Updated: November 14, 2026, 9:31 PM IST
| Washington
یہ رپورٹ ٹرمپ کے سی بی ایس کے پروگرام ’۶۰ منٹس‘ میں اس اعتراف کے چند روز بعد سامنے آئی ہے کہ ان کا کریک ڈاؤن شاید ”بہت زیادہ سخت“ تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ”برے لوگوں“ کو نکالنے پر اچھے نمبر ملتے ہیں، لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اچھی ملازمتیں کرنے والے افراد کو غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی صرف ایک خلاف ورزی پر پکڑ لیا گیا۔ رائٹرز/اپسوس کے سروے کے مطابق، امیگریشن کے معاملے پر ان کی مقبولیت کی شرح صدارت کے آغاز میں ۵۰ فیصد سے کم ہو کر ۳۸ فیصد رہ گئی ہے۔
امریکی انتظامیہ نے رواں سال میں ملک بدری اور گرفتاریوں کی تاریخی بلند ترین سطح کی اطلاع دی ہے۔ محکمہ ہوم لینڈ سیکوریٹی (ڈی ایچ ایس) نے بدھ کو بتایا کہ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) نے ۲۰۲۶ء میں چار لاکھ ۸۳ ہزار ۲۰۰ افراد کو ملک بدر کیا اور امیگریشن کے سلسلے میں ۴ لاکھ ۹۱ ہزار سے زائد گرفتاریاں کیں۔
ملک بدری کی یہ مجموعی تعداد آئی سی ای (ICE) کی ۲۳ سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ۲۰۲۵ء میں چار لاکھ ۴۲ ہزار ۶۴۰ ملک بدریوں کا تھا۔ ہوم لینڈ سیکوریٹی کے سیکریٹری مارک وین ملن نے بتایا کہ سال ۲۰۲۶ء میں کسی بھی سال کے مقابلے آئی سی ای کی جانب سے سب سے زیادہ ملک بدریاں اور گرفتاریاں کی گئیں۔ انہوں نے ستمبر ۲۰۲۶ء کو گرفتاریوں کے لحاظ سے آئی سی ای کی تاریخ کا بہترین ستمبر قرار دیا۔ آئی سی ای نے ستمبر میں ۴۸ ہزار سے زائد گرفتاریاں کیں۔ اس کے ساتھ ہی ریکارڈ بلندیوں کا دو ماہ سے جاری سلسلہ ختم ہوا، جو اگست میں ۵۰ ہزار ۹۲۵ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ایران جنگ پر یاہو اور ٹرمپ میں شدید اختلاف
اعداد و شمار پر سوالات
سینٹر فار امیگریشن اسٹڈیز کے اسٹیون کیماروٹا نے الجزیرہ کو بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے کسی بھی سابق صدر کے مقابلے قانون کے نفاذ میں زیادہ سختی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کے شواہد بھی موجود ہیں کہ کارروائی کے خوف سے لوگوں کے ملک چھوڑنے کی وجہ سے غیر قانونی تارکین وطن کی آبادی میں کمی آئی ہے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار واضح نہیں ہیں۔ وہ یہ نہیں بتا سکے کہ ان میں سے کتنے فیصد ملک کے اندرونی حصوں میں کی گئی کارروائیاں ہیں، کتنے فیصد امریکہ کے اندر سے نکالے گئے افراد ہیں اور کتنے فیصد وہ لوگ ہیں جنہیں سرحد یا ہوائی اڈوں سے واپس بھیجا گیا۔
یہ رپورٹ ٹرمپ کے سی بی ایس کے پروگرام ’۶۰ منٹس‘ میں اس اعتراف کے چند روز بعد سامنے آئی ہے کہ ان کا کریک ڈاؤن شاید ”بہت زیادہ سخت“ تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ”برے لوگوں“ کو نکالنے پر اچھے نمبر ملتے ہیں، لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اچھی ملازمتیں کرنے والے افراد کو غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی صرف ایک خلاف ورزی پر پکڑ لیا گیا۔ رائٹرز/اپسوس کے سروے کے مطابق، امیگریشن کے معاملے پر ان کی مقبولیت کی شرح صدارت کے آغاز میں ۵۰ فیصد سے کم ہو کر ۳۸ فیصد رہ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ نے ایران کی دولت اور آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے: ٹرمپ
ڈیموکریٹس کا جوابی اقدام کا منصوبہ
ڈیموکریٹس، جو اگلے سال کانگریس کا کنٹرول سنبھالیں گے، آئی سی ای کے ہتھکنڈوں کو نشانہ بنانے اور قانونی حیثیت کے حصول کے راستوں کو وسعت دینے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، تاہم ان کے اختیارات محدود ہیں۔ ایوان نمائندگان کی ہوم لینڈ سیکوریٹی کمیٹی کے ممکنہ چیئرمین بینی تھامسن نے کہا کہ ڈیموکریٹس امریکیوں کے خلاف ڈی ایچ ایس کو ”بطور ہتھیار استعمال کرنے“ کی تحقیقات کریں گے۔ ٹیکساس کے ڈیموکریٹ ہنری کوئلر نے کہا کہ ملک بدری کی توجہ مجرموں پر مرکوز ہونی چاہئے۔ نو منتخب سینیٹر پیگی فلاناگن کا لہجہ زیادہ سخت تھا، جنہوں نے کہا کہ ”ہم آئی سی ای کے پرخچے اڑا دیں گے۔“ جنوری میں منیاپولس میں وفاقی ایجنٹوں نے دو امریکی شہریوں، ایلکس پریٹی اور رینی نکول گڈ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا، جس پر بین الاقوامی سطح پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔