ٹیپوسلطان کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور نعرے لگائے۔
EPAPER
Updated: November 23, 2026, 12:54 PM IST | Agency | Latur
ٹیپوسلطان کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور نعرے لگائے۔
مہاراشٹر میں ٹیپو سلطان کے یومِ پیدائش کی مناسبت سے منعقدہ تقریبات کے تعلق سے ایک بار پھر سیاسی تنازع پیدا ہوگیا ہے۔ لاتور میں کانگریس کے رکن اسمبلی امیت دیشمکھ کی جانب سے ایک تقریب میں شرکت کرتے ہوئے ٹیپو سلطان کی تصویر پر گلہائے عقیدت اور خراجِ عقیدت پیش کرنے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے سخت اعتراض ظاہر کیا اور اس کے خلاف احتجاج کیا۔
بی جے پی کا احتجاج چھترپتی شیواجی مہاراج چوک پرکیا گیا۔ پارٹی کارکنوں نے امیت دیشمکھ کے خلاف نعرے لگائے اور ان کا پتلا بھی لٹکایا جسے پہلے جوتوں سے پیٹا گیا ۔اس تعلق سے بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن اشوک چوان نے تاریخ کے بارے میں امیت دیشمکھ کی سمجھ بوجھ پر سوال اٹھایا اور پوچھا کہ کیا ایسے بیانات سیاسی مقاصد کیلئے دیئے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’راجستھان میں بی جے پی کا مکمل صفایا ہو گیا،وزیر اعلیٰ بھجن لال استعفیٰ دیں‘‘
واضح رہے کہ امیت دیشمکھ نے لاتور میں ٹیپو سلطان کے یومِ پیدائش کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی اور ان کی تصویر پر گلہائے عقیدت نذر کرکے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر کانگریس کے دیگر مقامی لیڈران بھی موجود تھے۔ امیت دیشمکھ کے اس اقدام پر بی جے پی نے سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیپو سلطان کسی بھی صورت میں ملک کیلئے قابلِ تقلید شخصیت نہیں ہوسکتے۔ پارٹی نے کانگریس رکن اسمبلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹیپو سلطان کی تصویر پرگلہائے عقیدت پیش کرنے کے ان کے فیصلے پر سوالات اٹھائے۔بی جے پی کا کہنا ہے کہ تاریخی شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے معاملے میں ان کے تاریخی رول اور عوامی جذبات کو ملحوظِ خاطر رکھا جانا چاہئے۔ اس واقعے کے بعد ریاست میں ٹیپو سلطان کے تاریخی رول اور ان کی یاد میں تقریبات کے انعقاد پر سیاسی بحث ایک مرتبہ پھر تیز ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ ٹیپو سلطان کی شخصیت اور تاریخی وراثت مہاراشٹر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان وقتاً فوقتاً بحث کا موضوع رہی ہے۔