اسرائیل پہنچ کروزیراعظم نیتن یاہو سےبھی ملاقات کی ۔ جنگ بندی اور غزہ میں انسانی بحران پرگفتگو۔
EPAPER
Updated: August 02, 2025, 1:19 PM IST | Agency | Gaza/Tel Aviv
اسرائیل پہنچ کروزیراعظم نیتن یاہو سےبھی ملاقات کی ۔ جنگ بندی اور غزہ میں انسانی بحران پرگفتگو۔
امریکی صدر کے خصوصی نمائندہ برائے مشرق وسطیٰ ا سٹیو وٹکوف نے اسرائیل میں حکام کے ساتھ مذاکرات سے قبل غزہ میں ان مقامات کا دورہ کیا ہے جو اسرائیلی فوج نے امداد کی تقسیم کیلئے مقرر کر رکھے ہیں۔ اسٹیو وٹکوف نے اسرائیل میں امریکی سفیر مائک ہکابی کے ہمراہ غزہ میں امریکہ اور اسرائیل کے زیر انتظام غزہ ہیومینٹرین فاؤنڈیشن امداد ی مراکز کا دورہ کیا، دونوں لیڈران دورے کے بعد صدر ٹرمپ کو صورتحال سے آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ کسی امریکی عہدیدار کا غزہ میں ۲۲؍ماہ سے جاری جنگ کے دوران اس نوعیت کایہ پہلا دورہ ہے۔ خصوصاًایسے وقت میں جب غزہ میں لاکھوں لوگ بھوک اور قحط کا شکار ہیں اور خوراک نہ ملنے کی وجہ سے اموات کی تعداد میں روز بروز ہونے والے اضافے کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر رد عمل بھی بڑھتا جارہا ہے۔
اسٹیو وٹکوف گزشتہ کئی ماہ سے غزہ میں جنگ بندی کیلئے کوشاں کے سبب مذاکراتی عمل میں شریک ہیں اور مشرق وسطیٰ کے کئی دورے کرچکے ہیں۔ وٹکوف کے دورۂ غزہ کا وہائٹ ہاؤس نے بھی اعلان کیا تھا کہ وہ غزہ جائیں گے۔وٹکوف کے غزہ جانے سے متعلق وہائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولینا لیوٹ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وٹکوف جنہوں نے اس سے قبل جنوری میں غزہ کا دورہ کیا تھا، اب غزہ میں امدادی سامان اور خوراک کی تقسیم کے مراکز کا معائنہ کریں گے تاکہ انہیں محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ مزید بہتر اور فعال بنایا جا سکے۔وہائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری نے کہاکہ وہ غزہ کے لوگوں سے بھی بات چیت کریں گے تاکہ ان کی ضروریات اور خوراک فراہمی کے نظام سے متعلق فیڈ بیک لے سکیں اور زمینی حقائق کو اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں۔
ان کا یہ دورہ ایسے دن ہوا ہے جب غزہ کے شہری دفاع کے ترجمان نے کہ بدھ کو ۵۸؍ فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج نے قتل کر دیا ہے۔ ان فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج نے اس وقت قتل کیا جب وہ خوراک کے حصول کیلئے امداد لے کر آنے والے ٹرکوں کی طرف بڑھ رہے تھے۔وٹکوف اس ساری صورت حال کا مشاہدہ کرنے آئے تھے ۔ اے ایف پی کے مطابق اس کے نمائندے نے گزشتہ روز اس واقعے کے بعد الشفاء اسپتال میں گولیوں سے چھلنی لاشوں کے ڈھیر دیکھے ہیں۔
بعدازیں اسٹیو وٹکوف اسرائیل پہنچ گئے ہیں۔ اس موقع پر ان کی مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات ہوئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دونوں لیڈروںکے درمیان ملاقات میں غزہ جنگ بندی اور غزہ میں انسانی بحران پر بات چیت متوقع ہے۔