نجکاری کے خلاف بجلی ملازمین کی ۲۹؍مئی سے ہڑتال کے اعلان پرمحکمہ سخت، کارروائی کا انتباہ۔
EPAPER
Updated: May 27, 2025, 12:41 PM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow
نجکاری کے خلاف بجلی ملازمین کی ۲۹؍مئی سے ہڑتال کے اعلان پرمحکمہ سخت، کارروائی کا انتباہ۔
اترپردیش میں بجلی ملازمین کی ہڑتال کے اعلان سے محکمہ توانائی کی پیشانی پر بل آگیا ہے۔ محکمہ نے ۵؍ ہزارسے زائد انجینئروں کو نوٹس بھیجا ہے اور انتباہ دیا ہے کہ کام کاج کے بائیکاٹ میں شامل ہونے پر کارروائی کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ کی جانب سے سبھی طرح کی چھٹیوں پر روک لگادی گئی ہے، حالانکہ حکومت نے متبادل انتظام کے طورپر آئی ٹی آئی اور پالی ٹیکنک کے ۲۰۰۰؍طلبہ کوایمرجنسی کے حالات میں کام سنبھالنے کے لئے تیاربھی کیا ہے۔ نجکاری کے خلاف یوپی میں بجلی ملازمین نے ۲۹؍ مئی سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کااعلان کیا ہے۔ دراصل، پوروانچل اور دکشنانچل الیکٹریسٹی ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کی نجکاری کے خلاف بجلی ملازمین میں کافی غصہ ہے اور ان کےگزشتہ احتجاج کے دوران نجکاری کے خلاف د یئے جانے والے بیانات کو محکمہ نےبے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے پاور کارپوریشن اور حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج تصور کیا ہے۔ ملازمین کو ڈرانے اور ان کی آواز کو دبانے کےلئے اتر پردیش پاور کارپوریشن لمیٹڈ نے ریاست کے ۵۰۰۰؍ سے زیادہ انجینئروں کو نوٹس بھیج کر اس ہڑتال میں شرکت نہ کرنے کی وارننگ دی ہے۔ پاورکارپوریشن نے کہا کہ ۲۹؍ مئی سےکام کے بائیکاٹ کا اعلان ایک طرح سے غیر معینہ ہڑتال ہی ہے۔ اس سے ریاست کی بجلی کی فراہمی پر منفی اثر پڑنے کا امکان ہے۔ اگر انجینئر اس احتجاج میں شریک ہوں گے، یا دوسروں کو اس میں شامل ہونے کے لئے اکسائیں گے اور بجلی کی سپلائی میں خلل پڑتا ہے تو اسے سماج مخالف فعل سمجھتے ہوئے سخت محکمہ جاتی اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔ کارپوریشن کا کہنا ہے کہ ۲۰؍ اور ۲۱؍ مئی کو شکتی بھون میں ہونے والے احتجاج میں بھی کئی انجینئروں نے حصہ لیا تھا، اس کی تصدیق ویڈیو گرافی سے ہو رہی ہے، حالانکہ سنگھرش سمیتی کے کنوینر شیلیندر دوبے کا کہنا ہے کہ جو انجینئر گزشتہ ۶؍ ماہ میں ایک بار بھی شکتی بھون نہیں گئےہیں، انہیں بھی نوٹس دیا گیا ہے۔ دوسری جانب احتیاطی اقدامات کے تحت محکمہ نے ایک متبادل انتظام بھی کیا ہے اور پالی ٹیکنک و گورنمنٹ آئی ٹی آئی کے طلبہ کے تقریباً ۲؍ہزار طلبہ کوایمرجنسی خدمات کیلئے تیارکیا ہے اورمحکمہ بجلی میں ہر قسم کے چھٹیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ حکومت کی ہدایت پر اتر پردیش الیکٹریسٹی کارپوریشن لمیٹڈ کے چیئرمین آشیش گوئل نے بجلی محکمہ کے تمام افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہڑتال کے پیش نظر اب سے متبادل انتظامات کی تیاری شروع کر دیں اورمحکمہ میں اگلے احکامات تک ہر قسم کی چھٹیوں پر پابندی عائد رہےگی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ماتحت افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ چھٹی پر جانے والے تمام ملازمین کو کام پر واپسی سے متعلق خطوط فوری طور جاری کریں۔