ریاستی حکومت کے روکنے کے باوجود جلگائوں میں شیواجی مہاراج اور کارپوریشن عمارت کے احاطے میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمے کی نقاب کشائی ادھوٹھاکرے کے ہاتھوں ہوئی ۔جلسہ میں سیناسربراہ نےحکومت کوسخت تنقید کا نشانہ بنایا ، کہا : وزیراعلیٰ کو دہلی جانے کا وقت ہے لیکن جرانگے سے ملنے کا وقت نہیں ہے
ادھوٹھاکرے۔ تصویر:آئی این این
یہاں کے پمپرالہ چوک میں چھترپتی شیواجی مہاراج اور کارپوریشن عمارت احاطے میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمے کی نقاب کشائی پر ریاستی حکومت کے روک لگانے کے باوجود شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق مجسموں کی نقاب کشائی کی۔ اس بعد انہوں نےپمپرالہ کے من راج پارک میں منعقدہ ’ ونچ پُرتی سبھا ‘ سے خطاب سے کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی شیو سینا اور بی جے پی پر سخت تنقید کی ۔
ممبئی میں انڈیا اتحاد کی میٹنگ سے پہلے پوسٹر وار کے پس منظر میں دو ٹوک جواب دیتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہاکہ ’’جب۲۵؍ سال شیو سینا بی جے پی کے ساتھ اتحاد میں تھی تب شیوسینا کوبی جے پی بننے نہیں دیااب ویسے ہی ہی شیو سینا کانگریس نہیں بنے گی۔ شیو سینا کملا بائی کی پالکی لے جانے کیلئے نہیں بنی تھی۔‘‘شیوسینا کے سربراہ نے بی جے پی کو `کملا بائی کہاتھا۔یاد رہے کہ ممبئی میں ’انڈیا‘ اتحاد کی میٹنگ کے وقت شیوسینا کے سربراہ بالاصاحب ٹھاکرے کی تصویر کے ساتھ ایک پوسٹر لگایا گیا جس پر لکھا تھا’ `میں شیو سینا کوکانگریس بننے نہیں دوں گا‘۔ دوران خطاب اُدھو ٹھاکرے نے جی-۲۰؍ سربراہی اجلاس پر وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایااور کہا ’’ مودی نےانڈیا کے ذکر سے گریز کیا اور ’بھارت ‘کہہ رہے ہیں ۔یہ ہمارے ملک کی قسمت ہے کہ مودی `’بھارت ‘کہہ رہے ہیں ،میں اس سوچ میں تھا کہ کہیں وہ ملک کو اپنا نام تو نہیں دے دیں گے؟ آنے والے انتخابات میں ہم بھی ملک میں بدلاؤ کرنے والے ہیں ، ہم وزیراعظم بدلیں گے۔مودی حکومت نے ۱۰؍برس میں کیا کیا ہے؟‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’کچھ لوگوں کو اس وقت خارش ہوتی ہے جب وہ انڈیا کہنا شروع کر دیتے ہیں ۔‘‘
ادھوٹھاکرے نے وزیر اعظم مودی کو سردار ولبھ پٹیل کے سب سے اونچے مجسمے کاحوالہ دیا اور چیلنج بھی کیاکہ ’’سردار پٹیل کو لوگوں نےمرد آہن کا خطاب دیا ہے مگر آج کچھ لوگ خود کو مرد آہن کہتے ہیں ، وہ صرف نام کے ہیں ۔ پٹیل کے مجسموں کی اونچا ئی بڑھانے کے بجائے اپنے کام کا قد بڑھاؤ۔ سردار پٹیل نے مراٹھواڑہ میں فوج بھیج کر نظام کو بھگا دیاتھا، آج کے مرد آہن منی پور میں کارروائی کیا کریں گے ؟
نائب وزیر اعلیٰ فرنویس کو ہدف تنقیدبناتے کہا کہ ’’کچھ لوگوں کے سر میں ہوا بھرگئی ہے ، وہ اس ہوا کے زور سے غبارے کی طرح ہوا میں اوپر اٹھ گئے ہیں ۔ آپ(عوام ) کوان غباروں میں ٹاچنی چُبانا ہوں گی۔میں اقتدار کیلئے کوشش نہیں کرتا۔ اقتدار آیا یا چلا گیا،میں ملک کی قیادت کا خواب نہیں دیکھتا۔ بیداری کا کام مجھے وارثت میں ملا ہے۔‘‘
مراٹھا ریزرویشن کیلئے جالنہ میں بھوک ہڑتال کا معاملہ اٹھاتے ہوئے ادھوٹھاکرے نے کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ کے پاس دہلی جانے کا وقت ہے، جرانگے سے ملاقات کا وقت نہیں ہے۔ انہوں نے تنقید کی کہ جلیانوالہ میں اس طرح کے غیر انسانی مظالم کئے گئے تھے اور اب جلیانوالہ میں نیا ظلم کیا گیا ہے۔
اس موقع پر شیوسینا (ادھو) لیڈرسنجے رائوت نے کہا کہ ’’جس طرح ریاست کے حکمراں فیصلہ لینے کیلئےممبئی سے دہلی جاتے ہیں شیوسینا سربراہ بالا صاحب ٹھاکرے اور پارٹی کے سربراہ نے ممبئی میں بیٹھ کر سیاست کی، انہیں دہلی نہیں جانا پڑتا۔ ‘‘اس جلسے سے امباداس دانوے ،میئر جے شری مہاجن اورڈپٹی میئر کلبھوشن پاٹل نے بھی خطاب کیا ۔