۴۰؍تعلیمی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے حساس معاملات پر اعتراضات اور تجاویز پیش کئے۔ مفتی رفیق پورکر نے کہا: ہندوستانی مسلمان اپنی شناخت اور شریعت سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔
EPAPER
Updated: November 23, 2026, 12:51 PM IST | Siraj Shaikh | Navi Mumbai
۴۰؍تعلیمی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے حساس معاملات پر اعتراضات اور تجاویز پیش کئے۔ مفتی رفیق پورکر نے کہا: ہندوستانی مسلمان اپنی شناخت اور شریعت سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔
ریاستی حکومت کی جانب سے مجوزہ یکساں سول کوڈ کا مسودہ تیار کرنے کیلئے تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کے تحت اتوار کو نوی ممبئی کے سی بی ڈی بیلاپور میں واقع کوکن بھون میں کوکن ڈویژن کے مختلف اضلاع بالخصوص رائے گڑھ اور رتناگیری کے شہریوں اور تنظیموں کی عوامی سماعت کا عمل مکمل ہو گیا۔
سپریم کورٹ کی سبکدوش جج جسٹس رنجنا پرکاش دیسائی کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے کوکن ڈویژن کے ۲؍ روزہ سماعت کے آخری دن یعنی اتوار کو مقررہ الاوقات کے مطابق مختلف اضلاع کے وفود اور شہریوں کے خیالات، تجاویز اور اعتراضات قلمبند کئے۔ اتوارکی کارروائی میں صبح تھانے ضلع کے بعد دوپہر میں رائے گڑھ اور سہ پہر میں رتناگیری ضلع کے عوام کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔کوکن ڈویژنل کمشنر روبل اگروال کی نگرانی میں منعقدہ اس سماعت میں جن شہریوں اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے کوکن بھون پہنچ کر حاضری دی، انہوں نے کمیٹی کے اراکین کے روبرو براہِ راست اپنے تحفظات اور تجاویز پیش کیں۔
و یڈیوکانفرنسنگ کے ذریعے بھی سماعت
اس کے علاوہ رائے گڑھ اور رتناگیری کے کلکٹر دفاتر میں موجود شہریوں کی سماعت ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مکمل کی گئی تاکہ دور دراز کے علاقوں کے عوام بھی اس عمل میں شریک ہو سکیں۔ اتوارکی اس عوامی سماعت میں رائے گڑھ ضلع سے ۳۵؍ اور رتنا گیری ضلع سے ۵؍ اس طرح کل ۴۰؍ تعلیمی سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی ۔ان میں خواتین بھی شامل تھیں۔شرکاء میں مفتی رفیق پورکر ، مفتی اصغر کھو پھٹکر،مفتی عرفان کو لپیکر،ڈاکٹر مبشر جمعدار، مولانا قاسم سولکر ، مولانا ابرار سلوتری ،دلدار پور کر ،محبوب کڑویکڑ، محمد علی دفعدار، ریاض شیٹے ،مبین مالگنڈ کر،مشتاق کاپڑی، نوشاد کالسیکر اورایڈوکیٹ سلیم شامل تھے۔
اس عوامی سماعت کے دوران شادی، طلاق، نان و نفقہ، سرپرستی، وراثت کے حقوق اور’لیو اِن ریلیشن شپ‘ جیسے حساس سماجی و عائلی معاملات پر اعتراضات ظاہرکئے گئے اور ان معاملات پر تجاویز پیش کی گئیں۔ اس موقع پر مفتی رفیق پور کر نے اپنی رائے اور تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’مسلمانوں کی مذہبی اساس، قرآن مجید، سنت رسول ؐ اور فقہ ہے جس کو ہندوستان کے دستور کی دفعہ۲۵؍اور۲۶؍ سے تحفظ حاصل ہے۔ اسلام اپنے ماننے والوں کو حکم دیتا ہے کہ وہ قرآن و سنت میں بیان کئے گئے احکام پر عمل کریں۔ اسلام کے پیروکار بھی اپنے آپ کو ان احکام کے پابند سمجھتے ہیں اور یہ تمام امور ناقابل تبدیل شرائط ہیں۔ مسلمانوں کے ذاتی و اجتماعی تعلقات، ان کے خاندانی معاملات و شخصی قوانین بھی براہ راست قرآن و سنت سے ماخوذ ہیں اور یہ پہلو ان کی بنیادی شناخت سے جڑا ہوا ہے۔ہندوستان کے مسلمان اس شناخت سے دستبردار ہونے پر کسی بھی صورت میں راضی نہیں ہو سکتے اور اس کی ہمارے ملک کے آئینی دائرے میں پوری گنجائش بھی ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ ہمیں یو سی سی کسی بھی صورت میں منظور نہیں۔
یہ بھی پڑھئے: شیوسینا (یوبی ٹی) کی نشاندہی پر اسکول سے تعمیراتی اشیاء ہٹائی گئیں
’’لیواِن ریلیشن شپ فحاشی بڑھانے والا قانون‘‘
اس موقع پر ڈاکٹر مبشر جمعدار نے کہا کہ ’لیو ان ریلیشن شپ‘ یہ ہماری تہذیب اور ہندوستانی کلچر کے بالکل مخالف ہے لہٰذا اس کی ہم پُرزور مخالفت کرتے ہیں۔ یہ فحاشی بڑھانے والا قانون ہوگا اور مغربی تہذیب کو اپنانے کا باعث ہوگا جس کے بہت ہی منفی نتائج برآمد ہو چکے ہیں، اس کے باوجود اگر حکومت یہ کام کرتی ہے تو افسوس ہے۔
اتوار کی عوامی سماعت میں رائے گڑھ ضلع سے خواتین نے بھی شرکت کی جن کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے شرعی قوانین کے علاوہ دوسرے کسی بھی قانون کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ یو سی سی کے نفاذ سے نکاح، طلاق اور خلع سے متعلق شرعی احکامات متاثر ہوں گے اور آئین کے آرٹیکل۲۵؍ کے تحت مذہبی آزادی کے حق کو ٹھیس پہنچے گی۔
’’دیگرا قلیتوں میں سے کوئی بھی شامل نہیں تھا‘‘
ڈاکٹر مبشر جو سماعت کے دوران موجود تھے ، نے اس نمائندے کو میسیج کے ذریعے بتایا کہ ’’برادرانِ وطن میں سے ایک شخص سماعت میں موجود تھا جس کاموضوع چونکہ یو سی سی سے میل نہیں کھا رہا تھا اس لئے اسے روکا گیا۔ دیگر اقلیتوں میں سے کوئی بھی نہیں تھا۔ مخنث طبقہ کے جو لوگ تھے، وہ بھی الگ الگ زمرے کے تھے۔ البتہ خصوصی طورپر او بی سی یا پھر نچلی ذاتی کا کوئی فرد سماعت کے دوران موجودنہیں تھا۔
آل انڈیا علماء بورڈ نے بھی یوسی سی سماعت میں شرکت کی
یو سی سی سے متعلق عوامی سماعت میں اعتراضات اور تجاویز پیش کرنے کیلئے آل انڈیا علماء بورڈ کے کوکن ڈویژن کے نمائندے بھی شریک ہوئے ۔ تنظیم کی جانب سے بڑی تعداد میں علماء کرام، خواتین اور مختلف اضلاع کے عہدیداران نے اپنے اعتراضات ، قانونی نکات تحفظات اور اہم تجاویز پیش کرتے ہوئے مسلم پرسنل لاء ، مذہبی آزادی اور آئین ہند میں حاصل بنیادی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اپنا موقف واضح اور موثر انداز میں پیش کیا۔ اس موقع پر آل انڈیا علماء بورڈ کے مجلس عامہ کے رکن اور کوکن کے انچارج حاجی شاہنواز خان کی قیادت میں نوی ممبئی اور رائےگڑھ ضلع کی پوری ٹیم نے فعال کردار ادا کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کیا ۔ اس موقع پر رائےگڑھ ضلع کےتنظیم کے صدر ایڈوکیٹ شفیع سید اور رائےگڑھ ضلع کی تنظیم خاتون صدر کلثوم شیخ نے بھی نمائندگی کرتے ہوئے اہم قانونی اور ائینی نکات پیش کئے۔ یوسی سی سماعت میں کلمبولی (نوی ممبئی) کی سماجی کارکن مدیشہ ٹھاکرنے بھی شرکت کی۔