Updated: February 18, 2026, 5:02 PM IST
| Mumbai
سالانہ ہارورڈ انڈیا کانفرنس میں خطاب کے دوران پرینکا چوپڑہ نے کہا کہ وہ ایشوریہ رائے، عرفان خان اور مینڈی کلنگ جیسے فنکاروں کی بدولت عالمی پلیٹ فارمز تک پہنچی ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ان آئیکونز نے مغرب میں جنوبی ایشیائی فنکاروں کے لیے راستہ ہموار کیا۔
پرینکا چوپڑہ اور ایشوریہ رائے۔ تصویر: آئی این این
وارانسی سے تعلق رکھنے والی بین الاقوامی اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے سالانہ ہارورڈ انڈیا کانفرنس میں اپنے کریئر کے سفر پر گفتگو کرتے ہوئے ان فنکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے مغرب میں جنوبی ایشیائی نمائندگی کو مضبوط بنایا۔ انجولا اچاریہ کے ساتھ ایک مکالمے میں پرینکا نے کہا کہ وہ خود کو ان عظیم شخصیات کے کندھوں پر کھڑا محسوس کرتی ہیں جو ان سے پہلے عالمی سطح پر اپنی پہچان بنا چکی تھیں۔ پرینکا نے خاص طور پر ایشوریہ رائے، عرفان خان اور مینڈی کلنگ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی اور کامیابی نے بین الاقوامی تفریحی صنعت میں جنوبی ایشیائی فنکاروں کو سنجیدگی سے لینے کی فضا پیدا کی۔ ان کے مطابق، ’’میں واقعی یقین رکھتی ہوں کہ میں ان شاندار فنکاروں کے کندھوں پر کھڑی ہوں جو مجھ سے پہلے آئے۔ انہوں نے دروازے کھولے، جس کے بعد میں اپنے یقین کے ساتھ آگے بڑھ سکی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: صرف اسی برانڈ کی تشہیر کرتا ہوں، جو استعمال کرتا ہوں: ابھیشیک بچن
پرینکا کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی ردِعمل ظاہر کیا اور کئی افراد نے ایشوریہ اور عرفان کو حقیقی معنوں میں عالمی آئیکون قرار دیا۔ ایشوریہ رائے بچن ان اولین ہندوستانی اداکاراؤں میں شامل تھیں جنہوں نے ہالی ووڈ میں قدم رکھا اور ’’برائیڈ اینڈ پریجوڈائس‘‘، ’’دی مسٹریس آف اسپائسیس‘‘ اور ’’دی پنک پینتھر ۲‘‘ جیسی فلموں میں کام کیا۔ ان کی کانز فلم فیسٹیول میں طویل وابستگی اور عالمی برانڈز کے ساتھ کام نے بھی ہندوستانی نمائندگی کو تقویت دی۔ اسی طرح عرفان خان نے اپنی اداکاری کی صلاحیت سے مغربی دنیا میں منفرد مقام حاصل کیا۔ ’’دی نیم سیک‘‘، ’’لائف آف پائی‘‘، ’’جراسک ورلڈ‘‘ اور ’’سلم ڈاگ ملینیئر‘‘ جیسی فلموں میں ان کی کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔ ان کی اداکاری میں گہرائی اور سادگی نے انہیں ایک باوقار عالمی اداکار کے طور پر پہچان دلائی۔
یہ بھی پڑھئے: پرینکا چوپڑا کا ہارورڈ میں انکشاف: ہالی ووڈ میں کام پانا آسان نہیں تھا
پرینکا چوپڑہ نے اعتراف کیا کہ ان فنکاروں کی کامیابیوں نے عالمی سطح پر ہندوستانی اداکاروں کے لیے راستہ آسان بنایا۔ ان کے مطابق، عالمی صنعت میں نمائندگی صرف انفرادی کامیابی نہیں بلکہ ایک اجتماعی پیش رفت ہوتی ہے۔
کام کے محاذ پر پرینکا اپنی اگلی ہالی ووڈ فلم ’’دی بلف‘‘ کی ریلیز کے لیے تیار ہیں، جس کی ہدایت کاری فرینک ای فلاورز نے کی ہے۔ اس ایکشن تھریلر میں کارل اربن، اسماعیل کروز کورڈووا، صفیہ اوکلے گرین اور تیمورا موریسن بھی شامل ہیں۔ فلم ۲۵؍ فروری کو امیزون پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوگی۔ اس کے علاوہ پرینکا ہندوستانی سنیما میں بھی واپسی کر رہی ہیں۔ وہ ہدایت کار ایس ایس راجہ مولی کے آئندہ پروجیکٹ میں اداکاری کریں گی، جس میں مہیش بابو اور پرتھوی راج سکمارن بھی شامل ہیں۔ یہ فلم ۲۰۲۷ء میں ریلیز ہونے کی توقع ہے۔