• Mon, 05 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

الہاس نگر: بی جے پی صدر کے منچیکر گینگ سے تعلقات کا سنسنی خیز الزام!

Updated: October 05, 2026, 10:58 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Ulhasnagar

شندے سینا کی میئر کے شوہر کے الزام سے سنسنی۔بی جے پی کارکنان نے سبق سکھانے کی دھمکی دی۔ بنگلہ کے باہر پولیس بندوبست۔

Police security arrangements have been made outside the mayor`s bungalow. Photo: INN
میئر کے بنگلے کے باہر حفاظت کےلئے پولیس بندوبست کیا گیا ہے۔ تصویر: آئی این این

الہاس نگر میں بی جے پی اور شیو سینا ( شندے) کے مابین جاری رسہ کشی انتہائی تلخ اور سنگین موڑ پر پہنچ گئی ہے۔الہاس نگر میونسپل کارپوریشن میں نامزد کارپوریٹر کے عہدوں پر تقرری کے معاملے نے ایک ایسی سیاسی چنگاری کا روپ دھار لیا ہے جس نے مقامی سطح پر اتحاد کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ دونوں  پارٹیوں کے لیڈروں نے ایک دوسرے کیخلاف گینگسٹروں سے روابط، چوری اور سنگین جرائم کے الزامات عائد کرتے ہوئے سیاسی اخلاقیات کی تمام حدیں پار کر دی ہیں جس کے بعد اس  تنازع کے اثرات ریاستی سطح کی سیاست پر پڑنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

گزشتہ روز بی جے پی نے پریس کانفرنس کے دوران شندے سینا پر بدعنوانی، دھوکہ دہی اور مبینہ مجرمانہ پس منظر رکھنے والی شخصیات کی سرپرستی کا الزام عائد کرتے ہوئے الہاس نگر میں مقامی سطح پر قائم اتحاد سے باضابطہ طور پر دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔ بی جے پی نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ آئندہ کسی بھی انتخابی مہم میں پارٹی لوک سبھا رکن اور شندے سینا کے رہنما شری کانت شندے کے ساتھ تعاون نہیں کرے گی۔

یہ بھی پڑھئے:جے جے کمپلیکس کا ۱۰؍منزلہ سپراسپیشلیٹی اسپتال افتتاح کا منتظر

بی جے پی کے اس جارحانہ موقف کے بعد شندے سینا کے خیمے میں بھی زبردست سیاسی ہلچل پیدا ہوگئی۔صورتحال پر اپنا موقف واضح کرنے کے لئے شری کانت شندے کے مقامی رابطہ دفتر میں شیو سینا کی جانب سے پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں امبرناتھ کے رکن اسمبلی ڈاکٹر بالاجی کینیکر، الہاس نگر کی میئر اشونی نکم اور شیو سینا کے تمام کارپوریٹرس سمیت پارٹی کے متعدد مقامی عہدیداران موجود تھے۔پریس کانفرنس میں سب سے زیادہ سخت اور متنازع بیان میئر اشونی نکم کے شوہر اور شیو سینا کے لیڈر کملیش نکم نے دیا۔

انہوں نے بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان کو براہِ راست نشانہ بناتے ہوئے انتہائی سنگین الزام عائد کیا کملیش نکم نے کہا کہ اگر پپو کلانی کو گینگسٹر قرار دیا جاتا ہے تو بی جے پی کو یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ اس کے ریاستی صدر رویندر چوہان ماضی کی بدنام زمانہ منچیکر گینگ کے آپریٹر رہ چکے ہیں۔کملیش نکم نے مزید کہا کہ رویندر چوہان کی سیاست کلیان۔ڈومبیولی تک محدود ہے اور وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کو چاہیے کہ انہیں فوری طور پر بی جے پی کے ریاستی صدر کے عہدے سے برطرف کریں۔ان کے اس بیان نے پہلے سے کشیدہ سیاسی ماحول کو مزید گرما دیا ہے۔

کملیش نکم کے بیان کے بعد بی جے پی کارکنوں میں شدید ناراضگی پھیل گئی۔اسی دوران سوشل میڈیا پر ایک مبینہ دھمکی آمیز ویڈیو وائرل ہوگیا جس میں نکم کے خلاف ’جہاں ملے گا، وہیں ماریں گے‘ جیسے الفاظ استعمال کئے گئے۔ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد پولیس انتظامیہ حرکت میں آگیا اور میئر اشونی نکم کی رہائش گاہ کے باہر بھاری پولیس بندوبست تعینات کردیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK