امریکہ میں ٹرمپ کا قافلہ گزارنے کیلئے پولیس نے فرانسیسی صدر کو روک لیا، جس کا ویڈیو سوشل میڈیاپر وائرل ہو گیا، جس میں میکرون امریکی صدر کو فون پر کہہ رہے ہیں کہ آپ کیلئے سب کچھ منجمد ہے۔
EPAPER
Updated: September 23, 2025, 10:28 PM IST | New York
امریکہ میں ٹرمپ کا قافلہ گزارنے کیلئے پولیس نے فرانسیسی صدر کو روک لیا، جس کا ویڈیو سوشل میڈیاپر وائرل ہو گیا، جس میں میکرون امریکی صدر کو فون پر کہہ رہے ہیں کہ آپ کیلئے سب کچھ منجمد ہے۔
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ پیر کی شام اقوام متحدہ میں اپنی تقریر کے بعد فرانسیسی سفارتخانے واپس جانے کے دوران ایک انوکھا واقعہ پیش آیا۔ انہیں نیو یارک پولیس نے روک لیا تاکہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے قافلے کو گزرنے دیا جا سکے۔ایک وائرل ہونے والے ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پولیس افسر میکرون سے معافی مانگتے ہوئے کہہ رہا ہے، ’’میں معذرت خواہ ہوں، صاحب صدر، فی الحال ہر چیز بند ہے۔‘‘ میکرون نے پولیس افسر سے کہا کہ اگر ٹرمپ کا قافلہ فوری طور پر نہیں گزر رہا تو انہیں گزرنے دیا جائے۔اس کے بعد میکرون نے فون لگایا جو بظاہر صدر ٹرمپ سے بات کرنے کے لیے تھا اور مذاق میں کہا، ’’آپ کیسے ہیں؟ اندازہ لگائیں، میں سڑک پر کھڑا ہوا انتظار کر رہا ہوں کیونکہ سب کچھ آپ کے لیے بند ہے۔‘‘فرانسیسی میڈیا کے مطابق، میکرون کو اگلے۳۰؍ منٹ کا سفر پیدل طے کرنا پڑا۔اس دوران میکرون نے راہگیروں کے ساتھ تصاویر بنوانے کے لیے وقت دیا۔ ایک شخص نے تو ان کے سر کو چوم بھی لیا، جس پر میکرون نے اپنے حفاظتی دستے کو پرسکون رہنے کو کہا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں لیڈر نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے۸۰؍ ویں اجلاس میں شرکت کے لیے موجود تھے۔·اس واقعے سے کچھ دیر قبل ہی، میکرون نے اقوام متحدہ میں ایک تقریر میں فرانس کی طرف سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امن کا وقت آگیا ہے اور اس اقدام کا مقصد اسرائیل پر غزہ میں تنازعہ ختم کرنے کے لیے دباؤ بڑھانا ہے۔واضح رہے کہ فرانس آسٹریلیا، کینیڈا، برطانیہ اور پرتگال جیسے ممالک کے بعد فلسطین کو تسلیم کرنے والا تازہ ترین مغربی ملک ہے۔