Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ، فیفا ۲۰۲۶ء: سوفائی اسٹیڈیم کے ۲؍ ہزار سے زائد کارکنوں کا ہڑتال کا انتباہ

Updated: June 06, 2026, 8:00 PM IST | New York

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے اہم میزبان مقامات میں شامل سوفائی اسٹیڈیم کے ۲؍ ہزار سے زائد کارکنوں کی نمائندگی کرنے والی یونین نے ہڑتال کی اجازت دینے کے حق میں بھاری اکثریت سے ووٹ دے دیا ہے۔ یونین اور اسٹیڈیم آپریٹر لیجنڈز گلوبل کے درمیان نئے معاہدے پر مذاکرات ناکام ہونے کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا۔ یونین کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو کارکن کسی بھی وقت کام چھوڑ سکتے ہیں۔

America`s famous SoFi, Stadium. Photo: X
امریکہ کا معروفسوفائی اسٹیڈیم ۔ تصویر: ایکس

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے آغاز سے چند روز قبل امریکہ کے معروف SoFi Stadium میں مزدوروں اور انتظامیہ کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔ اسٹیڈیم میں کام کرنے والے ۲؍ ہزار سے زائد کارکنوں کی نمائندگی کرنے والی یونین UNITE HERE Local 11 نے ہڑتال کی اجازت دینے کے حق میں بھاری اکثریت سے ووٹ دے دیا ہے، جس سے ٹورنامنٹ کے انتظامات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔ یونین کے مطابق ہڑتال کی اجازت کے حق میں ۹۶؍ فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ اس فیصلے کے بعد کارکنوں کو اختیار حاصل ہو گیا ہے کہ اگر مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوئی تو وہ کسی بھی وقت کام بند کر سکتے ہیں۔ یونین کی نمائندگی کرنے والے بیشتر افراد رعایتی خدمات، خوراک اور مشروبات سے متعلق شعبوں میں کام کرتے ہیں، جن میں کیشیئرز، باورچی، ڈش واشرز، بارٹینڈرز، فوڈ اٹینڈنٹس اور دیگر عملہ شامل ہے۔

یہ بھی پڑھئے: جاپان:معمر ترین شیر ’’کائی‘‘ ۲۰؍ برس کی عمر میں فوت، فوکوکا چڑیا گھر میں سوگ

یونین اور اسٹیڈیم آپریٹر لیجنڈس گلوبل مرچنڈائزکے درمیان موجودہ معاہدہ پہلے ہی ختم ہو چکا ہے۔ دونوں فریقوں کے درمیان کئی دور کے مذاکرات ہوئے، تاہم نئے معاہدے پر اتفاقِ رائے نہ ہو سکا اور بات چیت کسی نتیجے کے بغیر ختم ہو گئی۔ یونین نے اپنی پریس ریلیز میں کہا کہ ’’سوفائی اسٹیڈیم کے کیشیئرز، ڈش واشرز، باورچی، بارٹینڈرز، کنسیشن ورکرز اور فوڈ اٹینڈنٹس نے ہڑتال کی اجازت دینے کے حق میں ۹۶؍ فیصد ووٹ دیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو کارکن کسی بھی وقت کام چھوڑ سکتے ہیں۔‘‘ یونین نے مزید بتایا کہ ’’امریکہ اور پیراگوئے کے درمیان ۱۲؍ جون کے میچ سے قبل پیر کے روز مذاکرات کا ایک اور دور ہوگا۔‘‘
فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے دوران سوفائی اسٹیڈیم، جسے ٹورنامنٹ کے لیے ’’لاس اینجلس اسٹیڈیم‘‘ کا نام دیا گیا ہے، اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ مقام مجموعی طور پر آٹھ میچوں کی میزبانی کرے گا، جن میں ۱۲؍ جون کو امریکہ اور پیراگوئے کے درمیان گروپ مرحلے کا اہم مقابلہ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ترکی، ایران، سوئزرلینڈ اور بلجیم سمیت کئی دیگر ٹیموں کے میچز بھی اسی اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔ رپورٹس کے مطابق یونین نے پہلے ہی فیفا کو ممکنہ ہڑتال کے اثرات سے آگاہ کر دیا ہے۔ معاملے کی حساسیت اس لیے بھی زیادہ ہے کیونکہ فیفا ورلڈ کپ کے دوران اسٹیڈیم میں کام کرنے والے تمام افراد کے لیے سیکوریٹی اور پس منظر کی جانچ لازمی قرار دیتا ہے۔ ایسی صورت میں اگر ہڑتال شروع ہوتی ہے تو متبادل کارکنوں کو فوری طور پر تعینات کرنا مشکل ہو سکتا ہے کیونکہ ان کی پیشگی منظوری موجود نہیں ہوگی۔
یونین نے ایک اور اہم مطالبہ بھی سامنے رکھا ہے۔ تنظیم نے فیفا سے درخواست کی ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے اہلکاروں کو مقامات کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے تاکہ کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ’’اگر وفاقی امیگریشن حکام اسٹیڈیم میں داخل ہوتے ہیں اور اس سے کارکنوں کی حفاظت کے حوالے سے معقول خوف پیدا ہوتا ہے تو کارکنوں کو کام چھوڑنے کا حق ہونا چاہیے۔ کسی بھی کارکن کو اپنی ملازمت اور اپنی آزادی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ایران سے معاہدہ ہوا تو خامنہ ای سے ملاقات اعزاز ہوگی، ٹرمپ کا عندیہ

یاد رہے کہ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء امریکہ، کنیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہو رہا ہے اور اسے تاریخ کا سب سے بڑا فیفا ورلڈ کپ قرار دیا جا رہا ہے۔ ایسے میں کسی بھی اہم میزبان مقام پر مزدوروں کی ممکنہ ہڑتال انتظامی اور آپریشنل چیلنجز پیدا کر سکتی ہے۔ اب تمام نظریں پیر کو ہونے والے مذاکرات پر مرکوز ہیں، جہاں فریقین کسی سمجھوتے تک پہنچنے کی کوشش کریں گے تاکہ ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل بحران کو ٹالا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK