Inquilab Logo

ایسا کچھ مت کیجئے کہ لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کرنا پڑے

Updated: June 30, 2020, 6:09 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے کی عوام سے اپیل، اعلان کیا کہ مشن ’نئی شروعات ‘کے تحت معاشی سرگرمیاں مرحلہ وار طریقے سےبحال کی جائیں گی مگر لاک ڈاؤن کی موجودہ پابندیاں  ۳۰؍ جون کےبعد بھی جاری رہیں گی، متنبہ کیا کہ کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے، بلاضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی اپیل، گھرپر عید منانے پر مسلمانوں کو شکریہ ادا کیا

Uddhav Thackeray - Pic : PTI
ادھو ٹھاکرے ۔ تصویر : پی ٹی آئی

وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نےاتوار کو سوشل میڈیا کے توسط سے مہاراشٹر کے عوام سے خطاب کرتےہوئے اعلان کیا ہے کہ کورونا کی وبا  کے خلاف ریاست کو ملنے والی کامیابیوں کے باوجود اس کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے اس لئے ۳۰؍ جون کو لاک ڈاؤن-۵؍ کی مدت مکمل ہونےکے بعد بھی موجودہ پابندیاں برقرار رہیں گی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے عوام سےگھروں پر رہنے اور ضوابط کی پابندی کی اپیل کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ایسا کچھ نہ کریں جس کی وجہ سے دوبارہ (سخت ) لاک ڈاؤن نافذ کرنا پڑے۔  اس بیچ معاشی سرگرمیاں بحال کرنے اور ریاست کی معیشت کو پٹری پر لانے کی یقین دہانی کرتےہوئے وزیراعلیٰ   نے کہا ہے کہ ’’گزشتہ ۱۵؍ دنوں میں ہم نے محتاط اور مرحلہ وار طریقے سے دکانیں اور دفاتر کھولنے شروع کئے ہیں،  ہم نے ممبئی میں لازمی خدمات کے شعبے میں کام کرنے والوں کیلئے لوکل ٹرینیں شروع کردی ہیں، ریاست کے دیہی علاقوں  میں چھوٹی  دکانیں اور کاروبارکھولنے کی اجازت دی ہے مگر وبا کا خطرہ اب بھی ہمارے سروں پر منڈلا رہاہے۔ ہم دھیرے دھیرے معاشی سرگرمیاں بحال کررہے ہیں،اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ  خطرہ ٹل گیاہے۔‘‘ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ’’میں  درخواست کرتاہوں کہ اسی صورت میں گھر سے باہر نکلیں  جب بہت زیادہ ضروری ہو۔‘‘
مسلم بھائیوں اور تمام مذاہب کے لوگوں کا شکریہ!
  انہوں نے معیشت کی بحالی کیلئے نئی شروعات (مشن  بگن اگین) کے نعرے کے تحت آہستہ آہستہ کاروبار اور تجارت شروع کرنے کی اجازت دینے کا یقین دلایا۔ ساتھ ہی   عوام سے گھروں میں ہی رہنے کی درخواست کرتے ہوئے عید اور دیگر تہوارگھروں میں منانے پر مسلمانوں اور دیگر مذاہب کے ماننے والوں کا شکریہ ادا کیا ۔وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نےاتوار کی دوپہر ڈیڑھ بجے سے تقریباً پونے گھنٹے تک کئے گئے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’ مَیں سبھی مذہب کے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہےجن میں ہندو، مسلم ، سکھ  اور عیسائی شامل ہیں جنہوںنے لاک ڈاؤن کے دوران ویسے ہی اپنے تہوار منائے جس طرح حکومت نےان سے درخواست کی تھی۔‘‘  
یہ لڑائی ادھوری نہیں چھوڑی جاسکتی
  وزیر اعلیٰ نے مزید کہا ہےکہ ’’آہستہ آہستہ دکانیںاور کاروبار شروع کرنے کی اجازت دینے کا یہ مطلب قطعی  نہیں  ہے کہ اب شہری بلا خوف اور کسی احتیاط کے بغیر گھوم پھر سکتے ہیں۔ اس طرح کی لاپروائی نہ کریں۔ انتہائی ضروری کام ہونے پرہی گھروں سے باہر نکلیں  ،بھیڑ نہ کریں۔منہ پر ماسک لگائیں اور بار بار صابن سے ہاتھ دھوتے رہیں یا معیاری سینیٹائزر کا استعمال کریں۔‘‘ انہوںنے مہاراشٹر کے عوام پر فخر کرتے ہوئے کہا کہ’’ مجھے فخر ہے کہ حکومت نے عوام سے جو بھی درخواست کی بہنوں اور بھائیوں نے اس پر عمل کیاہے۔‘‘ اس کے ساتھ  ہی وزیراعلیٰ نے متنبہ کیا کہ ’’حتمی مرحلے پر اس لڑائی کو ہم ادھوری نہیں چھوڑ سکتے، مجھے یقین ہے کہ آپ کا تعاون جاری رہےگا اور آپ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ لاک ڈاؤن کو دوبارہ نافذ نہ کرنا پڑے۔‘‘
 صحت یاب ہونےوالوں سے پلازمہ عطیہ کرنے کی اپیل
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ مہاراشٹر سرکار کورونا سے لڑنے کیلئے  ضروری دوائیں اور سہولتیں دینے میں پیچھے نہیں ہے۔ تمام  ضرورتوں  کو پورا کیا جارہا ہے۔ البتہ جو مریض کورونا وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں انہیں اپنا پلازمہ عطیہ کرنا چاہئے تاکہ دیگر متاثرہ مریضوں کی جان بچائی جاسکے۔‘‘
 انہوںنےبتایا کہ ’’ مہاراشٹر میں پلازمہ تھیراپی کی شروعات مارچ  اپریل سے  ہوچکی ہے ۔ ۱۰؍ مریضوں میں سے ۹؍ صحت یاب ہوئے ہیں جن میں سے ۷؍ گھر لوٹ چکے ہیں۔‘‘  وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ ملک میں سب سے زیادہ پلازمہ تھیراپی مہاراشٹر میں کی جارہی ہے۔لہٰذا کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریض جن میں اینٹی باڈیز تیار ہوئی ہیں انہیں آگے آ کر پلازمہ کا عطیہ کرنا چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK