Inquilab Logo Happiest Places to Work

۵ء۶ لاکھ افراد نے فیفا سے ۲۰۳۰ء تک کوکاکولا کی اسپانسرشپ ختم کرنے کا مطالبہ کیا، پٹیشن پر دستخط کئے

Updated: July 09, 2026, 10:13 PM IST | Washington

’کِک بگ سوڈا آؤٹ آف اسپورٹ‘ نامی پلیٹ فارم کے ذریعے شروع کی گئی اس مہم کو صحت اور ماحولیات کے میدان میں سرگرم ۱۰۰ سے زائد تنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔ عالمی سطح پر صحت کے ماہرین نے کوکا کولا پر الزام لگایا ہے کہ وہ اپنے میٹھے مشروبات سے منسلک صحت کے نقصانات پر پردہ ڈالنے (اسپورٹس واشنگ sportswashing) کیلئے فیفا کے پلیٹ فارم کا استعمال کر رہا ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

اب تک ۶ لاکھ ۵۰ ہزار سے زائد افراد ایک پٹیشن پر دستخط کر چکے ہیں جس میں فیفا پر ۲۰۳۰ء تک کوکا کولا کے ساتھ اپنی شراکت داری ختم کرنے کیلئے زور دیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق، یہ اسپانسرشپ، فیفا کے سالانہ بجٹ کے ۲ فیصد حصے پر مشتمل ہے۔ ’کِک بگ سوڈا آؤٹ آف اسپورٹ‘ (Kick Big Soda Out of Sport) نامی پلیٹ فارم کی جانب سے شروع کی گئی اس آن لائن پٹیشن مہم کو صحت اور ماحولیات کے میدان میں سرگرم ۱۰۰ سے زائد تنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔ ان تنظیموں میں گرین پیس (Greenpeace)، ہیلدی فوڈ امریکہ، سینٹر فار سائنس ان دی پبلک انٹرسٹ اور ورلڈ اوبیسیٹی فیڈریشن شامل ہیں۔

مہم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ”دہائیوں سے، کوکا کولا نے فیفا ورلڈ کپ کا استعمال کروڑوں مداحوں تک میٹھے مشروبات پہنچانے کیلئے کیا ہے جس سے دنیا کے سب سے بڑے کھیل کو سوڈا کے بہت بڑے اشتہار میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ چالیس سال پہلے، فیفا نے تمباکو کو کھیل سے باہر کیا تھا۔ اب اگلی باری بگ سوڈا (سوڈا کمپنیوں) کی ہونی چاہئے۔“ فیفا نے اب تک اس پٹیشن پر عوامی سطح پر کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: فیفا ورلڈ کپ میں نیا تنازع،فرانس اور مراکش میچ کے تمام ریفریز ارجنٹائنا سے منتخب

اس مہم میں اس وقت تیزی آئی جب ۲۰۲۴ء کے پیرس اولمپکس کو نشانہ بنانے والی اسی طرح کی ایک پٹیشن پر ۲۵۵۰۰۰ افراد نے دستخط کئے اور اسے ۹۳ تنظیموں کی حمایت ملی، جس میں بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) سے کوکا کولا کے ساتھ اپنی شراکت داری ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

صحت کی تنظیموں نے اسے ’اسپورٹس واشنگ‘ قرار دیا

عالمی سطح پر صحت کے ماہرین نے کوکا کولا پر الزام لگایا ہے کہ وہ اپنے میٹھے مشروبات سے منسلک صحت کے نقصانات پر پردہ ڈالنے (اسپورٹس واشنگ sportswashing) کیلئے فیفا کے پلیٹ فارم کا استعمال کر رہا ہے۔ ’وائٹل اسٹریٹیجیز‘ (Vital Strategies) کی تریش کوٹر نے کہا کہ ”فیفا صحت کی حمایت کا دعویٰ کرتا ہے، لیکن کوکا کولا کے ساتھ اس کے گہرے روابط کچھ اور ہی کہانی بیان کرتے ہیں۔ اسٹیڈیمز، لائیو نشریات اور سوشل میڈیا پر کوکا کولا کو ایک بڑا پلیٹ فارم فراہم کرکے، فیفا ایسی مصنوعات کو فروغ دے رہا ہے جو موٹاپے، ذیابیطس اور دل کی بیماریوں کی بڑھتی شرح کا سبب ہے۔“ ورلڈ اوبیسیٹی فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر سیمون بارکیرا کا کہنا ہے کہ کارپوریشنز کو اپنی تصویر چمکانے کا بے مثال موقع فراہم کرنے کے بجائے فیفا (کوکا کولا سے شراکت داری ختم کرکے) ”فٹ بال کی ساکھ کا تحفظ“ کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: فیفا ورلڈکپ: مصر کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے فلسطینیوں کے مصائب کو ’پوری دنیا کیلئے شرم کا مقام‘ قرار دیا

مہم چلانے والوں نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ کم آمدنی والے ممالک میں، جہاں غیر متعدی امراض تیزی سے بڑھ رہے ہیں، کوکا کولا بچوں سمیت کروڑوں صارفین کیلئے میٹھے مشروبات کی جارحانہ مارکیٹنگ کرتا ہے۔ ’وائٹل اسٹریٹیجیز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، کوکا کولا کی اولمپک اسپانسرشپ کی ۷۸ فیصد میڈیا کوریج میں اسے مثبت انداز میں پیش کیا گیا، جبکہ صرف ۲ فیصد مضامین میں اس شراکت داری کو نقصان دہ قرار دے کر اس پر تنقید کی گئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK