Inquilab Logo

الہاس نگر میں ٹینڈر گھوٹالہ: بی جے پی -شیوسینا آمنے سامنے

Updated: January 31, 2024, 10:55 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

ایم پی شری کانت شندے اور ریاستی وزیر رویندر چوہان کی جے شری رام کا نعرہ لگا کر کی پلہ جھاڑنے کی کوشش

Ulhasnagar  Municipal Corporation Building.
الہاس نگر میونسپل کارپوریشن کی عمارت۔

شیوسینا (شندے گروپ ) اور بی جے پی ’میونسپل کارپوریشن ٹینڈر گھوٹالہ پر آمنے سامنے ہیںلیکن جب  ایک پروگرام میں ریاستی وزیر برائے تعمیرات رویندر چوہان  اور رکن پارلیمنٹ شری کانت شندے سے ٹینڈر گھوٹالے سے متعلق  سوال پوچھا گیا تو دونوں نے جے شری رام کا نعرہ  لگاکر گھوٹالے کے موضوع پر کچھ بھی کہنے سےگریز کیا۔
 الہاس نگر میونسپل کارپوریشن کی حدود میں ہزاروں کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی کام جاری ہیں۔ایک ہفتہ قبل بی جے پی کے رکن اسمبلی کمار ایلانی نے ۱۰۰ ؍کروڑ روپے کے ٹینڈر گھوٹالہ کا انکشاف کیا تھا۔شیوسینا(شندے گروپ ) کے لیڈر ارون آشیان نے ایک مخصوص ٹھیکیدار کو کام دینے کیلئے جعلی دستاویزات تیار کرکے اسے ٹینڈر دلانے کا سنسنی خیز الزام لگاتے ہوئے شہری انتظامیہ سے تحریری شکایت کی تھی۔رکن اسمبلی کمار ایلانی نے میونسپل کمشنر عزیز شیخ  سے ملاقات کرکے ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔بی جے پی نے شندے گروپ پر کروڑوں روپے کے فنڈ میں گھوٹالہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے محکمہ جاتی انکوائری کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ قبل ازیں گول میدان میں منعقدہ  ایک پروگرام کے دوران کلیان لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ شری کانت شندے  سے جب کروڑوں روپے کے ٹینڈر گھوٹالے سے متعلق سوال پوچھا گیا تو انہوں نے صرف جے شری رام کا نعرہ لگایا۔ بعد ازاں بی جے پی کے ریاستی وزیر رویندر چوہان نے بھی  جے شری رام کا نعرہ لگایا ۔ اس بارے میں عام شہریوں کا کہنا ہے کہ اتنے سنجیدہ  موضوع پر رکن پارلیمنٹ اور رکن اسمبلی نے معاملے کی انکوائری کرنے کے بجائے  مذہبی نعرہ  لگاکر پورے گھوٹالے کو دبانے کی کوشش کی۔

ulhasnagar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK