Updated: July 26, 2026, 8:01 PM IST
| Los Angeles
مارول اسٹوڈیوز نے سان ڈیاگو کامک کان۲۰۲۶ء میں اپنی آئندہ فلموں کے سلسلے میں کئی بڑے اعلانات کئے، جن میں ’’اوینجرز: ڈومس ڈے‘‘، ’’گھوسٹ رائیڈر‘‘ اور’’ بلیک پینتھر۳‘‘نمایاں رہے۔ تقریب میں نئے بلیک پینتھر کے کردار، ریان گوسلنگ کی کاسٹنگ اور متعدد سپر اسٹارز کی واپسی نے مداحوں کا جوش دوچند کر دیا۔
ڈیوڈ جانسن اور ریان گوسلنگ۔ تصویر: آئی این این
مارول اسٹوڈیوز نے اس سال سان ڈیاگو کامک کان (SDCC) کے مشہور ہال ایچ (Hall H) میں ایک یادگار پریزنٹیشن پیش کی جس کی قیادت مارول اسٹوڈیوز کے صدر اور پروڈیوسر کیون فائگی نے کی۔ اس شاندار تقریب میں ’’ اوینجرز: ڈومس ڈے‘‘ پر ایک خصوصی میگا پینل، ریان گوسلنگ کی مرکزی کردار والی نئی فلم’’گھوسٹ رائیڈر‘‘کا اعلان، اور’’ بلیک پینتھر۳‘‘ سے متعلق بڑا انکشاف کیا گیا، جس میں ہدایت کار ریان کوگلر نے ڈیوڈ جانسن کو نئے’’ بلیک پینتھر‘‘ کے طور پر متعارف کرایا۔ فلم۱۵؍ دسمبر۲۰۲۸ء کو سنیماگھروں کی زینت بنے گی۔
یہ بھی پڑھئے: کچھ فلموں کی تشہیر کی، مگر دل سے نہیں چاہتا تھا کہ لوگ انہیں دیکھیں: ٹام ہالینڈ
’’اوینجرز: ڈومس ڈے‘‘
تقریب کا سب سے بڑا حصہ’’ اوینجرز: ڈومس ڈے‘‘ کے خصوصی میگا پینل پر مشتمل تھا، جس کی میزبانی کیون فائگی نے کی۔ انہوں نے ہدایت کار انتھونی روسو اور جو روسو کے ساتھ فلم کی کاسٹ کو اسٹیج پر مدعو کیا، جن میں آسکر ایوارڈ یافتہ رابرٹ ڈاؤنی جونیئر، کرس ایونز، پیڈرو پاسکل، پال رڈ، انتھونی میکی، سیمو لیو، جیمز مارسڈن، ڈیوڈ ہاربر، لیٹیشیا رائٹ، لوئس پل مین، کیلسی گرامر، ڈینی رامیرز، ونسٹن ڈیوک، ہینا جان کامن، ریبیکا رومین اور ٹینوچ ہورٹا میخیا شامل تھے۔ ہیلی ایٹویل نے بھی شرکت کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ ایک بار پھر پیگی کارٹر کے کردار میں نظر آئیں گی۔ مداحوں کیلئے تقریب کا ایک منفرد لمحہ وہ تھا جب رابرٹ ڈاؤنی جونیئر نے، جو اس فلم میں وکٹر وان ڈوم (ڈاکٹر ڈوم) کا کردار ادا کر رہے ہیں، حاضرین کو ڈاکٹر ڈوم کے ماسک اور چغے پہننے کی دعوت دی۔ ہر تماشائی کو ایک ماسک اور چغہ فراہم کیا گیا، جس سے پورا ہال ڈاکٹر ڈوم کے کرداروں سے بھر گیا۔
’’اوینجرز: ڈومس ڈے‘‘ میں تین مختلف کائناتوں کے معروف سپر ہیروز ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئیں گے اور ایسی ہولناک عالمی تباہی کا سامنا کریں گے جس جیسا خطرہ انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ فلم کی ہدایت کاری انتھونی اور جو روسو کر رہے ہیں، جبکہ اسے کیون فائگی، لوئس ڈی ایسپوزیٹو اور جوناتھن شوارٹز پروڈیوس کر رہے ہیں۔ فلم میں مذکورہ اداکاروں کے علاوہ کرس ہیمس ورتھ، فلورنس پگ، وینیسا کربی، ایبن موس-بیکراک، وائٹ رسل، چیننگ ٹیٹم، ایان میک کیلن، ٹام ہڈلسٹن، پیٹرک اسٹیورٹ، جوزف کوئن، سیبسٹین اسٹین، کیتھرین نیوٹن، ایلن کمنگ اور میبل کڈینا بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: دی اوڈیسی: میٹ ڈیمن کے ایکشن مناظر اسٹنٹ وومن نے کئے، ناظرین حیران
گھوسٹ رائیڈر
کیون فائگی نے تقریب کے دوران ایک اور بڑا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ مارول اسٹوڈیوز نے’’ گھوسٹ رائیڈر‘‘ پر نئی فلم کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے فلم کے مرکزی اداکار ریان گوسلنگ اور ہدایت کار شان لیوی کو اسٹیج پر مدعو کیا، جن کے آتے ہی ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ فلم ۲۰۲۸ءمیں سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی جبکہ اس کی کہانی جوناتھن ٹراپر تحریر کر رہے ہیں۔
اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے
تقریب کے دوران جان برنتھل نے بھی اچانک اسٹیج پر آ کر شائقین کو حیران کر دیا۔ انہوں نے کیون فائگی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ’’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘‘ میں ایک بار پھر فرینک کیسل/دی پنشر کے کردار میں نظر آئیں گے۔ حاضرین کو فلم کی ابتدائی جھلک بھی دکھائی گئی۔ سونی پکچرز کی یہ فلم۳۰؍ جولائی۲۰۲۶ء کوؤ سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: راون صرف ایک ویلن نہیں بلکہ نہایت پیچیدہ کردار ہے: یش
بلیک پینتھر۳
تقریب کے اختتام پر کیون فائگی نے آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایت کار ریان کوگلر کو اسٹیج پر مدعو کیا، جو ایک بار پھر’’ بلیک پینتھر۳‘‘ کی ہدایت کاری کریں گے۔ ریان کوگلر نے لیٹیشیا رائٹ اور ونسٹن ڈیوک کو بھی اسٹیج پر بلایا، جنہوں نے تصدیق کی کہ فلم۱۵؍ دسمبر۲۰۲۸ء کو ریلیز ہوگی۔ تقریب کا سب سے جذباتی اور حیران کن لمحہ اس وقت آیا جب ریان کوگلر نے اعلان کیا کہ اداکار ڈیوڈ جانسن نئی فلم میں بلیک پینتھر کا کردار ادا کریں گے۔