Inquilab Logo

مرکزی وزارت اقلیتی امور نے مولانا آزاد ایجوکیشن فائونڈیشن کو بند کردیا

Updated: February 28, 2024, 5:20 PM IST | New Dehli

یہ فیصلہ ۷؍ فروری کو کیا گیا اور اس تعلق سے نوٹیفکیشن بھی اسی تاریخ کو جاری کردیاگیا تھا لیکن میڈیا کی نظروں میں یہ اب آیا ہے۔

Maulana Azad Education Foundation. Photo: INN
مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن۔ تصویر: آئی این این

مرکزی وزارت اقلیتی امور نے بغیر کسی نوٹس کے اور بغیر کوئی وجہ بتائے مسلم اقلیت کی تعلیمی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے مولانا آزاد ایجوکیشن فائونڈیشن کو بند کردیا ہے۔ یہ فیصلہ ۷؍ فروری کو کیا گیا اور اس تعلق سے نوٹیفکیشن بھی اسی تاریخ کو جاری کردیاگیا تھا لیکن میڈیا کی نظروں میں یہ اب آیا ہے۔ 
واضح رہے کہ وزارت کی جانب سے اس فائونڈیشن کو بند کرنے کا کوئی معقول جواز پیش نہیں کیا گیا ہے اورنہ یہ بتایا گیا ہے کہ کن بنیادوں پر یہ فیصلہ کیا جارہا ہے۔ ۱۹۸۹ء میں قائم کئے گئے اس فائونڈیشن کے ذریعے بیگم حضرت محل اسکالر شپ اسکیم، خواجہ غریب نواز اسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ اسکیم اور دیگراسکیمیں چلائی جاتی تھیں جن سے ملک کے طول و عرض کے مسلمان مستفید ہوتے تھے اور تعلیمی میدان میں کارہائے نمایاں انجام دیتے تھے۔ 
وزارت کی جانب سے فائونڈیشن کو بند کردینے سے جہاں اس کی اسکیموں کا مستقبل تاریک ہو گیا ہے وہیں یہاں کام کرنے والے ۴۳؍ ملازمین جو کانٹریکٹ پر تھے ان کا معاہدہ بھی اچانک ختم کردیا گیا ہے۔ وز ارت نے فائونڈیشن کے اثاثے، کیش اور دیگر چیزیں حکومت کے خزانے میں جمع کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔ فائونڈیشن بند کرنے کے حکم نامہ پر حکومت ہند کے انڈر سیکریٹری دھیرج کمار کے دستخط ہیں ۔ واضح رہے کہ اس وقت فائونڈیشن کے پاس کل ملاکر ۱۱؍ سو کروڑ روپے کا فنڈ دستیاب ہے جس میں تقریباً ۴۵۰؍ کروڑ روپے اسے مختلف تنظیموں یا سرکاری اداروں کو ادا کرنے ہیں جبکہ بقیہ ۶۰۰؍ کروڑ روہے کا فنڈ اب سرکاری خزانے میں چلا جائے گا۔ یاد رہے کہ جب سے یہ تنظیم بنائی گئی تھی اس نے وزارت اقلیتی امور کے تحت بڑے پیمانے پر تعلیمی میدان میں کام کیا تھا۔ اس کے ذریعے مسلم اقلیت کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں اسکالر شپ فراہم کی جاتی تھی جبکہ کئی اسکل ڈیولپمنٹ کے میدان میں بھی اس تنظیم کی طرف سے مسلم نوجوانوں کی بھرپور مدد کی جاتی تھی تاکہ وہ روزگار کے قابل بن سکیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK