اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں شدید بارش اور طوفان کے باعث ہزاروں عارضی پناہ گاہیں تباہ ہو گئی ہیں جبکہ اسرائیلی انخلاء کے احکامات نے پہلے سے جاری انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
EPAPER
Updated: January 21, 2026, 10:00 PM IST | Gaza
اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں شدید بارش اور طوفان کے باعث ہزاروں عارضی پناہ گاہیں تباہ ہو گئی ہیں جبکہ اسرائیلی انخلاء کے احکامات نے پہلے سے جاری انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
اقوام متحدہ نے غزہ میں حالیہ طوفانی بارش سے ہونے والی تباہی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یو این حکام کے مطابق شدید موسم کے باعث کم از کم ۴؍ ہزار سے زائد خاندانوں کی عارضی پناہ گاہیں یا تو مکمل طور پر منہدم ہو گئیں یا شدید نقصان کا شکار ہوئیں، جس سے پہلے ہی بے گھر آبادی کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان حق نے بتایا کہ بارش نے تقریباً ۸۰؍ مقامات کو متاثر کیا۔ ان علاقوں میں رہنے والے خاندانوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ، خوراک، صاف پانی، کمبل اور دیگر بنیادی اشیاء کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق امدادی ادارے ہنگامی بنیادوں پر مدد فراہم کر رہے ہیں، تاہم خراب موسم، تباہ شدہ راستوں اور محدود وسائل کے باعث امدادی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
One million people across Gaza still urgently require emergency shelter assistance.
— Mohamad Safa (@mhdksafa) January 18, 2026
Adequate shelter is a legal obligation, not a political choice. pic.twitter.com/9xR5AePeNd
اقوام متحدہ نے واضح کیا کہ موجودہ صورتحال میں صرف عارضی امداد کافی نہیں۔ متاثرہ علاقوں میں پائیدار رہائشی حل، ملبہ ہٹانے، نکاسیٔ آب اور صفائی کے نظام کی بحالی ناگزیر ہے تاکہ آئندہ بارش سے مزید نقصان روکا جا سکے۔ یو این کے مطابق غزہ میں پہلے ہی گھروں، بنیادی ڈھانچے اور خدمات کی شدید کمی ہے، جس نے انسانی بحران کو انتہائی نازک بنا دیا ہے۔ ادھر اسرائیلی فوج کی جانب سے خان یونس کے مشرقی علاقوں میں نئے انخلاء کے احکامات نے حالات کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق ان علاقوں میں اب بھی سینکڑوں خاندان موجود ہیں جو محفوظ راستوں اور مناسب رہائش سے محروم ہیں۔ یو این نے زور دیا ہے کہ شہریوں کو محفوظ طریقے سے نقل مکانی کی اجازت دی جائے اور حالات بہتر ہونے پر واپسی کا حق بھی یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ جنگ بندی کے ۱۰۰؍ دن: امدادی کارروائیوں میں اب بھی اسرائیلی رکاوٹیں: یو این
ماہرین کے مطابق جنگ، محاصرے اور محدود رسائی کے باعث غزہ پہلے ہی شدید انسانی بحران کی زد میں ہے۔ حالیہ طوفانی بارشوں نے اس بحران میں ایک اور خطرناک پہلو شامل کر دیا ہے، جہاں لاکھوں افراد موسم، بے گھری اور امداد کی کمی کے دوہرے دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے فوری اور مؤثر امداد کی اپیل کی ہے تاکہ صورتحال مزید بگڑنے سے روکی جا سکے۔