• Thu, 12 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ: ۱۰۲؍ سالہ دادا، ۸۹؍ سالہ دادی نے آن لائن کھانا منگوانا سیکھ لیا

Updated: November 12, 2026, 12:08 PM IST | New York

پوتی نے دادا دادی کو ’اوبر ایٹس‘ کے ذریعے کھانا منگوانے کی تربیت دی تو دادی نوٹ بک لے کر ہر بات لکھنے لگیں، جب کہ دادا نے ڈیلیوری کرنے والے کو دی جانے والی ٹِپ پر سوالات کیے۔ ویڈیو کو ۳؍ کروڑ ۶۰؍ لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا؛ اب دونوں خود بھی کھانے کے آرڈر دینے لگے ہیں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

عمر کے ۱۰۰؍ برس سے زیادہ گزر جانے کے باوجود نئی ٹیکنالوجی سیکھنے کا شوق کم نہیں ہوتا۔ امریکہ میں ایک ۱۰۲؍ سالہ دادا اور ۸۹؍ سالہ دادی نے اپنی پوتی سے آن لائن کھانا منگوانا سیکھ کر سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے ہیں۔ پوتی نے انہیں کھانے کی ڈیلیوری سروس ’اوبر ایٹس‘ استعمال کرنے کا طریقہ سمجھایا اور اس پورے تجربے کی ویڈیو ٹک ٹاک پر شیئر کردی۔ دیکھتے ہی دیکھتے ویڈیو وائرل ہوگئی اور اسے ۳؍ کروڑ ۶۰؍ لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا۔ اس دلچسپ واقعے نے عمر رسیدہ افراد میں سیکھنے کے جذبے اور نسلوں کے درمیان ٹیکنالوجی کے فرق پر بھی نئی گفتگو چھیڑ دی ہے۔ یہ کہانی فرانسسکا ریئٹی اور ان کے دادا جارج اور دادی اینی کی ہے۔ جارج کی عمر ۱۰۲؍  سال اور اینی کی ۸۹؍ سال ہے۔ دونوں نے خود اپنی پوتی سے درخواست کی تھی کہ انہیں آن لائن کھانا منگوانے کا طریقہ سکھایا جائے۔ فرانسسکا نے ان کی خواہش پوری کرنے کے لیے گھر میں ہی ایک مختصر تربیتی کلاس کا اہتمام کیا اور اسے مزاحیہ انداز میں ’اوبر ایٹس۱۰۱‘ کا نام دیا۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ دادا دادی کے آئی فون اتنے پرانے تھے کہ ان میں اوبر ایٹس کی ایپ ڈاؤن لوڈ نہیں ہورہی تھی۔ اس لیے پوتی نے انہیں ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر ویب سائٹ کے ذریعے کھانا منگوانا سکھانے کا فیصلہ کیا۔ فرانسسکا نے ویب براؤزر کھولنے، ریستوران تلاش کرنے، کھانے کا انتخاب کرنے، ڈیلیوری کا متوقع وقت دیکھنے اور منتخب کھانوں کو کارٹ میں شامل کرنے کے مراحل ایک ایک کرکے سمجھائے۔

اس دوران دادی اینی ایک نوٹ بک اور قلم لے کر بیٹھی تھیں اور ہر اہم بات لکھ رہی تھیں۔ وہ پوری توجہ سے پوتی کی ہدایات سن رہی تھیں اور درمیان میں سوالات بھی کررہی تھیں۔ ایک موقع پر فرانسسکا نے کمپیوٹر کی اسکرین کو چھو کر کچھ دکھانے کی کوشش کی تو انہیں معلوم ہوا کہ یہ ٹچ اسکرین ہے۔ اس پر وہ خود حیران رہ گئیں، کیونکہ دادی کو پہلے ہی اس بات کا علم تھا۔ اس چھوٹے سے واقعے نے ویڈیو کو مزید دلچسپ بنا دیا۔ دادی نے کھانے کے انتخاب میں خاص دلچسپی دکھائی اور پیزا، سوشی اور اسٹیک سمیت مختلف کھانوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ابتدائی مشق کے لیے مورٹن اسٹیک ہاؤس کا انتخاب کیا۔ دادا جارج نے بھی اپنی طرف سے سوالات کیے، خاص طور پر ڈیلیوری کرنے والے شخص کو دی جانے والی ٹِپ کے بارے میں۔ فرانسسکا نے انہیں بتایا کہ آن لائن آرڈر کے وقت ٹِپ کی رقم بھی منتخب کی جاسکتی ہے۔ 
اس کے بعد پوتی نے دادا دادی کو خود آرڈر دینے کی مشق بھی کرائی۔ ایک ویڈیو میں دادی اینی اسٹیک منگوانے کے لیے ایک دوسرے مقامی ریستوران کی تلاش کررہی تھیں، لیکن دونوں کو اس کا نام یاد نہیں آرہا تھا۔ اس موقع پر اینی نے مزاحیہ انداز میں کہا، ’’میرا دماغ تو چھلنی کی طرح ہے، یہ جگہ ہزار سال سے موجود ہے۔ وہاں صرف نقد رقم قبول کرتے ہیں، ممکن ہے وہ اوبر کے ساتھ کام بھی نہ کرتے ہوں۔‘‘ ان کے اس جملے نے بھی سوشل میڈیا صارفین کو خوب محظوظ کیا۔ جب فرانسسکا نے دادا دادی کو بتایا کہ ان کی تربیتی ویڈیو لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں تو دادی اینی نے اس خبر کو بھی سنجیدگی سے لیا۔ وہ فوراً نوٹ بک لے کر بیٹھ گئیں اور ویڈیو کے ویوز سمیت دیگر اعداد و شمار لکھنے لگیں تاکہ جب دادا جاگیں تو انہیں بھی پوری تفصیل بتاسکیں۔ بعد میں تینوں نے مل کر واقعی اوبر ایٹس سے کھانے کا آرڈر دیا۔ اس مرتبہ کمپیوٹر کے سامنے دادا جارج بیٹھے اور انہوں نے اسٹیک، دیگر کھانے اور میٹھے کا انتخاب کیا۔ آرڈر کی تصدیق سے پہلے انہوں نے پوری فہرست بلند آواز میں پڑھی اور ڈیلیوری کرنے والے کے لیے ۱۰؍ فیصد ٹِپ مقرر کی۔ دادی اینی نے کہا کہ ریستوران میں وہ ۲۰؍ فیصد ٹِپ دیتیں، لیکن گھر پر کھانا پہنچانے والے کے لیے ۱۰؍ فیصد مناسب ہے۔ آرڈر مکمل ہونے پر انہوں نے خوشی سے کہا، ’’یہ تو بہت شاندار ہے، مجھے اوبر ایٹس پسند آگیا!‘‘

یہ بھی پڑھئے: ایلون مسک کا دعویٰ، مصنوعی ذہانت سے ہر شخص اپنا محل بنا سکے گا

اس تجربے کا سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوا۔ دونوں بزرگ اب خود بھی آن لائن کھانا منگوانے لگے ہیں۔ ایک بعد کی ویڈیو میں دادی اینی نے بتایا کہ انہوں نے تھائی کھانا منگوایا تھا اور اس میں سے اتنا کھانا بچ گیا کہ اگلے دن کے لیے بھی رات کا کھانا تیار ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ بچا ہوا اسپرنگ رول، ساس، مینگو سلاد اور گوشت و سبزیوں کی ڈش اگلے دن بھی کھائی گئی۔ ان کے مطابق ایک آرڈر سے دو راتوں کا کھانا مل جانا بھی خاصا اچھا تجربہ ہے۔ فرانسسکا نے اپ ورتھی کو بتایا کہ ان کے دادا دادی فطری طور پر مثبت سوچ رکھنے والے اور متجسس افراد ہیں، جو اب بھی نئی چیزیں سیکھنے کے لیے پرجوش رہتے ہیں۔ ان کے مطابق ویڈیوز دیکھنے والے کئی افراد نے بتایا کہ اس تجربے نے انہیں اپنے بزرگ رشتے داروں کو فون کرنے یا ان کے ساتھ وقت گزارنے کی ترغیب دی۔ بعض افراد نے اپنے والدین اور دادا دادی کو ٹیکنالوجی سکھانے کے تجربات بھی شیئر کیے۔ ان ویڈیوز کی مقبولیت کے بعد فرانسسکا کی اوبر کے نمائندوں سے بھی بات چیت شروع ہوئی ہے۔ ان کا خیال ہے کہ کمپنی بزرگ شہریوں کے لیے خصوصی تربیتی کلاسیں یا معلوماتی نشستیں منعقد کرسکتی ہے، جہاں انہیں صبر اور آسان طریقے سے ڈیجیٹل سہولتیں استعمال کرنا سکھایا جائے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ۱۰۲؍ سالہ جارج پہلے ہی غیر معمولی طور پر فعال زندگی گزار رہے ہیں۔ وہ خاندان کے تعمیراتی کاروبار میں ہفتے کے چار دن کام کرتے ہیں اور مٹی کے برتن بنانے کا شوق بھی رکھتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK