Updated: November 22, 2026, 2:04 PM IST
| Washington
پینٹاگون نے امریکی کانگریس کو بتایا کہ ۱۳؍ نومبر تک جنگی اخراجات ۳ء۴۸؍ ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، تاہم ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں سے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کی مرمت اس حساب میں شامل نہیں؛ صرف ۳؍ماہ میں اخراجات میں ۳ء۱۰؍ ارب ڈالر کا اضافہ۔
ایرانی حملے میں تباہ ایک امریکی فوجی اڈاہ۔ تصویر: آئی این این
ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ امریکی خزانے پر بھاری پڑ رہی ہے۔ پینٹاگون کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کانگریس کو بتایا ہے کہ ۱۳؍ نومبر ۲۰۲۶ء تک ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں پر ۳ء۴۸؍ ارب ڈالر خرچ ہوچکے ہیں۔ تاہم اس رقم میں مشرقِ وسطیٰ کے ان امریکی فوجی اڈوں کی مرمت کے اخراجات شامل نہیں جنہیں ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں میں نقصان پہنچا۔ اس لیے جنگ کا اصل مالی بوجھ سرکاری طور پر ظاہر کی گئی رقم سے کہیں زیادہ ہوسکتا ہے۔ پینٹاگون کے بجٹ عہدیدار آرتھر ملر نے ۱۹؍ نومبر کو سینیٹ کی مسلح افواج کی کمیٹی کے سامنے سماعت کے دوران یہ اعداد و شمار پیش کیے۔ ان کے مطابق ۳ء۴۸؍ ارب ڈالر میں جنگی کارروائیوں کے اخراجات، استعمال ہونے والے گولہ بارود اور میزائلوں کی لاگت، نیز تباہ یا ضائع ہونے والے فوجی سازوسامان کی جگہ نئے آلات حاصل کرنے کے اخراجات شامل ہیں۔ تاہم فوجی اڈوں، عمارتوں اور دیگر تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ اس میں شامل نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: شی اور پوتن کے ساتھ ملاقات سے ٹرمپ کو کوئی بڑی سفارتی کامیابی نہیں ملی
جنگ کے اخراجات میں اضافہ بھی غیر معمولی ہے۔ امریکی کانگریس کے بجٹ آفس (CBO) نے یکم اگست تک جنگ پر ۳۸؍ ارب ڈالر خرچ ہونے کا تخمینہ پیش کیا تھا۔ پینٹاگون کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق اس کے بعد تقریباً ساڑھے ۳؍ ماہ میں مزید ۳ء۱۰؍ ارب ڈالر خرچ ہوئے، یعنی مجموعی اخراجات میں تقریباً ۲۷؍ فیصد اضافہ ہوا۔ یہ اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جنگ بندی اور فوجی کارروائیوں میں تبدیلی کے باوجود امریکی فوجی اخراجات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ سینیٹ کی سماعت میں ڈیموکریٹ سینیٹر رچرڈ بلومینتھل نے ملر سے پوچھا کہ ایرانی حملوں میں امریکی فوجی تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کی مرمت پر کتنی رقم درکار ہوگی۔ ملر نے اعتراف کیا کہ ان کے پاس اس کا کوئی تخمینہ موجود نہیں۔ کمیٹی کے ریپبلکن چیئرمین راجر وِکر نے انہیں ہدایت دی کہ اس نقصان کا حساب لگا کر جلد از جلد کانگریس کو پیش کیا جائے۔
اسوسی ایٹڈ پریس کے تجزیے کے مطابق ایرانی حملوں میں امریکی فوجی اڈوں پر طیاروں کے ہینگرز، میزائل حملوں کی پیشگی اطلاع دینے والے نظام، گوداموں اور فوجیوں کی رہائشی عمارتوں سمیت متعدد تنصیبات کو نقصان پہنچا۔ ستمبر میں امریکی محکمہ دفاع کے انسپکٹر جنرل کی رپورٹ میں بھی بتایا گیا تھا کہ ایران کے حملوں سے کویت، بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، عراق، عمان اور اردن میں امریکی فوجی اڈوں کی سیکڑوں عمارتیں اور تنصیبات متاثر ہوئیں۔ جنگ کے اخراجات میں ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی کا خرچ بھی شامل ایک الگ بڑا معاملہ ہے۔ قائم مقام امریکی وزیرِ بحریہ ہنگ کاؤ نے سینیٹ کو بتایا کہ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی جاری رکھنے پر روزانہ تقریباً ۳؍ کروڑ ۲۵؍ لاکھ ڈالر خرچ ہوتے ہیں۔ دوسری جانب سینیٹر الزبتھ وارن نے بحرین میں امریکی بحریہ کے علاقائی ہیڈکوارٹر پر ایرانی حملے سے کم از کم ۴۰؍ کروڑ ڈالر کے نقصان کا تخمینہ پیش کیا۔ کاؤ نے کہا کہ علاقے تک رسائی کی مشکلات کے باعث نقصان کا مکمل جائزہ لینا ممکن نہیں ہوسکا۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ کی روس کو علاقائی مراعات کے بدلے یوکرین کی نیٹو رکنیت کی پیشکش: رپورٹ
جنگی اخراجات کا معاملہ امریکی کانگریس میں اس لیے بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ مالی سال ۲۰۲۷ء کے لیے ۵ء۱؍ ٹریلین ڈالر کے دفاعی بجٹ کی منظوری چاہتی ہے۔ قانون سازوں کا مطالبہ ہے کہ اتنی بڑی رقم کی منظوری سے پہلے پینٹاگون جنگ کے اخراجات اور فوجی نقصانات کی مکمل تفصیلات فراہم کرے۔ یوں ۳ء۴۸؍ ارب ڈالر کا اعلان جنگ کے مالی بوجھ کا حتمی حساب نہیں بلکہ اس کی اب تک سامنے آنے والی ایک جزوی تصویر ہے۔