Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی پونے ہائی وے پربھیانک حادثہ،۲؍ افراد ہلاک

Updated: July 14, 2025, 11:40 AM IST | Pune

بھور گھاٹ میں پونے کی سمت جانیوالے ٹرک سے آہنی پائپ گرے اور پیچھے چل رہی گاڑیاں اس کی زد میں آئیں، ۶؍افراد زخمی، مفرور ٹرک ڈرائیور کے خلاف لاپروائی برتنے اور حادثہ کا سبب بننے کاکیس درج کرلیا گیا ہے۔

People can be seen removing the pipe from the car at the scene of the accident. Photo: INN
جائے حادثہ پر لوگ کار سے پائپ ہٹاتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

ممبئی پونے کو جوڑنے والے پرانے ہائی وے پر سنیچر کی رات ایک ٹرک سے آہنی پائپ گرنے سے  بھیانک حادثہ پیش آیا ہے۔ جس میں ۲؍افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ۶؍افراد زخمی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ بھور گھاٹ کے قریب واقع ایچ او سی پل کے پاس پیش آیا ہے۔ یہاں سنیچر کی شام ایک تیز رفتار ٹرک سے دیو ہیکل پائپ گرنے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور ۶؍افرادزخمی ہو گئے۔
 یہ ٹرک ممبئی سے پونے جا رہا تھا اور اس پر بڑے سائز کے آہنی پائپ لدے ہوئے تھے جو پل سے گزرتے وقت سڑک پر گر گئے۔ اس دوران ٹرک کے پیچھے چلنے والی ایک کار نے گرنے والے پائپوں سے بچنے کی کوشش کی، لیکن ایک پائپ سیدھا کارپر آ گرا، جس کے نتیجے میں کار ایک دو پہیہ گاڑی سے ٹکرا گئی ۔بائیک پرسوار۲۰؍سالہ روتیکا چوان جائے حادثہ پر ہی دم توڑگئی جبکہ ، جبکہ ۲۹؍سالہ ویبھو گلانڈے (وارجے، پونے ) کو شدید زخمی حالت میں کھوپولی کے جاکھوٹیا اسپتال منتقل کیا گیا۔کار میں سوار انکیتا شندے(۲۸)   ہلاک ہو گئیں، جبکہ دیگر چار افراد — سونالی کھڑادتے(۳۳)، شیوراج کھڑادتے(۶)،  لتا شندے(۵۰)  اور للت شندے (۳۰) زخمی ہوئے۔ یہ سبھی بھوسری، پونے کے رہنے والے ہیں اور انہیں ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر میونسپل اسپتال، کھوپولی میں داخل کیا گیا۔یہ حادثہ شام۷؍بجے کے قریب پیش آیا، جس کے بعد ہائی وے پر ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک ٹریفک جام رہا۔ پولیس اور حادثہ رسپانس ٹیموں نے ملبہ ہٹا کر ٹریفک بحال کیا۔مقامی سماجی کارکن سنجے ماتھرے، انکش مورے اور دیگر نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں مدد کی۔
کھپولی پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے پتہ چلتا ہے کہ بھاری سامان کو محفوظ طریقے سے رکھنے میں سنگین غفلت برتی گئی، جس کی وجہ سے دو افراد کی جان گئی اور چھ زخمی ہوئے۔ ٹرک(کے اے۵۶۔۶۲۶۳) ممبئی سے پونے جا رہا تھا، اور اس پر لوہے کے بڑے پائپ لدے ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق، ڈرائیور کو اس بھاری سامان کے خطرات کا علم تھا، اس کے باوجود اس نے مناسب حفاظتی اقدامات نہیں کیے۔پولیس انسپکٹر سچن ہیرے کے مطابق:’’زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئیں اور انہیں سنیچر کی رات دیر تک اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ ڈرائیور نے نہ صرف سامان کو ٹھیک سے باندھنے میں کوتاہی کی بلکہ حادثے کے بعد موقع سے فرار بھی ہو گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK