Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناروے کے بائنسیٹ کا منفرد حادثہ، مال بردار جہاز گھر کے آنگن تک چلا آیا اور مکین بے سدھ سوتا رہا

Updated: May 27, 2025, 2:58 PM IST | Agency | Byneset

کنٹینر سے بھرا جہاز تیز لہر کے سبب بے قابو ہوکر خشکی کی طرف چلاآیا اور ایک مکان سے ٹکراتے ٹکراتے رہ گیا، اس میں مقیم شخص شورشرابے اور پڑوسی کے مطلع کرنے کے باوجو دنہ جاگا۔

The pictures show a man named Helberg, whose house the plane crashed into. Photo: INN
تصاویر میں ہیلبرگ نامی شخص جس کے مکان سے یہ جہاز ٹکراتے ٹکراتے رہ گیا۔ تصویر: آئی این این

 ناروے کے بائسنٹ نامی ساحلی علاقے میں منفرد واقعہ آیا ہے۔ یہاں ایک مال بردار جہاز بے قابو ہوکر ساحل سے آلگا۔ خوش قسمتی سے اس دوران کوئی انسان کی زد میں نہ آیا۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ جہاز ایک گھر سے چند فٹ دور آکر ٹھہرا اور اس کے باوجود اس گھر کے اندر موجود شخص اطمینان سے سویا ہوا تھا۔ اسے اس حادثہ کا تب علم ہواجب آنکھ کھلنے پر اپنے صحن میں بہت بڑے کارگو بحری جہاز کو دیکھا۔ 
 ’اسکائی نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق واقعہ چند روز پیشتر ناروے کے ساحلی علاقے بائسنٹ میں صبح ۵؍ بجے کے قریب پیش آیا۔ جان ہیلبرگ نامی شخص اپنے کمرے میں سو رہاتھا جو کافی گہری نیند سونے کا عادی ہے۔ اس دوران۱۳۵؍ میٹر لمبا کنٹینروں سے لدا جہاز بے قابو ہو کر پانی سے خشکی پر آ گیا اور جان ہیلبرگ کے گھرکی حفاظتی دیوار سے ٹکرا گیا۔ اس کے نتیجے میں حفاظتی دیوارگر گئی اور جہاز لان کے اندر تک پہنچ گیا۔ ہیلبرگ کا کہنا ہے انہیں حادثے کا علم نہیں تھا اور بیدار ہونے کے بعد انہوں نے جب کھڑکی سے باہر دیکھا تو ایک دیوہیکل چیز دکھائی دی، انہیں  یقین نہ آیا تو آنکھیں مل کر دوبارہ دیکھا، وہ بحری جہاز تھا۔ 
ان کے مطابق ’’وہ اتنا اونچا تھا کہ مجھے اوپر تک دیکھنے کے لئے سر کو پوری طرح اوپر کی طرف کرنا پڑا، یہ ایک خواب جیسا تھا، اگر یہ جہاز مزید پانچ میٹر تک نہ رکتا تو سیدھا بیڈروم میں گھس آتا اور جانے میرا کیا حال ہوتا۔ ‘‘
 رپورٹ کے مطابق اس جہاز کا نام این سی ایل سالٹن ہے، جس میں ۱۶؍ افراد سوار تھے اور اس کو ٹروندھم سے ہوتے ہوئے کانگر کی طرف جانا تھا اور اس دوران حادثہ پیش آ گیا۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور اس کی وجہ ایک تیز لہر بتائی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت جہاز کو ہٹانے کا کام جاری ہے۔ جان ہیلبرگ کے ایک پڑوسی جس نے جہاز کو گھر کی طرف بڑھتے دیکھا تھا، انہوں نے بھاگ کر گھر کی گھنٹی بجائی مگر وہ نہیں اٹھے اور جہاز گھر میں گھس گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK