• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

برطانیہ: آسمان پر ستاروں سے زیادہ مصنوعی سیارے دکھائی دینے لگے

Updated: November 22, 2026, 8:04 PM IST | London

زمین کے گرد مصنوعی سیاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے رات کے آسمان کا قدرتی منظر بدلنا شروع کردیا ہے۔ برطانیہ میں ہونے والی ایک تازہ تحقیق کے مطابق اب وہاں رات کے وقت ستاروں کے مقابلے میں مصنوعی سیارے زیادہ دکھائی دینے لگے ہیں۔ ماہرینِ فلکیات نے خبردار کیا ہے کہ اسٹارلنک سمیت دیگر سیٹلائٹ نیٹ ورکس کی توسیع سے مستقبل میں ستاروں، کہکشاؤں اور ملکی وے کا مشاہدہ مزید مشکل ہوسکتا ہے۔

The increasing brightness of artificial satellites in the night sky. Image: X
رات کے آسمان پر مصنوعی سیاروں کی بڑھتی ہوئی چمک۔ تصویر: ایکس

برطانیہ کے بیشتر قصبوں اور شہروں کے آسمان پر اب رات کے وقت قدرتی ستاروں کے مقابلے میں مصنوعی سیارے زیادہ دکھائی دینے لگے ہیں۔ ایک تازہ تحقیق کے مطابق زمین کے گرد مصنوعی سیاروں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد نے رات کے آسمان کی شکل بدل دی ہے۔ ماہرینِ فلکیات نے خبردار کیا ہے کہ اگر مصنوعی سیاروں کی تعداد اسی رفتار سے بڑھتی رہی تو ستاروں، کہکشاؤں اور دیگر اجرامِ فلکی کا مشاہدہ مزید مشکل ہوجائے گا۔ یہ تجزیہ پریسیژن انجینئرنگ کے شعبے سے وابستہ کمپنی ’’ایکیو کمپونینٹس‘‘ (Accu Components) نے کیا ہے۔ تحقیق کے دوران اکتوبر میں سات راتوں تک زمین کے گرد ۲؍ ہزار کلومیٹر سے کم بلندی پر گردش کرنے والے ۱۵؍ ہزار سے زیادہ فعال مصنوعی سیاروں کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا گیا۔ تحقیق میں معلوم ہوا کہ رات کے کسی بھی وقت ۷۰۰؍ سے زیادہ مصنوعی سیارے برطانیہ کے آسمان سے گزر رہے ہوتے ہیں۔ یہ تعداد ان ستاروں سے بھی زیادہ ہے جو درمیانے درجے کی روشنی کی آلودگی والے علاقوں میں عام طور پر انسانی آنکھ سے دکھائی دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ کے شمالی ترین شہر میں ۶۵؍ دن تک سورج طلوع نہیں ہوگا

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سات برسوں میں برطانیہ کے رات کے آسمان میں اتنی تبدیلی آئی ہے جتنی اس سے پہلے تقریباً ۶۰؍ برسوں میں نہیں دیکھی گئی تھی۔ اندازہ ہے کہ برطانیہ کے کسی اوسط درجے کے شہر کے اوپر ایک پوری رات کے دوران تقریباً ۱۳؍ ہزار مختلف مصنوعی سیارے گزرتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مستقبل میں مزید بڑے سیٹلائٹ نیٹ ورکس قائم ہونے کے باعث یہ تعداد بڑھنے کا امکان ہے۔ اس وقت زمین کے گرد نچلے مدار میں گردش کرنے والے فعال مصنوعی سیاروں میں اسپیس ایکس (SpaceX) کے اسٹارلنک (Starlink) نیٹ ورک کا حصہ دو تہائی سے زیادہ ہے۔ اسٹارلنک کا مقصد دنیا کے مختلف علاقوں میں سیٹیلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ مجموعی طور پر زمین کے گرد فعال مصنوعی سیاروں کی تعداد ۲۰؍ ہزار سے تجاوز کرچکی ہے، جب کہ ایک دہائی قبل یہ تعداد ایک ہزار سے کچھ زیادہ تھی۔ گزشتہ سال ریکارڈ ۴؍ ہزار ۵۱۰؍ مصنوعی سیارے خلا میں بھیجے گئے تھے اور رواں سال اس ریکارڈ کے ٹوٹنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ کا ہزاروں فریجوں کو ہیکر سے بچانے کے لیے خفیہ آپریشن کا آغاز: رپورٹ

اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے آنے والے برسوں میں خلا میں ۱۰؍ لاکھ مصنوعی سیارے بھیجنے کی درخواست بھی دی ہے۔ ان کا منصوبہ خلا میں قائم مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز کے لیے سیٹلائٹ نیٹ ورک تیار کرنا ہے۔ مصنوعی سیاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے ماہرینِ فلکیات میں تشویش پیدا کردی ہے۔ ان کے مطابق سیٹیلائٹ جب دوربینوں کے ذریعے لی جانے والی تصاویر کے سامنے سے گزرتے ہیں تو ان کی روشنی تصویر میں چمکتی ہوئی لکیریں پیدا کرتی ہے، جس سے ستاروں، کہکشاؤں اور دیگر اجرامِ فلکی کا مشاہدہ متاثر ہوتا ہے۔ پرنسٹن یونیورسٹی کے پروفیسر گاسپار باکوش کے مطابق زمین کے گرد موجود مصنوعی سیارے روشنی کی آلودگی کی ایک نئی قسم بن چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نچلے مدار میں گردش کرنے والے سیارے خاص طور پر زیادہ روشن ہوسکتے ہیں۔ اگر ہزاروں مزید سیارے خلا میں بھیجے گئے تو رات کے آسمان، ستاروں کے جھرمٹ اور ملکی وے کہکشاں کا قدرتی منظر شدید متاثر ہوسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK