Inquilab Logo

غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں سے متعلق گفتگو اہم مرحلے میں داخل: امریکہ

Updated: February 27, 2024, 11:32 AM IST | Agency | Gaza

کوئی معاہدہ نہ ہواتو رفح پر حملہ کریں گے: نتن یاہو۔اسرائیلی وزیراعظم امن کی کوششوں پر پانی پھیر رہے ہیں: حماس

Photo: INN
تصویر : آئی این این

امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل، مصر، قطر اور امریکہ حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے بارے میں مفاہمت کر چکے ہیں اور بات چیت اہم مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جیک سلیوان نے کہا کہ اس معاہدے پر ابھی گفتگو جاری ہے اور قطر اور مصر کے درمیان حماس کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات بھی کئے جائیں گے۔ 
اسرائیلی حکومت کی جانب سے رفح پر حملے کی دھمکیوں کے حوالے سےمذکورہ اعلیٰ امریکی افسر نے تصدیق کی کہ جو بائیڈن کو ابھی تک رفح آپریشن کا اسرائیل کا منصوبہ موصول نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ رفح آپریشن عام شہریوں کے تحفظ کیلئے منصوبہ بندی کے بغیر نہیں کیا جانا چاہئے۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ آج میں اپنے اسرائیلی ہم منصبوں سے رفح کے حوالے سے ان کے ارادوں کے بارے میں بات کروں گا۔ ‘‘ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ واشنگٹن کا موقف ہے کہ دو ریاستی حل اسرائیل کی سلامتی کی ضمانت کا بہترین طریقہ ہے۔ 
 امریکی عہدیدار کے یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب حماس کے ایک سینئر رکن کا کہنا ہے کہ اس امید کا اظہار کہ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ جلد طے پا جائے گا، حقیقت کی عکاسی نہیں کرتا۔ 
 دوسری جانب یرغمالوں کی رہائی سے متعلق مذاکرات کے حوالے سے اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ پیرس میں ہونے والی گفتگو میں ۴۰؍ یرغمالوں کی رہائی کے بدلے غزہ جنگ میں ۶؍ہفتوں کے وقفے اور سیکڑوں فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔ امریکہ ماہ رمضان سے پہلے غزہ سے متعلق معاہدہ کروانا چاہتا ہے۔ 
  دریں اثناءاسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فلسطینی تنظیم اپنے موقف سے دستبردار ہوجائے تو فریقین کے درمیان کوئی معاہدہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نےیہ بھی کہاکہ غزہ میں جاری آپریشن کئی ہفتوں میں پورا ہوجائے گا۔ چنانچہ یرغمالوں کی رہائی کے سلسلے میں کوئی معاہدہ نہ ہوسکے تو رفح شہر پر حملہ کیا جائے گا۔ خبررساں ایجنسی مہرنے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ نیتن یاہو نے رفح پر حملے کے سلسلے میں اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تل ابیب اور واشنگٹن کے درمیان اس حوالے سے مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ نتن یاہو نے مزیدکہا کہ حملے کی صورت میں شہریوں کو شمالی غزہ میں منتقل کیا جائے گا۔ رفح میں قائم حماس کے ٹھکانوں کو ختم کیا جائے گا۔ 
 قبل ازیں حماس نے گزشتہ روزکہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو’مذاکرات کی کامیابی کی بنیادی کنجیوں ‘اور فلسطینی عوام کے حقوق کو تسلیم کرنے کو مسترد کرتے ہیں۔ ا س نے یہ بھی کہا کہ اب تک غزہ میں جنگ بندی کی جتنی کوششیں ہوئی ہیں، نیتن یاہو نے ان پر پانی پھیر دیا۔  حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے میڈیا ایڈوائزر طاہر النونو نے الجزیرہ مبشر کو دیئے گئے بیانات میں نیتن یاہو پر الزام لگایا کہ ’’مذاکرات میں پیش رفت کیلئے ثالثوں (قطر اور مصر) کی تمام کوششوں کو ناکام بنایا کیونکہ وہ اور ان کی حکومت اسرائیلی وجود کی تاریخ میں انتہائی انتہا پسند ہیں۔ ‘‘انہوں نےامریکی انتظامیہ پر بھی تنقید کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK