• Sat, 07 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پہلی سہ ماہی میں گاڑیوں کی برآمدات میں بہتری

Updated: July 15, 2024, 1:59 PM IST | Agency | New Delhi

ایس آئی اے ایم کے اعدادوشمار کے مطابق گاڑیوں کی برآمدات میں سالانہ کی بنیاد پر ۱۵ء۵؍ فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

As the manufacturing of vehicles in the country has improved, exports have also increased. Photo: INN
ملک میں گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ بہتر ہونے کے ساتھ ہی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ تصویر : آئی این این

جون میں ختم ہونے والی رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک سے گاڑیوں کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر ۱۵ء۵؍ فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ۳؍ پہیہ گاڑیوں کے علاوہ باقی تمام گاڑیوں کی برآمدات میں بھی اضافہ درج کیا گیا ہے۔ یہ معلومات گاڑیاں بنانے والوں کی تنظیم سوسائٹی آف انڈین آٹوموبائل مینوفیکچررس (ایس آئی اے ایم) کے ڈیٹا سے ملی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی یکم اپریل تا ۳۰؍ جون سہ ماہی میں گاڑیوں کی کل برآمدات ۱۱۹۲۵۷۷؍ یونٹس رہی جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی سہ ماہی میں ۱۰۳۲۴۴۹؍ یونٹس کے اعداد و شمار سے۱۵ء۵؍ فیصد زیادہ ہے۔ پہلی سہ ماہی میں مسافر گاڑیوں کی برآمدات ۱۹؍ فیصد بڑھ کر۱۸۰۴۸۳؍یونٹس ہوگئیں۔ یہ تعداد گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی میں ۱۵۲۱۵۶؍ یونٹس تھی۔ 
 ملک کی معروف آٹو موبائل کمپنی ماروتی سوزوکی انڈیا زیر جائزہ مدت کے دوران ۶۹۹۶۲؍ یونٹس کی برآمدات کے ساتھ سب سے آگے رہی۔ پچھلے مالی سال کی اسی سہ ماہی میں ماروتی نے ۶۲۸۵۷؍ گاڑیاں برآمد کی تھیں۔ ہیونڈئی موٹرس کی برآمدات اپریل-جون میں ۴۲۶۰۰؍ یونٹس رہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایم ٹی این ایل کے کام کاج کو بی ایس این ایل کو سونپنے پرغوروخوض

گزشتہ سال اسی عرصے میں ہیونڈئی کمپنی نے ۳۵۱۰۰؍ یونٹس برآمد کئے تھے۔ اس سہ ماہی کے دوران ملک سے دو پہیہ گاڑیوں کی برآمدات ۱۷؍ فیصد بڑھ کر۹۲۳۱۴۸؍ یونٹس ہوگئیں، جو ایک سال پہلے کی مدت میں ۷۹۱۳۱۶؍ یونٹس تھیں۔ اس عرصے کے دوران کمرشیل گاڑیوں کی برآمدات سالانہ بنیادوں پر۸؍ فیصد اضافے سے ۱۵۷۴۱؍ یونٹس تک پہنچ گئیں۔ ایک سال پہلے کی اسی مدت میں یہ تعداد۱۴۶۲۵؍یونٹس تھی۔ 
 زیر جائزہ سہ ماہی میں ۳؍ پہیوں کی برآمدات ۳؍ فیصد کم ہو کر ۷۱۲۸۱؍ یونٹ رہ گئیں۔ ایک سال قبل اسی سہ ماہی میں ۷۳۳۶۰؍ تھری وہیلر برآمد کئے گئے تھے۔ ایس آئی اے ایم کے صدر ونود اگروال نے کہا کہ یہ صنعت کے لئے اچھی علامت ہے کہ برآمدات کے اعداد و شمار بہتر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ’’میرے خیال میں یہ ایک بہت اچھی علامت ہے کہ برآمدات اپنی نچلی سطح سے بحال ہوئی ہیں، خاص طور پر کمرشیل گاڑیوں کے شعبے میں۔ ترقی اس سال کی پہلی سہ ماہی سے نظر آنا شروع ہو گئی ہے۔ 
 اگروال نے کہا کہ پچھلے سال تک ٹرکوں اور بسوں کی برآمد میں زبردست کمی آئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ ’’پہلی سہ ماہی دو پہیہ گاڑیوں اور مسافر گاڑیوں کیلئے بھی اچھی رہی ہے۔ ہم بہت مثبت ہیں کہ برآمدات بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ ‘‘مالی سال۲۴۔ ۲۰۲۳ء میں ہندوستان سے گاڑیوں کی ایکسپورٹس میں ۵ء۵؍ فیصد کی کمی واقع ہوئی تھی جس کی وجہ مختلف بیرونی بازاروں میں مالیاتی بحران ہے۔ گزشتہ مالی سال میں گاڑیوں کی کل برآمدات۴۵۰۰۴۹۲؍یونٹس تھیں جبکہ گزشتہ مالی سال ۲۳۔۲۰۲۲ء میں یہ تعداد ۴۷۶۱۲۹۹؍ یونٹس تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK