے علاج کیلئے تیار ہو جائیں گے۔ اسی دوران انہوں نے سونو گرافی اور ڈائیلیسس مشینوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کی بھی انتظامیہ کو ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سائن اسپتال میں ۲۰۰؍ بیڈپر مشتمل انتہائی نگہداشت یونٹ اور ایک ہزار بیڈ کے جنرل وارڈ کا کام جاری ہے اور یہ جلد ہی مکمل ہو جائے گا ۔ اس کےبعد ۱۲۰۰؍ نئے بیڈ دستیاب ہوں گے جن سے مریضوں کو علاج کرنے میں سہولت ملے گی۔ شندے نے اسپتال میں جاری عمارتوں کے کام کو تیز کرنے کی بھی ہدایت دی اورکہا کہ آئندہ دورے میں کام کی پیش رفت معلوم کی جائے گی۔اسپتال میں سہولیات میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے اسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو صحت کی سہولیات بروقت فراہم کرنے کےلئے کوششیں کرنے کی بھی ہدایات دیں۔
اسپتال کا معائنہ کرنے کے بعد وزیراعلیٰ نے وہاں مریضوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج مریضوں کے ساتھ ساتھ اسپتال کے جنرل ڈپارٹمنٹ سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے مریضوں کے علاج معالجے کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی دریافت کیا کہ کیا مریضوں کو تکلیف ہوئی؟
سبھی دوائیں اسپتال میں مہیا کرانے کی کوشش
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ’’ میونسپل سپتالوں میں ایسا نظم بنانے کی کوشش کی جائے گی جس سےمریضوں کو ادویات کیلئے باہر نہ جانا پڑے اور سبھی دوائیں اسپتال سے ہی مہیا کرائی جائیں۔‘‘
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سائن اسپتال کے احاطے کا جائزہ لیا اور ہر وارڈ میں جا کر معلومات حاصل کی۔ علاج کرنے والے ڈاکٹروں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مریض کو دوائیں اور کھانا وقت پر ملے۔ اسپتال کے کچن کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے صفائی ستھرائی اور کھانے کے معیار کے حوالے سے تجاویز بھی دیں۔ مریض اس بات پر خوش تھے کہ وزیر اعلیٰ معائنہ کے لئے آئے ہیں ۔ ایک وارڈ میں ایک مریض نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ سیلفی بھی لی۔