اتراکھنڈ میں اترکاشی کی سلکیارا سرنگ میں پھنسے۴۰؍ مزدوروں کو نکالنے کی کوششیں پانچویں دن بھی جاری رہیں۔سلکیارا سرنگ کے اندرگزشتہ۴؍ دنوں سے مزدور پھنسے ہوئے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 17, 2023, 9:42 AM IST | Agency | Uttarkashi
اتراکھنڈ میں اترکاشی کی سلکیارا سرنگ میں پھنسے۴۰؍ مزدوروں کو نکالنے کی کوششیں پانچویں دن بھی جاری رہیں۔سلکیارا سرنگ کے اندرگزشتہ۴؍ دنوں سے مزدور پھنسے ہوئے ہیں۔
اتراکھنڈ میں اترکاشی کی سلکیارا سرنگ میں پھنسے۴۰؍ مزدوروں کو نکالنے کی کوششیں پانچویں دن بھی جاری رہیں۔ سلکیارا سرنگ کے اندرگزشتہ۴؍ دنوں سے مزدور پھنسے ہوئے ہیں۔ انہیں بچانے کیلئے ایک بھاری آگر مشین سے ڈرلنگ کا کام کیاجارہا ہے۔مزدوروںکو نکالنے کی جاری کارروائی کے درمیان وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے جمعرات کو کہا کہ اتراکھنڈ میں تعمیر کی جانے والی تمام سرنگوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ دھامی نے کہا’’ `نیشنل ہائی ویز اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (این ایچ آئی ڈی سی ایل) جو روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کی وزارت کے تحت ہے، سرنگ کی نگرانی کر رہی تھی۔ ہمیں ایسی سرنگوں کی ضرورت ہے اور ان میں سے کئی زیر تعمیر ہیں۔ جہاں کہیں بھی ایسی سرنگیں بن رہی ہیں ہم ان کا جائزہ لیں گے۔بتایاجارہا ہےکہ ابھی بھی سرنگ میں پھنسے مزدوروں کو نکالنے کیلئے ۲؍دن کا وقت لگے گا ۔اس دوران بچاؤ کارروائی کیلئے ہندوستانی فضائیہ کے تین خصوصی طیارے۲۵؍ٹن وزنی مشینوں کو لے کر پہنچے۔ ان مشینوں کی مدد سے ہر گھنٹے پانچ میٹر تک ملبا نکالا جا رہا ہے تاکہ۹۰۰؍ ایم ایم کا پائپ دوسری طرف پہنچایا جا سکے۔جمعرات کو وزیر مملکت برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز اور سابق آرمی چیف جنرل وی کے سنگھ بھی بچاؤ کارروائی کا جائزہ لینے پہنچے۔
فضائیہ کے ہرکیولیس طیارے کے ذریعے تین کھیپوں میں لائی گئی آگر مشینوں کو چنیالیسوڑ ہوائی اڈے پر اتارا گیا۔ اس مشین کو گرین کوریڈور کے ذریعے موقع پر پہنچایا گیا۔ نئی دہلی کے ہندن ایئربیس سے نئی مشین کے پرزہ جات لے کر فضائیہ کا پہلا ہرکیولیس طیارہ بدھ کو دوپہر ایک بجے کے قریب ایئرپورٹ پر اترا جس کے بعد مشین کے پرزوں کو ٹرک کے ذریعے شام پونے۴؍ بجے سلکیارا ٹنل تک پہنچایا گیا۔راحت اور بچاؤ مشن کے انچارج کرنل دیپک پاٹل نے بتایا کہ امریکہ میں بنائی گئی جیک اینڈ پش ارتھ آگر مشین بہت جدید ہے جو بہت تیزی سے کام کرے گی۔ اب ملٹری آپریشن ٹیم بھی ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں شامل ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ فضائیہ اور فوج بھی ریسکیو آپریشن میں مدد کر رہی ہے۔ آئی ٹی بی پی اور این ڈی آر ایف کی ٹیموںکو بھی بلایاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ناروے اور تھائی لینڈ کی خصوصی ٹیموں کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔ ریسکیو ٹیم نے تھائی لینڈ کی ایک ریسکیو کمپنی سے رابطہ کیا ہے۔ کچھ عرصہ قبل اسی کمپنی نے تھائی لینڈ کے غار میں پھنسے بچوں اور ان کے فٹ بال کوچ کو بچایا تھا۔