• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران جنگ پر یاہو اور ٹرمپ میں شدید اختلاف

Updated: November 13, 2026, 2:54 PM IST | Agency | Washington

دونوں لیڈرو ں کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ، نیتن یاہوکی ایران پر حملے شروع کرنے کی تجویز پرٹرمپ نے سفارتکاری کو موقع دینے پر زور دیا۔

Has the relationship between U.S. President Trump and Israeli Prime Minister Netanyahu lost its former spark? Image: INN
کیا امریکی صدر ٹرمپ اوراسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے روابط میں اب پہلی جیسی بات نہیں رہی؟۔ تصویر: آئی این این

اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے درمیان گزشتہ ہفتے کے اختتام پر ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کے دوران شدید اختلافات سامنے آئے۔اس کی وجہ ایران کے خلاف جنگ کے مستقبل پر اختلافات تھے جبکہ دونوں لیڈر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کے معاملے پر مختلف مؤقف رکھتے ہیں۔ اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت اور اس کی ویب سائٹ ’وائے نیٹ ‘ کے مطابق نیتن یاہو نے گفتگو کے دوران بار بار جنگ دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا، جبکہ ٹرمپ اس موقف پر قائم رہے کہ سفارتی راستے کو ایک موقع دیا جائے اور ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کو پیش رفت کا موقع ملے۔

دونوں ذرائع ابلاغ نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اس کال نے شدید تصادم کی شکل اختیار کر لی، یہاں تک کہ اسے ’جہنم جیسی چیخ و پکار‘ والی تکرار قرار دیا گیاجو دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی کی شدت کی طرف اشارہ ہے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے اس خبرکی صحت کی تردید کرتے ہوئے ا ن رپورٹس کو بے بنیادقرار دیا۔ ایک اعلیٰ اسرائیلی عہدیدار نے بھی تصدیق کی کہ ہفتے کے اختتام پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا، لیکن زور دیا کہ ان کے درمیان کوئی تکرار نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھئے: یونیورسٹی آف ٹورنٹو میں مسلم، عرب اور فلسطینیوں سے امتیازی سلوک کا اعتراف

یہ اختلاف ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان جنگ کے مستقبل پر پہلا نہیں ہے، کیونکہ گزشتہ جون میں بھی ان کے رابطوں میں ایسی ہی کشیدگی دیکھی گئی تھی۔ ٹرمپ نے اس سے قبل نیویارک پوسٹ کو بتایا تھا کہ انہوں نے ایک کال کے دوران نیتن یاہو کو واقعی پاگل قرار دیا تھا۔حالیہ کال کی رپورٹس فائنانشل ٹائمس میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے چند دن بعد سامنے آئیں جس  کے مطابق  یاہو روزانہ ٹرمپ کو فون کر کے ایران کے خلاف مکمل جنگ دوبارہ شروع کرنے پر آمادہ کر رہے تھے۔

 اسرائیلی وزیر اعظم جنگ پر بضد

نیتن یاہو اس بات پر اصرار کر رہے ہیں کہ ایران پر امریکی فوجی حملے دوبارہ شروع کیے جائیں اور تہران میں حکومت کی تبدیلی کی کوشش کی جائے ۔ یہ ایسے وقت میں ہے جب اکتوبر میں ہونے والے عام انتخابات میں نشستیں کھونے کے بعد ان کے سیاسی مستقبل پر دباؤ ہے۔نیتن یاہو نے منگل کو اسرائیلی کنیسٹ میں کہا کہ ایرانی حکومت کی تبدیلی ہی اس چیز کو ختم کرنے کا واحد راستہ ہے جسے انہوں نے دہشت گردی کی حکمرانی قرار دیا،یہی ایران کا جوہری پروگرام روکنے کا بھی واحد طریقہ ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ایران جوہری خطرے کو دوبارہ زندہ کر رہا ہے، اس وجودی خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کا واحد طریقہ ایران کی حکومت کا خاتمہ ہے۔دوسری طرف ٹرمپ اب تک فوجی تصادم کی طرف واپسی سے گریز کر رہے ہیں۔ وہ تہران پر معاشی دباؤ کی مہم جاری رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں تاکہ ایران رعایتیں دینے پر مجبور ہو جبکہ واشنگٹن اور ایران کے درمیان سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔اتوار کو نشر ہونے والے پروگرام’۶۰؍ منٹس‘ کے انٹرویو میں جب ٹرمپ سے جنگ دوبارہ شروع کرنے کے امکان کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں فی الحال ایسا کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔یہ اختلافات ایسے وقت میں سامنے آ رہے ہیں، جب ایران آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کو نشانہ بنا رہا ہے، اور رپورٹس کے مطابق جنگ کے دوران بحری حملے بے مثال سطح تک پہنچ چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK