Inquilab Logo

الہاس نگر: نائٹروجن سے بھرے ٹینکر میں دھماکہ ،۲؍ افراد ہلاک،۲؍لاپتہ اور ۶؍ زخمی

Updated: September 24, 2023, 10:03 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

کیمپ نمبر ایک میں واقع سنچری ریان کمپنی کے پلانٹ میں کھڑے ٹینکر میں ہوئے زبردست دھماکہ سے ۲؍افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ۲؍ افراد لاپتہ بتائے جارہے ہیں۔

The sound of the explosion was heard up to a kilometer away.Photo. INN
دھماکہ کی آواز ایک کلومیٹر دور تک سنائی دی تھی۔ تصویر:آئی این این

کیمپ نمبر ایک میں واقع سنچری ریان کمپنی کے پلانٹ میں کھڑے  ٹینکر میں ہوئے زبردست دھماکہ سے ۲؍افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ۲؍ افراد لاپتہ بتائے جارہے ہیں۔ الہاس نگر زون ۴؍کے ڈی سی پی نے بتایا کہ اس دھماکہ میں ۶؍افراد زخمی ہیں جن کا کمپنی کے ہی اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
 الہاس نگر کیمپ نمبر ایک شہاڈ میں واقع سنچری ریان کمپنی میں سنیچر کی صبح تقریباً ساڑھے ۱۱؍ بجے سی ایس ٹو پلانٹ کے نزدیک گجرات سے آئے ہوئے نائٹروجن گیس سے بھرے  ٹینکر (ٹی ایچ ۰۴-جی ایس۲۴۸۷) کے پاس زور دار دھماکہ ہوا۔ذرائع کے مطابق ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ دھماکہ ٹینکر میں ہوا یا کاربن ڈائی سلفر کے پلانٹ میں؟یہ دھماکہ اتنا زبردست تھا کہ کمپنی کے اطراف ایک کلو میٹر تک اس کی آواز سنی گئی جبکہ  شہاڈ پھاٹک، گلشن نگر اور برلا گیٹ کے آس پاس کے گھروں کی دیواریں ہل گئیں۔ دھماکہ کے بعد ٹینکر کا ڈرائیور پون یادو اور پلانٹ کا ہیلپر اننت ڈنگورے لاپتہ بتائے جارہے ہیں۔ جبکہ شیلش یادو اور راجیش سریواستو ہلاک ہوگئے ہیں۔ درحقیقت جس جگہ ٹینکر کا دھماکہ ہوا وہاں انسانی اعضاء چاروں طرف بکھرے ہوئے نظر آرہے تھے۔ ایسا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ جو۲؍ افراد لاپتہ ہیں یہ ان کے ہی اعضاء ہو سکتے ہیں۔ دھماکہ شدہ ٹینکر کے پاس کھڑے یوریکا کمپنی کا ڈرائیور پنڈت لکمشن مورے،کلینر ہنس راج چروتے سمیت سنچری ریان کمپنی کے ساگر زالٹے،امیت بھرنوکے،پرکاش نکم اور محمد ارمان نامی مزدور زخمی ہوگئے ہیں جن کا  سنچری ریان اسپتال میں علاج جاری ہے۔کمپنی کے پی آر او مہیول للکا نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکہ میں ۲؍ افراد ہلاک ،۲؍ لاپتہ اور ۶؍افراد زخمی ہوگئے ہیں۔پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مرنے والے مزدوروں کے اہل خانہ اور زخمیوں کوہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی نیز ٹینکر میں ہوئے دھماکہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK