• Fri, 04 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

لوکل ٹرین ایک گھنٹہ کی تاخیر سے آنے پر امبیولی ریلوے اسٹیشن پر ہنگامہ

Updated: September 04, 2026, 8:58 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Amboli

گھنٹوں لوکل ٹرین کا انتظار کرنے والے مشتعل مسافروں نے اسٹیشن ماسٹر کے دفتر کا گھیراؤ کیا ، شدید نعرے بازی بھی کی۔

Commuters are seen at Ambivli railway station. Picture: Inquilab
امبیولی ریلوے اسٹیشن پر مسافر نظر آرہے ہیں۔ تصویر:انقلاب

سینٹرل ریلوے کی جانب سے ٹٹوالا ریلوے اسٹیشن پر پلیٹ فارم کی توسیع کا کام جاری ہے جس کے لئے روزانہ رات ۱۲؍ بجے سے صبح ۵ ؍بجے تک بلاک کیا جا رہا ہے۔اس تعمیراتی کام کے باعث متعدد لوکل ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ بعض طویل مسافتی ٹرینوں کے روٹ میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ ریلوے کے اس انتظام کا براہِ راست اثر روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں پر پڑ رہا ہے اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ٹٹوالا میں جاری تعمیراتی کام کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہونے اور لوکل ٹرینوں کے تاخیر سے چلنے سے مسافروں میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔اسی سلسلے میں جمعرات کو امبیولی ریلوے اسٹیشن پر صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب بڑی تعداد میں مسافروں نے اسٹیشن ماسٹر کے دفتر کا گھیراؤ کرتے ہوئے ریلوے انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج اور جم کر ہنگامہ آرائی کی۔
 تفصیلات کے مطابق ٹٹوالا ریلوے اسٹیشن پر پلیٹ فارم کی توسیع کے لئے خصوصی نائٹ میگا بلاک کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ بلاک ۲ ؍ستمبر سے ۸ ؍ اور ۹؍ ستمبر کی درمیانی رات تک ہر روز رات ۱۲ ؍ بجے سے صبح ۵ ؍بجے کے درمیان کیا جا رہا ہے۔ تعمیراتی کاموں کے سبب متعدد لوکل ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ کئی گاڑیوں کے معمول کے راستوں میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
 اسی دوران ریلوے انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ یہ کام مسافروں کے تحفظ اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لئے ناگزیر ہے۔اس لئے وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔تاہم ان حفاظتی اور توسیعی اقدامات کا اثر لوکل ٹرینوں کےباقاعدہ شیڈول پر پڑا ہے اور دن کے اوقات میں بھی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر سے چل رہی ہیں۔ لوکل ٹرینوں کے تعطل کے باعث مختلف اسٹیشنوں پر مسافروں کا شدید رش دیکھا جا رہا ہے۔اسی دوران امبیولی ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کا صبر جواب دے گیا۔ گھنٹوں لوکل ٹرین کا انتظار کرنے والے مشتعل مسافروں نے اسٹیشن ماسٹر کے دفتر کا گھیراؤ کیا اور شدید نعرے بازی و ہنگامہ آرائی کی۔
 مسافروں نے انتظامیہ کے خلاف غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹرینیں وقت پر نہیں چلانی ہیں تو ٹکٹ کاؤنٹر بھی بند کر دیئے جائیں۔اس  صورتحال کے پیش نظرمسافر تنظیموں نے ریلوے سے مطالبہ کیا ہے کہ کام کے دوران متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ عام شہریوں کو اس ذہنی اور جسمانی اذیت سے بچایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK