• Wed, 25 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوکرین جنگ کے آغاز سےاب تک تقریباً۵؍ لاکھ روسی فوجی ہلاک: روسی اعداد و شمارظاہر

Updated: November 25, 2026, 10:01 PM IST | Kremlin

روس یوکرین جنگ کےفروری۲۰۲۲ء میں آغاز سے اب تک کم از کم۴۹۰۳۳۴؍ روسی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، روس کی وفاقی شماریاتی ایجنسی روس اسٹیٹ کے لیک شدہ اعداد و شمار کے مطابق یہ بات سامنے آئی ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

روس یوکرین جنگ کےفروری۲۰۲۲ء میں آغاز سے اب تک کم از کم۴۹۰۳۳۴؍ روسی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، روس کی وفاقی شماریاتی ایجنسی روس اسٹیٹ کے لیک شدہ اعداد و شمار کے مطابق یہ بات سامنے آئی ہے۔بی بی سی رشین نے بیلاروسی گروپ سائبر پارٹیزنز بی وائی اور یوکرین کے سائلنٹ کرو کی ہیکنگ کے بعد۲۰۲۱ء سے ستمبر۲۰۲۶ء تک۱۱؍ ملین سے زیادہ موت کے ریکارڈ تک رسائی حاصل کی۔ریکارڈز کے تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ۲۰۲۵ء میں ہلاک ہونے والے۱۸؍ سے ۲۴؍ سال کی عمر کے۶۵؍ فیصد نوجوان یوکرین جنگ میں مارے گئے۔

یہ بھی پڑھئے: روس کا مقابلہ کرنےکیلئے یوکرین کوآئندہ سال کم از کم۱۱۵؍ ارب یورو درکار: زیلنسکی

دوسری جانب میدان جنگ میں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے خبردار کیا کہ یوکرین کی جانب سے روسی تیل تنصیبات پر حملے جاری رکھنے کے بعد جوابی کارروائی ’’ناگزیر‘‘ ہے، حالانکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایسا نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔واضح رہے کہ یوکرینی ڈرونز نے بدھ کی رات روس کے اندر تقریباً۸۰۰؍ کلومیٹر دور سمارا ریجن میں دو مزید بڑی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جہاں مقامی رہائشیوں نے ریفائنریوں میں بڑی آگ لگنے کی اطلاع دی۔پوتن نے منگل کو کریملن میں حکومتی عہدیداروں اور تیل کے حکام کے اجلاس میں کہا کہ یوکرین ’’امریکی صدر کی اپیل اور ایسے حملوں سے باز رہنے کی براہ راست درخواست کے باوجود ہماری ریفائننگ تنصیبات پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔‘‘
دوسری جانب ایسٹونیا یکم دسمبر کو روس کے ساتھ اپنی سرحد بند کر کے یورپ کی رہنمائی کر رہا ہے، اور یورپ پر زور دے رہا ہے کہ وہ پوتن کی جارحیت کو زیادہ سنجیدگی سے لے۔ہنگری کے وزیر اعظم پیٹر میگیار نے منگل کو یوکرین کے دورے کے دوران تعلقات میں ’’تازہ آغاز‘‘ کا خیر مقدم کیا، جہاں انہوں نے ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ تجارت، توانائی تعاون اور ٹرانسپورٹ روابط بڑھانے پر بات چیت کی۔ہنگری سابق لیڈر وکٹر اوربان کے دور میں یورپی یونین میں یوکرین کی رکنیت کی کوشش میں سب سے بڑی رکاوٹ تھا۔ تاہم اپریل میں میگیار کے اقتدار میں آنے کے بعد تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔میگیار نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا، ’’ہم اعتماد کو مضبوط کرنے کی جانب اہم اقدامات کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ تمام ہمسایوں کے مفاد میں ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ اچھے تعلقات رکھیں۔‘‘علاوہ ازیں زیلنسکی نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے یوکرین کو ہنگری کے ڈیزل کی برآمدات بڑھانے، ہنگری کی کمپنیوں کو یوکرینی گیس ذخیرہ کرنے کی سہولیات استعمال کرنے کی اجازت دینے اور سرحد پار ریل رابطوں کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’ایران کے خلاف فوری کارروائی کی ضرورت نہیں‘‘

دریں اثنا یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے کہا کہ روس نے۲۴؍ فروری۲۰۲۲ء سے اب تک یوکرین میں ۱۶۴۳۵۸۰؍فوجی کھوئے ہیں، اور گزشتہ روز کم از کم۲۰۹۱؍ جانی نقصان ہوا۔بعد ازاں فنانشل ٹائمز نے بدھ کو رپورٹ کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے روس کو جنگ ختم کرنے کے لیے کاروباری معاہدوں کو ترغیب کے طور پر استعمال کرنے کی تجاویز کو خاموشی سے ترک کر دیا ہے، کیونکہ روس نے توانائی اور ہوا بازی کے منصوبوں میں کم دلچسپی ظاہر کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK