Inquilab Logo

’’اڈانی کے ذریعے کئے جانے والے دھوکے کو سمجھیں ،دھاراوی واسی‘‘

Updated: January 29, 2024, 11:32 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Dharavi

اڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ مہم کے دوران۶؍ الگ الگ مقامات پر کارنر میٹنگیں۔ ’کوئی بھی نہیں جائے گا ملنڈ‘ کا نعرہ بلند کیا گیا۔

Slogans are being raised against development by Adani in Dharavi. Photo: Inquilab
دھاراوی میں اڈانی کے ذریعے ڈیولپمنٹ کے خلاف نعرے لگائے جارہے ہیں۔ تصویر:انقلاب

اڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ مہم کے تحت اتوار کو‌ سہ پہر سے رات ۹؍ بجےتک شیوسینا‌ دفتر کے سامنے ابھیودے بینک مین‌روڈ، کٹی واڑی میدان کراس روڈ، اے بی سی بلڈنگ، گنیش مندر کراس روڈ، بیٹ چوکی نمبر تین کے سامنے، ناگ منی ٹی وی سینٹر کامراج اسکول کے پاس اور آزاد بیکری، ۹۰؍فٹ روڈ پر، اس طرح ۶؍ الگ الگ مقامات پر کارنر میٹنگیں کی گئیں اور اڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ اور کوئی بھی نہیں جائے گا ملنڈ، کا نعرہ بلند کیا گیا۔ 
 یاد رہے کہ ملنڈ میں اڈانی گروپ کو ۴۶؍ ایکڑ اورزکات ناکے پر ۱۸؍ ایکڑ زمین بی ایم سی کے ذریعے دلانے اور دھاراوی واسیوں کو غیر قانونی قرار دے کر انہیں ملنڈ منتقل کرنے کی سرکار کی ملی بھگت سے سازش کی گئی ہےلیکن‌ دھاراوی کے لوگ مل کر اس منصوبے کو ناکام بنادیں گے‌۔ کامریڈ نصیرالحق نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساتھیو، یاد رکھیے یہ آپ کے اور آپ کے بچوں کے مستقبل کا معاملہ ہے۔ ایف ایس آئی سے لے کر ساری چیزیں اڈانی گروپ کے حوالے کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے حاضرین سے سوال کیا کہ آخر اڈانی کو سروے کی ذمہ داری کیوں دی گئی ؟ یہ تو ویسے ہی ہے جیسے دودھ کی رکھوالی بلی کے حوالے کردی جائے۔ بھلا اڈانی گروپ کب دھاراوی واسیوں کا نفع چاہے گا۔ وہ تو چاہے گا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ غیر قانونی قرار دے دیئے جائیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ بھی یاد رکھئے کہ آپ کو ہٹانے کی پوری تیاری کی جارہی ہے مگر آپ کی ایکتا اور سنگھرش اس سے بڑی طاقت ہے۔ مہم سے جڑیئے اور اپنے مستقبل اور آشیانے کی خود حفاظت کیجئے۔ 
 ‌سنجے بھالے راؤ کے مطابق یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ ہم‌ سب چلا چلاکر سروے کا مطالبہ کررہے ہیں اور نیا سروے کرانے کے بجائے تین سے چار لاکھ مکینوں کو غیر قانونی بھی قرار دے دیا گیا اور ان کو مکان دینے کا بھی اعلان کردیا گیا۔ یہ ایسا خواب ہے جو ہم سب کو دکھایا جارہا ہے لیکن یہ کبھی حقیقت میں نہیں بدلے گا۔ 
سامیا آر کورڈے نے کہا کہ یہ میٹنگیں دھاراوی کے غریب عوام کے مستقبل کو بچانے، ان کی رہنمائی کرنے، ان کو حوصلہ دینے اور ان کو جوڑنے کے لئے کی جارہی ہیں ۔ حکومت کی نیت صاف نہیں ہے، وہ بھی اڈانی کے ذریعے غریبوں کی بھلائی کی آڑ میں انہیں یہاں سے بے دخل کردینا چاہتی ہے۔ اس لئے ابھی سے تیار ہوجائیے اور سازش کو سمجھئے۔ 
 شیوسینا کےسابق رکن اسمبلی بابو راؤ مانے نے کہا کہ اڈانی گروپ کے ذریعے دیئے جانے والے دھوکے کو آپ اور ہم جتنی جلد سمجھ لیں گے، بہتر ہوگا ورنہ روزانہ نئے نئے تماشے کئے جارہے ہیں اور لوگوں کو گمراہ کرنے کیلئے اڈانی گروپ نے پوری فوج اتار دی ہے۔ 
 کامریڈ شیلیندر کامبلے نے کہا کہ یہ کارنر میٹنگیں ہر گھر کو دھاراوی بچانے کی مہم سے جوڑنے کا نسخہ ہیں ۔ اگر آج دھاراوی واسی بیدار نہ ہوئے اور انہوں نے اپنے اتحاد اور سنگھرش سے اڈانی کو ہٹانے اور ٹھیکہ رد کرنے پر حکومت کو مجبور نہ کیا تو آنے والی نسلیں اس کا خمیازہ بھگتیں گی۔ بہت ممکن ہے کہ خاموش رہنے پر ملنڈ ہی نہیں کہیں اور بھی ہم سب کو دھکیل دیا جائے۔ اس لیے مہم کو طاقت دیجئے اور اپنا نفع نقصان خود سمجھئے۔ مہم ۵؍فروری تک جاری رہے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK