• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ کے شمالی ترین شہر میں ۶۵؍ دن تک سورج طلوع نہیں ہوگا

Updated: November 22, 2026, 4:02 PM IST | Utqiagvik

امریکہ کی ریاست الاسکا میں واقع شمالی ترین آبادی اُٹکیاؤک میں سورج نے سال ۲۰۲۶ء کا آخری غروبِ آفتاب دیکھا ہے۔ اب یہاں کے باشندوں کو تقریباً ۶۵ دن تک سورج طلوع ہوتا دکھائی نہیں دے گا۔ قطبی علاقوں میں پیش آنے والے اس حیرت انگیز قدرتی مظہر کو ’پولار نائٹ‘ کہا جاتا ہے، جس کے دوران طویل عرصے تک سورج افق سے نیچے رہتا ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

امریکہ کی شمالی ترین آبادی اُٹکیاؤک (Utqiagvik) میں سال ۲۰۲۶ء کا آخری غروبِ آفتاب ہوچکا ہے۔ الاسکا میں واقع اس شہر کے باشندوں کو اب مسلسل ۶۵؍ دن تک سورج طلوع ہوتا دکھائی نہیں دے گا۔ سورج ۲۳؍ جنوری ۲۰۲۷ء کو دوبارہ طلوع ہوگا۔ یہ قدرتی مظہر قطب شمالی کے قریبی علاقوں میں ہر سال موسمِ سرما کے دوران پیش آتا ہے اور اسے ’’پولار نائٹ‘‘ (Polar Night) کہا جاتا ہے۔ سابقہ نام بیرو (Barrow) سے معروف اُٹکیاؤک میں ۱۸؍ نومبر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً ایک بج کر ۴۲؍ منٹ پر سال کا آخری غروبِ آفتاب ہوا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سورج اس سے محض ایک گھنٹہ قبل طلوع ہوا تھا، جس کے نتیجے میں شہر کے باشندوں کو پورے دن میں تقریباً ۶۰؍ منٹ کی دھوپ میسر آئی۔ اب ۱۹؍ نومبر سے ۲۲؍ جنوری تک سورج افق سے اوپر نہیں آئے گا۔ یہ شہر بحرِ منجمد شمالی کے ساحل پر واقع ہے اور قطب شمالی کے دائرے سے تقریباً ۳۲۰؍ میل شمال میں آباد ہے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ کے بعد برطانیہ میں بھی انتھروپک کے خلاف احتجاج

پولار نائٹ کیا ہے؟

پولار نائٹ زمین کے محوری جھکاؤ کی وجہ سے رونما ہوتی ہے۔ زمین کا محور تقریباً۳۳ء۵؍ ڈگری جھکا ہوا ہے۔ شمالی نصف کرے میں موسمِ سرما کے دوران قطب شمالی کا علاقہ سورج سے مخالف سمت میں جھک جاتا ہے، جس کے باعث وہاں سورج طویل عرصے تک افق سے نیچے رہتا ہے۔ کسی علاقے کا محلِ وقوع جتنا زیادہ شمال میں ہوگا، وہاں سورج کے طلوع نہ ہونے کا دورانیہ اتنا ہی طویل ہوگا۔ تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ شہر میں دن رات مکمل اندھیرا چھایا رہتا ہے۔ سورج افق کے قریب پہنچنے کے باعث دوپہر کے وقت چند گھنٹوں تک ہلکی روشنی پھیلتی ہے، جسے سول ٹوائی لائٹ (Civil Twilight) کہا جاتا ہے۔ امریکی نیول آبزرویٹری کے فلکیاتی حسابات کے مطابق دسمبر میں موسمِ سرما کے انقلاب (Winter Solstice) کے آس پاس یہاں تقریباً تین گھنٹے تک گہری نیلگوں یا گلابی روشنی دکھائی دیتی ہے۔ باقی وقت آسمان تاریک رہتا ہے، تاہم چاندنی، ستارے اور کبھی کبھار شمالی روشنیاں (Northern Lights) اس علاقے کو روشن کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان تجارت اور نوجوانوں کی آمدورفت پر تاریخی معاہدہ

بغیر دھوپ کے زندگی

اُٹکیاؤک کی آبادی تقریباً پانچ ہزار افراد پر مشتمل ہے، جن میں بڑی تعداد مقامی اِنُوپیئٹ (Inupiat) برادری سے تعلق رکھتی ہے۔ ان کے آباؤ اجداد ہزاروں برس سے اس خطے میں آباد ہیں۔ طویل تاریکی اور شدید سردی کے باوجود یہاں معمولاتِ زندگی جاری رہتے ہیں۔ اسکول کھلے رہتے ہیں، کاروبار چلتے ہیں اور لوگ اپنے روزمرہ کاموں، شکار اور سماجی سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں۔ موسمِ سرما میں درجۂ حرارت اکثر صفر ڈگری سے بہت نیچے چلا جاتا ہے، جب کہ تیز آرکٹک ہوائیں سردی کی شدت میں مزید اضافہ کرتی ہیں۔ اس کے برعکس موسمِ گرما میں یہاں ’’مڈنائٹ سن‘‘ (Midnight Sun) کا مظہر دیکھنے کو ملتا ہے، جب سورج دو ماہ سے زیادہ عرصے تک مسلسل افق کے اوپر رہتا ہے اور ۲۴؍ گھنٹے دن کی روشنی میسر رہتی ہے۔

۲۳؍ جنوری ۲۰۲۷ء کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً ایک بج کر ۳؍ منٹ پر سورج دوبارہ طلوع ہوگا۔ ابتدا میں یہ محض ایک گھنٹے سے کچھ زیادہ وقت تک دکھائی دے گا، تاہم موسمِ بہار قریب آنے کے ساتھ دن کی روشنی میں بتدریج اضافہ ہوتا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK