ٹرمپ نےکہاکہ تیسری دنیا کے کچھ ممالک جرائم سے بھرے ہوئے ہیں، انہیں اپنے عوام کی دیکھ بھال تک نہیں آتی تو امریکہ کو بھی ایسے لوگوں کی ضرورت نہیں
امریکہ کے صدر ٹرمپ پناہ گزینوں کے تعلق سے سخت پالیسی رکھتے ہیں۔ تصویر:آئی این این
امریکہ میں سیاسی پناہ کے حصول پر لمبے عرصے کیلئے پابندی لگائی جا رہی ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کا انتظامیہ سیاسی پناہ پر لمبے عرصے کیلئے پابندی لگانے کا ارادہ رکھتا ہے، ایئر فورس وَن میں صحافیوں سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ پابندی کب تک برقرار رہے گی اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ تیسری دنیا کے کچھ ممالک اچھے نہیں ہیں اور جرائم سے بھرے ہوئے ہیں، ایسے ممالک جنھیں اپنے عوام کی دیکھ بھال تک نہیں آتی تو امریکہ کو بھی ایسے لوگوں کی ضرورت نہیں ہے۔
جب صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ وہ کون لوگ ہیں، تو صدر نے کہا کہ ایسے لوگ جو مختلف ملکوں سے آتے ہیں، وہ ممالک جو ہمارے لیے دوستانہ نہیں ہیں اور وہ ممالک جو خود اپنے قابو میں نہیں ہیں۔انہوں نے تھرڈ ورلڈ ممالک کا حوالہ دیا اور یہ اصطلاح عام طور پر غریب اور کم ترقی یافتہ ملکوں کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا ’’میں نہیں سمجھتا کہ وہ سب تیسری دنیا ہیں لیکن بہت سے معاملات میں وہ واقعی تھرڈ ورلڈ ہیں۔ وہ اچھے ملک نہیں ہیں۔ وہ جرائم سے بھرے ہوئے ملک ہیں۔ وہ ایسے ملک ہیں جو اچھا کام نہیں کرتے۔ صاف بات یہ ہے کہ ہمیں ان کے لوگوں کی ضرورت نہیں جو ہمارے ملک میں آ کر ہمیں بتائیں کہ ہمیں کیا کرنا چاہئے۔واضح رہےکہ امریکی صدر ٹرمپ پناہ گزینوں کے تعلق سے سخت موقف رکھتے ہیں اور ان کا انتظامیہ تارکین وطن کے خلاف ہے۔