Inquilab Logo Happiest Places to Work

تمل ناڈو، آندھرااور تلنگانہ میں میچانگ سے تباہی،۱۲؍ افراد ہلاک

Updated: December 06, 2023, 10:15 AM IST | Agency | Chennai

کئی علاقے زیرِ آب،۵۰؍ سے زائد پروازیں منسوخ، امیت شاہ کا اسٹالن کو فون، ہر ممکن مدد کی یقین دہانی،تمل ناڈو سرکار کا مرکز سے ۵؍ ہزار کروڑ روپے کی مالی امداد کا مطالبہ۔

Relief operations are underway in Tamil Nadu and Andhra Pradesh, with teams from the NDRF and Navy, along with state police and fire brigade officials. Photo: INN
تمل ناڈو اور آندھر اپردیش میں راحتی کام جاری ہے جس میں این ڈی آر ایف اور نیوی کی ٹیم کے ساتھ ہی ریاستی پولیس اور فائربریگیڈ کے اہلکار مصروف ہیں۔ تصویر : آئی این این

سمندری طوفان میچانگ سے ملک کی جنوبی ریاستوں کا  بہت برا حال ہے۔ تمل ناڈو، آندھرا پردیش اور تلنگانہ  کے کئی علاقوں کے پانی میں ڈوب جانے کی وجہ سے عام زندگی  مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔آندھرا پردیش میں ۵۰؍ سے زائد پروازیں اورکئی ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ ریاست کی کئی اہم شاہراہوں پر بھی آمدو رفت بند کردی گئی ہے۔ اس طوفان سے جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش اور شمالی ہند کی بھی کچھ ریاستیں متاثر ہیں۔ تمل ناڈو اورآندھرا پردیش میں این ڈی آر ایف اور نیوی کی ٹیمیں راحتی کاموں میں لگی ہوئی ہیں۔ اس دوران مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن کو فون کرکے ریاست کی صورتحال کو سمجھنے کی کوشش کی اور انہیں ہر ممکن تعاون دینے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ہوا کی رفتار ۹۰؍ سے ۱۰۰؍ کلومیٹر
 ہندوستانی محکمہ موسمیات نے طوفان سے متعلق جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ’میچانگ‘آندھرا پردیش کے ساحل پر باپٹلہ کے قریب ٹکراگیا ہے۔محکمہ نے اپنے بلیٹن میں کہا کہ جنوبی آندھرا پردیش کے ساحل کو باپٹلہ کے قریب عبور کر نے کے بعد طوفانی ہوائیں۹۰؍ سے ۱۰۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔محکمہ نے یہ بھی کہا کہ یہ طوفان بتدریج کمزورہوتے ہوئے تقریباً۱۲؍ گھنٹے تک اپنی شدت کو برقرار رکھے گا۔ 
۵۰؍  پروازیں اور ۱۰۰؍ سے زائد ٹرینیں منسوخ
 تمل ناڈو کے شہر چنئی میں طوفان کے باعث ہونے والی شدید بارش سے متعلق مختلف واقعات میں۸؍افراد کی موت ہو گئی اور۱۲؍ دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔  اسی طرح دیگر خطوں میں بھی ۴؍ اموات ہوئی ہیں۔مجموعی طور پر خبرتحریر کئے جانے تک ۱۲؍ اموات کی اطلاع ہے۔ اسی طرح آندھرا پردیش کے بھی کئی علاقے زیر آب ہیں ۔ ہوا کی تیز رفتاری اور سیلابی کیفیت کی وجہ سے ۵۰؍ سے زائد پروازیں اور ۱۰۰؍ سے زائد ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ دونوں ہی ریاستوں میں نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور فائر اینڈ ریلیف ورکس کے محکمے کے اہلکار امدادی کارروائیوں میں شامل ہیں۔
وزیرداخلہ امیت شاہ کی وزیراعلیٰ اسٹالن سے گفتگو 
 اس دوران مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کو فون کرکے طوفان سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں جانکاری حاصل کی اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سرکاری ریلیز کے مطابق، ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران، وزیراعلیٰ اسٹالن نے وزیرداخلہ امیت شاہ کو طوفان سے ہونے والے نقصانات اور ریاستی حکومت کی طرف سے چنئی، کانچی پورم، تروولور اور چنگ لپٹو اضلاع میں چلائے جانے والے امدادی کاموں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے وزیر داخلہ کو یہ بھی بتایا کہ ریاستی حکومت اور پولیس حکام کے ساتھ این ڈی آر ایف مشترکہ طورپر راحتی کاموں میں مصروف ہیں۔وزیراعلیٰ نے اضافی این ڈی آر ایف اہلکاروںکو بھیجنے کی بھی درخواست کی۔
اسٹالن کا مرکز سے ۵؍ ہزار کروڑ روپوں کا مطالبہ
چنئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ طوفان کی وجہ سے ریاست میں ۲۰۱۵ء سے بھی زیادہ بارش ہوئی، لیکن اچھی بات یہ رہی کہ پہلے کے مقابلے میں بہت کم نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اُس وقت بارش اور سیلاب کی وجہ سے۱۹۹؍افراد کی جان گئی تھی لیکن اس بار ابھی تک صرف۸؍ افراد کی موت ہوئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اعتراف کیا کہ ان اموات کو بھی روکا جا سکتا تھا۔
مدھیہ پردیش اور جھارکھنڈ میں بھی اثرات
 اس طوفان کے کچھ اثرات مدھیہ پردیش کے شمال مشرقی حصے، جھارکھنڈ اور شمالی ہند کی دیگر ریاستوں پر پڑے ہیں جس کی وجہ سے ان علاقوں میں بھی بارش ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ آئندہ۲۴؍ گھنٹوں  کے دوران مدھیہ پردیش کے شہڈول اور جبل پور جیسے اضلاع میں کچھ مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK