• Wed, 18 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

برآمداتی فروغ مشن کے تحت اب مزید برآمد کنندگان کو زیادہ اشیاء کی برآمد پر مدد مل سکے گی

Updated: November 18, 2026, 5:01 PM IST | New Delhi

مرکزی حکومت کے محکمہ تجارت نے برآمداتی فروغ مشن کے ایک جزو کو مزید لچکدار بنا دیا ہے جس سے غیر ملکی تجارتی میلوں میں شرکت کے لیے دی جانے والی امداد کے لیے نسبتاً بڑے برآمد کنندگان بھی اہل ہو جائیں گے۔ اس کا فائدہ برآمد کنندگان کی ایک بڑی تعداد کو دستیاب ہو سکے گا۔

Export.Photo:INN
برآمدات۔ تصویر:آئی این این

مرکزی حکومت کے محکمہ تجارت نے برآمداتی فروغ مشن کے ایک جزو کو مزید لچکدار بنا دیا ہے جس سے غیر ملکی تجارتی میلوں میں شرکت کے لیے دی جانے والی امداد کے لیے نسبتاً بڑے برآمد کنندگان بھی اہل ہو جائیں گے۔ اس کا فائدہ برآمد کنندگان کی ایک بڑی تعداد کو دستیاب ہو سکے گا۔ کامرس اور صنعت کی وزارت کی ایک ریلیز کے مطابق برآمد کنندگان کو مزید بہتر امداد فراہم کرنے اور ان کی شرکت بڑھانے کے لیے، ۱۷؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو ایکسپورٹ پروموشن مشن  (ای پی ایم) کی نریات دشا  ذیلی اسکیم کے تحت چار اقدامات کے رہنما خطوط میں ترمیم کی گئی ہے۔ ان میں بازاروں کے ساتھ رابطہ جوڑنے کے لیے امداد (ایم اے ایس)، تجارتی ضوابط، ایکریڈیٹیشن اور تعمیل میں صلاحیت پیدا کرنے کی امداد (ٹریس)، اور لاجسٹکس میں مدد (لفٹ) کے اقدامات شامل ہیں۔ ترمیم شدہ رہنما خطوط کے تحت اب خریدار و فروخت کنندہ کانفرنسوں ، تجارتی میلوں اور تجارتی وفود میں شرکت کے لیے ہوائی کرایے کی واپسی حاصل کرنے کے لیے کاروبار کی حد سے متعلق شرط کو مزید نرم بنایا گیا ہے۔ اس سے ۵۰؍ کروڑ روپے تک کا کاروبار کرنے والے برآمد کنندگان بھی اس کے اہل ہوں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے:شہزادہ ولیم، کرن جوہر کے دھرما پروڈکشنز پہنچے، ستاروں سے ملاقات

پہلے یہ حد ۷۵؍ لاکھ روپے تھی۔ اسی طرح مائیکرو اور چھوٹے برآمد کنندگان کے لیے ہوائی کرایے کی واپسی کو بڑھا کر ۹۵؍ فیصد تک، اور دیگر اہل برآمد کنندگان کے لیے ۸۰؍ فیصد تک کر دیا گیا ہے۔ایکسپورٹ پروموشن کونسل  کے ساتھ لازمی رکنیت کی کم از کم مدت کی شرط کو چھ ماہ سے گھٹا کر تین ماہ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ایم ایس ایم ای اکائیوں کو تعمیل کے قابل بنانے میں مدد کرنے والے اقدام ٹریس کے تحت اہلیت سے متعلق ترمیم شدہ رہنما خطوط کے تحت، واپسی کے لیے اہل سرٹیفکیٹس کی فہرست کو ۴۶۲؍ سے بڑھا کر ۶۰۰؍ کر دیا گیا ہے۔ اس طرح اکائیوں کو اب پہلے سے زیادہ معاملات میں تعمیل کی صلاحیت کے لیے مدد مل سکے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے:سُرشتی شرما نے پھر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کروایا، وزیر اعلیٰ نے کی ستائش

 اسی طرح لاجسٹکس کے معاملات میں مدد کے لفٹ اقدام کے تحت کم برآمداتی شدت والے اضلاع کے دائرے کو ۱۳؍ ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے بڑھا کر ۳۴؍ ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں تک کر دیا گیا ہے۔ اس میں اہل بندرگاہوں کے زمروں کو وسعت دی گئی ہے، جس میں اب لینڈ کسٹمز اسٹیشن  اور انٹیگریٹڈ چیک پوسٹ  کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ نقل و حمل کے موجودہ ذرائع-سڑک، ریل اور فضائی راستے-میں اب آبی گزرگاہوں کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح برآمداتی کھیپوں کے لیے ہوائی مال برداری (ایئر فریٹ) امداد کو وسعت دی گئی ہے۔ اب یہ شمال مشرقی خطے کے علاوہ جموں و کشمیر اور لداخ میں بھی دستیاب ہوگی۔ ابتدائی اور منزل مقصود کی بندرگاہوں (یا مراکز) کے درمیان کم از کم فاصلے کی اہلیت کی شرط کو ۲۰۰؍ کلومیٹر سے گھٹا کر ۱۰۰؍ کلومیٹر کر دیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی ممنوعہ فہرست کی اشیاء کو چھوڑ کر برآمد کے قابل تمام اشیاء کو اس امداد کے دائرے میں لایا گیا ہے۔کابینہ نے گزشتہ سال ۱۲؍ نومبر کو برآمداتی فروغ مشن کو منظوری دی تھی۔ اس کے لیے مالی سال ۲۶۔۲۰۲۵ء سے مالی سال۳۱۔۲۰۳۰ء کی مدت کے لیے۲۵۰۶۰ ؍ کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اس مشن کا مقصد ہدف شدہ مالی اور غیر مالی امداد کے ذریعے ہندوستان کی برآمداتی مسابقت کو مضبوط بنانا ہے۔ اس میں مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے شعبے کی پہلی بار برآمد کرنے والی اکائیوں اور کم نمائندگی والے علاقوں سے برآمدات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK