Updated: October 21, 2026, 10:09 PM IST
| New York
یورپ کے کئی ممالک میں جاری بڑے پیمانے پر مظاہروں کے دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظاہرین پر طاقت کے مبینہ غیر ضروری استعمال پر اقوامِ متحدہ نے تشویش ظاہر کی ہے۔ اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تشدد روکنے، ذمہ داروں کے احتساب اور نوجوانوں سمیت مظاہرین سے بامقصد مکالمے کو یقینی بنائیں۔
وولکر ترک۔ تصویر: آئی این این
اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے منگل کو فرانس، بلجیم، اٹلی، پرتگال اور البانیہ سمیت یورپ کے کئی ممالک میں جاری بڑے پیمانے پر مظاہروں کے دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ وولکر ترک نے ایک بیان میں کہا کہ ’’البانیہ، بلجیم، فرانس، اٹلی اور پرتگال میں بڑے پیمانے پر جاری احتجاجی مظاہرے انسانی حقوق سے متعلق خدشات پیدا کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے تشدد کے تمام واقعات کی مذمت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ ’’میں تمام متعلقہ فریقوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کشیدگی کم کریں اور مزید تشدد کو روکنے کیلئے اقدامات کریں۔ آگے بڑھنے کا بہترین اور واحد راستہ جامع اور محفوظ مکالمہ ہے۔ ‘‘وولکر ترک نے اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کو پُرامن احتجاج کرنے اور اپنی آواز بلند کرنے کا حق حاصل ہے، جبکہ ریاستوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان حقوق کے استعمال کو ممکن بنائیں۔
یہ بھی پڑھئے: میٹا پر اسرائیلی بوٹس کی اجتماعی رپورٹنگ کے ذریعے اکاؤنٹس بند کرانے کا الزام
انہوں نے کہا کہ ’’مجھے مظاہرین، جن میں بچے بھی شامل ہیں، کے خلاف غیر ضروری اور حد سے زیادہ طاقت کے استعمال کی اطلاعات پر تشویش ہے۔ ریاستوں کو یقینی بنانا چاہئےکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کیا جانے والا ہر اقدام قانونی، ناگزیر اور حالات کے تناسب سے ہو۔ ‘‘انہوں نے طاقت کے غیر قانونی استعمال کے الزامات کی فوری، مؤثر اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ بعض حکام کی جانب سے واقعات کی تحقیقات اور کشیدگی کم کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وولکر ترک نے حکومتوں پر زور دیا کہ وہ مظاہرین، خصوصاً نوجوانوں، کے ساتھ بامقصد، جامع اور تعمیری مکالمے کا آغاز کریں۔