Inquilab Logo

ممتا بنرجی شیرنی کی طرح لڑ رہی ہیں: آدتیہ ٹھاکرے

Updated: January 24, 2024, 5:56 PM IST | Kolkata

آدتیہ ٹھاکرے نے ممتا بنرجی کے تعلق سے کہا کہ وہ شیرنی کی طرح لڑ رہی ہے۔ خیال رہے کہ ممتا نے آج مغربی بنگال میں لوک سبھا انتخابات تنہا لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس نے ان کی ناراضگی کو مد نظر رکھتے ہوئے کہا کہ ممتا کے بغیر انڈیا اتحاد کاتصور ممکن نہیں ہے۔

Mamata Banerjee Photo: INN
ممتا بنرجی۔ تصویر: آئی این این

یو بی ٹی شیوسینا کے لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے شیرنی کی طرح لڑائی کی ہے۔ اپوزیشن انڈیا اتحاد کے تعلق سے بنرجی نےآج اعلان کیا ہے کہ ترنمول کانگریس آنے والے لوک سبھا انتخابات میں مغربی بنگال میں اکیلے لڑے گی۔آدتیہ ٹھاکرے نے ان کے اس بیان پر کہا کہ وہ شیرنی کی طرح لڑ رہی ہیں اور ان کی جنگ مغربی بنگال میں بہت اہمیت رکھتی ہے۔ خیال رہے کہ یو بی ٹی شیوسینا بھی اپوزیشن اتحاد کا اہم حصہ ہے۔

بنگال میں ہم بی جے پی کو تنہا شکست دینے کیلئے کافی ہیں: ممتا بنرجی 
 واضح رہے کہ ممتا بنرجی نے آج ہی اعلان کیا ہے کہ ٹی ایم سی لوک سبھا انتخابات میں مغربی بنگال میں اکیلے لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ بنگال میں یہی کہا ہےکہ ہم اکیلے لڑیں گے۔ مجھے پریشانی نہیں ہے کہ ملک میں کیا ہوگالیکن ہم ایک جمہوری پارٹی ہیں اور بنگال میں ہم بی جے پی کو تنہا شکست دینے کیلئے کافی ہیں۔ممتا کا یہ بیان اس وقت سامنے آیاہے جب راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کل مغربی بنگال پہنچے والی ہے۔ 

ممتا کے بغیر انڈیا اتحاد کا تصور ممکن نہیں ہے: جے رام رمیش
راہل گاندھی نے آسام میں منگل کو بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران کہا تھا کہ سیٹوں کی تقسیم کے معاملے میں ترنمول کانگریس سے گفتگو جاری ہے۔ انہوں نے ممتا کے ساتھ اچھے تعلقات کا بھی اظہار کیا تھا اور کہاتھاکہ پارٹی کے ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی کے ساتھ اچھے تعلقات ہیںجبکہ سیٹوں کی تقسیم پر بھی گفتگو جاری ہے۔ کئی مرتبہ ہمارے لیڈران کچھ اور کئی مرتبہ ان کے لیڈران کچھ کہتے ہیں۔ممتا بنرجی نے سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سےکہا کہ کسی نے مجھےسے بات نہیں کی۔ میری تجویز کومسترد کر دیا گیا۔ کسی نے مجھ سے کسی بھی معاملے میں گفتگونہیں کی۔ یہ سراسر جھوٹ ہے۔ راہل گاندھی ہماری ریاست میں آ رہے ہیں۔ اس کا مجھے علم نہیں تھا۔ میں نے کانگریس سے کہا کہ وہ ملک بھر میں ۳۰۰؍ سیٹوں پر لڑے اور باقی ماندہ سیٹیں مقامی پارٹیوں کیلئے چھوڑ دےلیکن انہوں نے میری بات نہیں سنی۔ بنگال میں کانگریس کا کوئی حصہ نہیں ہے۔ہم انتخابات کے بعد فیصلہ کریں گے کہ کیا کیا جائے گا۔

ٹی ایم سی سربراہ کی ناراضگی کے بعد کانگریس نے کہا کہ ممتا بنرجی کے بغیر انڈیا اتحاد کا تصور ممکن نہیں ہے۔ آسام میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ بنرجی کی ترنمول کانگریس انڈیا اتحاد کیلئے اہم ستون ہے۔ ممتا بنرجی کے بغیر انڈیا اتحاد کا تصور ممکن نہیں ہے۔ مغربی بنگال میں لوک سبھا انتخابات انڈیا اتحاد لڑے گا اور تمام پارٹیاں اس میں حصہ لیںگی۔ ممتا بنرجی کا بھی یہی کہنا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی شکست ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK