• Wed, 10 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

وینزویلا کی لیڈر ماریا کورینا ماچاڈو نوبیل انعام کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گی: نوبیل انسٹی ٹیوٹ

Updated: December 10, 2025, 6:02 PM IST | Oslo/Caracas

گزشتہ ماہ وینزویلا کے اٹارنی جنرل طارق ولیم صعب نے خبردار کیا تھا کہ اگر ماچاڈو ناروے کا سفر کرتی ہیں تو ان کے ساتھ ”مفرور“ جیسا سلوک کیا جائے گا۔

Maria Corina Machado. Photo: X
ماریا کورینا ماچاڈو۔نتصویر: ایکس

نوبیل انعامات کا اعلان کرنے والی نوبیل انسٹی ٹیوٹ نے تصدیق کی ہے کہ لاطینی ملک وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا ماچاڈو بدھ کو اپنا نوبیل امن انعام وصول کرنے کیلئے اوسلو میں حاضر نہیں ہوگی۔ اس طرح ان قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا کہ آیا وہ کاراکس کی دھمکیوں کے باوجود ناروے کا سفر کرنے کی کوشش کریں گی۔ یورپی ملک ناروے کے دارالحکومت اوسلو کے سٹی ہال میں منعقد ہونے والی تقریب سے قبل نوبل انسٹی ٹیوٹ کے ترجمان ایرک آسہیم نے خبررساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ”وہ تقریب میں نہیں آرہی ہیں۔“ 

یہ بھی پڑھئے: سوڈانی حکومت : آر ایس ایف خطے میں نسل کشی کررہا ہے، بین الاقوامی مداخلت کی اپیل

واضح رہے کہ ۵۸ سالہ ماچاڈو اگست ۲۰۲۴ء سے روپوش ہیں اور ریاستی ظلم و ستم کی وجہ سے اپنے تمام سفری منصوبوں کو خفیہ رکھتی ہیں۔ گزشتہ ماہ ماچاڈو کے ملک چھوڑنے پر پابندی لگادی گئی تھی اور وینزویلا کے اٹارنی جنرل طارق ولیم صعب نے خبردار کیا تھا کہ اگر وہ ناروے کا سفر کرتی ہیں تو ان کے ساتھ ”مفرور“ جیسا سلوک کیا جائے گا۔

وینزویلا کے حکام نے ماچاڈو پر ملک کو غیر مستحکم کرنے کا الزام لگایا ہے جبکہ ماچاڈو کا کہنا ہے کہ جولائی ۲۰۲۴ء کے انتخابات میں انہیں حصہ لینے سے روکا گیا تھا جس کے بعد صدر نکولس مادورو نے انتخابات میں ”دھاندلی کی۔“ فی الحال، وہ وینزویلا میں ہی موجود ہیں لیکن ان کی والدہ، تین بہنیں اور بیٹی سمیت ان کے کئی رشتہ دار نوبیل تقریب میں شرکت کرنے کیلئے اوسلو پہنچ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ۲۰۲۵ء میں ہلاک ہونے والے نصف صحافیوں کی موت کا ذمہ دار اسرائیل: رپورٹ

نوبیل انعام کی تقریب کیریبین میں امریکہ کی فوجی طاقت میں اضافے اور واشنگٹن کے بقول منشیات اسمگلنگ کرنے والے بحری جہازوں پر ہلاکت خیز حملوں کے سلسلے کے درمیان منعقد ہورہی ہے۔ ماچاڈو نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اقدامات کی عوامی طور پر حمایت کی ہے۔ دریں اثنا، وینزویلین صدر مادورو کا اصرار ہے کہ واشنگٹن کا اصل مقصد حکومتی تبدیلی اور وینزویلا کے وسیع تیل کے ذخائر پر کنٹرول حاصل کرنا ہے۔ ان کی حکومت نے ماچاڈو کے نوبل انعام اور امریکہ کے ساتھ ان کی ہم آہنگی کو کاراکس کو کمزور کرنے کی ایک وسیع بین الاقوامی مہم کا حصہ قرار دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK