Inquilab Logo Happiest Places to Work

سمردھی ہائی وے پر ۲۵؍ کلو میٹر طویل ٹریفک جام ، مسافر پریشان

Updated: April 07, 2026, 11:56 PM IST | Z A khan | Jalna

ایک ٹینکر میں خرابی آنےکے سبب گاڑیاں رک گئیں اور راستہ جام ہو گیا ، مسافروںکی درخواست پر بھی پولیس نے متبادل راستہ نہیں دیا

Cars are parked one behind the other.
ایک کے پیچھے ایک گاڑیاں کھڑی ہیں

تیز رفتار سفر کیلئے تعمیر کیا گیا سمردھی ایکسپریس وے اب مسافروں کیلئے مشکلات کا سبب بنتا جا رہا ہے۔ منگل کے روز اس شاہراہ پر تقریباً ۲۵؍ کلومیٹر طویل ٹریفک جام لگ گیا جس کی وجہ سے ہزاروں گاڑیاں پھنس  کر رہ گئیں اور اس میں سوار مسافروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
  اطلاع کے مطابق ناگپور سے ممبئی تک جانے والی اس اہم ایکسپریس وے پر جالنہ ایگزٹ کے آگے ایک ٹینکر سے گیس لیک ہونے لگا جس کے سبب وہ ٹینکر رک گیا اور اس کے پیچھے کی ساری گاڑیاں بھی اپنی اپنی جگہ ٹھہر گئیں۔اس طرح سڑک کا پورا ٹریفک اچانک بند ہو گیا۔ دوپہر ہی سے سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جو ۲۵؍ تا ۳۰؍ کلومیٹر پھیل گئیں۔ گھنٹوں یہ سلسلہ جاری رہا۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ جب کچھ چھوٹی گاڑیاں جالنہ ایگزٹ  کے قریب تھیں تو انہوں نے ہائی وے پولیس سے درخواست کی کہ انہیں متبادل راستے سے نکالا جائے ، مگر پولیس کی جانب سے کوئی خاطر خواہ ردعمل نہیں ملا اور ٹریفک بڑھتا چلا گیا۔ بعد میں ان کا کسی بھی سمت سے نکلنا ممکن نہیں رہا۔ اس کی وجہ سے لوگوں میں غم و غصہ بڑھنے لگا۔ 
 یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ حال ہی میں اسی ایکسپریس وےپر حادثات میں اضافہ ہوا ہے اور چند دن قبل ایک حادثے میں ۷؍ مزدور ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک نظام پر مناسب توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ اس سے لوگ برہم ہیں ۔مزید یہ کہ جب بعض مسافروں نے کنٹرول روم سے رابطہ کیا تو انہیں بتایا گیا کہ شاہراہ پر ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے، جبکہ زمینی حقیقت اس کے برعکس تھی۔ اس تضاد پر بھی مسافروں نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔مسافروں کا کہنا ہے کہ سہولت اور تیز رفتار سفر کے دعوئوں کے ساتھ شروع کیا گیا یہ ایکسپریس وےاب بار بار ٹریفک جام اور حادثات کی وجہ سے مشکلات کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ پولیس اور متعلقہ محکموں کی خاموشی اور عدم دلچسپی کے باعث عوام میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے، اور اگر صورتحال پر فوری قابو نہ پایا گیا تو عوامی احتجاج کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
 گھنٹوں بعد ٹریفک اہلکاروں نے مذکورہ ٹینکر کو جب وہاں سے نکالا تو دھیرے دھیرے ٹریفک بحال ہوا۔ حالانکہ پولیس نے بعد میں ٹریفک کو کلیئر کرنے میں تیزی دکھائی لیکن ٹریفک میں پھنسے مسافروں کو جن پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا اس کے سبب وہ ناراض نظر آئے۔ یاد رہے کہ سمردھی ہائی وے اپنی تعمیر کے وقت ہی سے تنازعات کا شکار رہا ہے۔ یہاں آئے دن سنگین حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK